Anti Aging Make Up - Article No. 2535

Anti Aging Make Up

اینٹی ایجنگ میک اپ - تحریر نمبر 2535

بڑھتی عمر میں جہاں چہرے کی دلکشی اور جاذبیت میں کمی آتی ہے،وہیں اگر خیال نہ رکھا جائے تو چہرے کی جلد پر جھریاں بھی نمودار ہو جاتی ہیں

پیر 1 مارچ 2021

راحیلہ مغل
بڑھتی عمر میں جہاں چہرے کی دلکشی اور جاذبیت میں کمی آتی ہے،وہیں اگر خیال نہ رکھا جائے تو چہرے کی جلد پر جھریاں بھی نمودار ہو جاتی ہیں۔ان جھریوں سے خوفزدہ ہونے کے بجائے ان کا مقابلہ کرنا سیکھیں،جس طرح قدرتی ماسک اور طریقے ان جھریوں سے نمٹنے میں مددگار ہوتے ہیں بالکل اسی طرح کچھ میک اپ ٹرکس بھی ایسی ہیں،جن پر عمل کرکے جھریوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
خواتین چاہے عمر کے کسی بھی حصے میں ہوں،میک اپ کا استعمال ضروری سمجھتی ہیں کیونکہ میک اپ حسن میں مزید چار چاند جو لگا دیتا ہے۔اسی لئے ہم آج آپ سے کچھ ایسی میک اپ ٹرکس شیئر کرنے جا رہے ہیں،جو نہ صرف بڑھتی عمر کے اثرات کو چھپائیں گی بلکہ ان طریقوں پر عمل کرتے ہوئے آپ بھی کسی کم عمر لڑکی کی طرح جاذب نظر،پُرکشش اور پرفیکٹ لک حاصل کر سکتی ہیں۔

(جاری ہے)


موئسچرائزر
کم عمر میں آپ نے موئسچرائزر کا استعمال کیا ہو یا نہیں،لیکن 30 سال کی عمر کے بعد اس کا استعمال آپ کی جلد کے لئے بے حد ضروری ہے۔ میک اپ سے قبل موئسچرائزر لازمی استعمال کریں،ایسا موئسچرائزر لگائیں جو چہرے کی جلد پر دیر تک قائم رہے۔روزانہ چہرے کی کلینزنگ اور موئسچرائزنگ کرنے سے بڑھتی عمر کے اثرات بھی کم ہوتے ہیں۔
کیونکہ اس عمل سے چہرے کی جلد میں موجود ریڈیکلز،جو کہ عمر بڑھنے کا سبب ہوتے ہیں ان کا عمل سست ہو جاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ماہرین کلینزنگ کے بعد چہرے کی جلد کو موئسچرائزنگ سے ڈھانپنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
فاؤنڈیشن
بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ آپ کو فاؤنڈیشن کے استعمال میں بھی تبدیلی لانی ہو گی کیونکہ ایک خاص عمر گزرنے کے بعد آپ کے چہرے پر شکنیں نمایاں ہونے لگتی ہیں۔
اس لئے بیوٹی ایکسپرٹس کی رائے کے مطابق فاؤنڈیشن کے انتخاب میں غلطی نہ کریں۔ہلکے فاؤنڈیشن کا استعمال کریں،فاؤنڈیشن ہلکا ہو تو یہ نظر کم آتا ہے اور آسانی سے دانوں کے نشانات کو بھی چھپا دیتا ہے ،تاہم بھاری فاؤنڈیشن چہرے پر زیادہ واضح ہوتا ہے۔میک اپ آرٹسٹ بڑی عمر کی خواتین کو پنک کے بجائے یلو فاؤنڈیشن کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔
ان کے مطابق یلو فاؤنڈیشن چہرے پر کم اور ہلکا محسوس ہوتا ہے،اس کو لگانے کے بعد چہرے کی جلد جواں عمر محسوس ہوتی ہے۔
لیکویڈ کنسیلر
کنسیلر تمام عمر کی خواتین کے لئے چہرے کی خامیاں مثلاً داغ دھبے اور جھائیاں چھپانے کا موٴثر طریقہ ہے۔یہ آپ کی میک اپ کٹ کا وہ اہم جزو ہے،جو چہرے کی ہر خامی کو خوبی میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے لیکن بڑی عمر کی خواتین کے لئے لیکویڈ کنسیلر کا استعمال بہترین ثابت ہوتا ہے۔
بیوٹی ایکسپرٹس بڑی عمر کی خواتین کو لیکویڈ کنسیلر استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں،کیونکہ لیکویڈ لائنر جھریوں میں جم کر لائنیں نہیں بننے دیتا۔ساتھ ہی اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ کنسیلر کا فاؤنڈیشن کے شیڈ سے ایک درجہ کم ہونا چاہئے۔
براؤن آئی لائنر
اگرچہ آپ کالج لائف میں روزانہ کی بنیادوں پر بلیک آئی لائنر کا استعمال کرتی آئی ہوں گی لیکن بڑھتی عمر کے ساتھ آئی لائنر کے رنگوں کا انتخاب کریں،یہ آپ کی آنکھوں کی خوبصورتی اور دلکشی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

گیلا اسفنج
میک اپ آرٹسٹ کے مطابق بڑی عمر کی خواتین فاؤنڈیشن لگانے کے لئے گیلے اسفنج کا استعمال کریں۔گیلے اسفنج پر فاؤنڈیشن کی تھوڑی سی مقدار لے کر ہاتھ پر گرائیں اور پھر ہلکے ہلکے اسے چہرے پر لگائیں۔بہت زیادہ فاؤنڈیشن کا استعمال نہ کریں،ضرورت پڑے تو انگلیوں کو بھی فاؤنڈیشن بلینڈ کرنے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

نقوش کا خاص خیال رکھیں
بڑھتی عمر کی خواتین دوران میک اپ چہرے کی ساخت اور نقوش کا خاص خیال رکھیں مثلاً رخسار کی ہڈی ابھارنے کی کوشش کریں، ہلکے یا درمیانے شیڈ کا فاؤنڈیشن یا بلش آن رخسار کی ہڈی پر لگائیں،اس سے چہرہ نمایاں ہو گا اور چہرے کی جلد پر پڑنے والی جھریاں بھی چھپ جائیں گی۔ہونٹوں پر بھی خاص دھیان دیں اگر آپ کے ہونٹوں کی سائیڈ پر لکیریں بن گئی ہیں تو انھیں فاؤنڈیشن اور کنسیلر کی مدد سے چھپایا جا سکتا ہے۔

آئی شیڈو بیس
آنکھ جسم کا وہ حصہ ہے جہاں عمر کے اثرات سب سے زیادہ نمایاں ہوتے ہیں،اس لئے اگر پرائمر فاؤنڈیشن اور کنسیلر کے بعد بھی آپ کی آنکھوں کی شکنیں موجود ہیں تو آئی شیڈو بیس کا انتخاب کریں۔
ہلکے رنگ کی آئی برو پینسل
آئی برو فلنگ کرنا ہو تو کوشش کریں کہ آپ آئی برو ہیئر سے ہم رنگ آئی برو پینسل کا انتخاب کریں،ہلکے رنگ کی آئی برو پینسل چہرے کو سوفٹ اور قدرتی انداز دے گی۔

لپ اسٹک کا انتخاب
ایسی لپ اسٹک کا استعمال کریں،جس کے فارمولے میں موئسچرائزر استعمال کیا گیا ہو۔دراز عمر خواتین کے ہونٹ اکثر خشک ہونے لگتے ہیں اور لپ اسٹک میں موجود موئسچرائزر ان کے ہونٹوں کو نرم رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Anti Aging Make Up" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.