Eyes Makeup Ke Naye Andaz - Article No. 3080

Eyes Makeup Ke Naye Andaz

آئیز میک اپ کے نئے انداز - تحریر نمبر 3080

آنکھوں میں ہے خواب کا کاجل

جمعرات 23 فروری 2023

راحیلہ مغل
آنکھیں روح کے اندر جھانکنے کے جھروکے ہیں،زبان کچھ کہے نہ کہے الفاظ ساتھ دیں یا نہ دیں آنکھیں ان کہی سب داستانیں سنا دیتی ہیں،شاید یہی وجہ ہے کہ آنکھوں کی تزئین و آرائش خواتین کے لئے سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔صنف نازک کی آنکھیں چاہے کتنی بھی خوبصورت ہوں سلیقے اور ٹرینڈ کی مناسبت سے کیا گیا آئی میک اپ ان کی آنکھوں کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر کے ساحرانہ حسن پیدا کر سکتا ہے۔
آئیے آج بات کرتے ہیں آئی میک اپ کے ٹرینڈ کی جن کی مدد سے آنکھوں کو لطیف انداز میں خوبصورت بنانے کے بعد ان میں ساحرانہ حسن پیدا کیا جا سکتا ہے۔
پیسٹل آئی میک اپ
بیوٹی ماہرین کے مطابق خواتین میں ان دنوں پیسٹل آئی میک اپ خاصا مقبول ہے،ہلکے اور گہرے رنگوں پر مشتمل پیسٹل میک اپ ایک جدید ٹرینڈ ہے۔

(جاری ہے)

دن ہو یا رات اس میک اپ کو خواتین کسی بھی وقت بلا جھجک بڑی سہولت کے ساتھ اپنا سکتی ہیں۔

لیکن آپ کو پیسٹل آئی میک اپ کے لئے پارلر جانے کی قطعی ضرورت نہیں اسے آپ گھر میں باآسانی اپلائی کر سکتی ہیں۔پیسٹل آئی میک اپ کے لئے سب سے پہلے آئی برو کی ہڈی پر ہلکا سا گلیٹر آئی شیڈو لگائیں۔اس کے بعد آنکھوں پپوٹوں پر (Gold Chalky) آئی شیڈو اپلائی کریں۔پھر لیش کلر کی مدد سے اپنی پلکوں کو کرل کریں اور ان پر نفاست کے ساتھ مسکارا لگائیں۔پلکوں کے اوپر بلیک آئی لائنر سے لائن بنائیں اور آنکھ کے اندر ہلکا سا کاجل بھر لیں۔
آخر میں نچلی پلکوں تلے کسی دھیمے کلر کا آئی شیڈو کاجل کی مانند لگا لیں۔آپ کا پیسٹل آئی میک اپ تیار ہو جائے گا۔
کول آئی میک اپ
مون لائٹ میک اپ کو عام طور پر کول میک اپ کہا جاتا ہے جو دن اور رات میں ہونے والی دونوں قسم کی تقریبات میں اپنایا جاتا ہے۔اس میک اپ کے لئے عام طور پر سلور آئی شیڈو کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
یہ آپ کی شخصیت کو سحر انگیز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اگر آپ بھی مون لائٹ میک اپ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں تو سب سے پہلے آئی برو کے نیچے آنکھوں کی اوپری سطح پر سلور ہائی لائٹر لگا لیں جس کے بعد سلور رنگ کا شیڈ بھنوؤں کے نیچے بیس کے طور پر لگائیے۔اس کے بعد نیلے یا فیروزی رنگ کا آئی شیڈو لے کر اس کے اندر ہلکی سی سلور رنگ کی آمیزش کریں اور اسے بھی آنکھوں کے پپوٹوں پر لگا لیں آپ کا کول آئی میک اپ تیار ہے جو آپ کی آنکھوں میں خاصا بھلا محسوس ہو گا۔

گلیٹر آئی میک اپ
ان دنوں گلیٹر آئی میک اپ بھی خواتین پسند کر رہی ہیں۔جن میں اکثر خواتین فل گلیٹر آئی شیڈ اور کچھ خواتین محض لائنر کی جگہ پر آنکھوں کی چمک بڑھانے کے لئے گلیٹر کا استعمال زیادہ کرتی ہیں۔گلیٹر آئی میک اپ میں ویسے تو تمام رنگوں کا استعمال بخوبی انداز میں کیا جاتا ہے لیکن گولڈن گلیٹر اپنی تمام خوبیوں کے ساتھ خواتین میں خاصا مقبول ہے یہ رنگ ایک ایسا انتخاب جسے اگر لان یا کاٹن کے سوٹ کے ساتھ بھی لگایا جائے تو یہ آپ کی تیاری میں شاہانہ انداز کی جھلک پیدا کر دیتا ہے۔
یہی نہیں گلیٹر آئی میک اپ کے ساتھ گلیٹر پلکیں بھی آنکھوں کا ایک اضافی انتخاب ہیں جو عام تقریبات سے زیادہ شادی بیاہ جیسی اہم تقریبات میں بھی خواتین کی پہلی ترجیح بن رہا ہے۔
عربک آئی میک اپ
عربک آئی میک اپ بھی آپ کی آنکھوں کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کا ذریعہ ہے۔اس آئی میک اپ کو اپلائی کرنے کے لئے سب سے پہلے آنکھ کی آئی بون پر آئی بیس لگایا جاتا ہے جس کے بعد آنکھ کی لیڈ پر پستہ یا کوئی بھی ہلکا شیڈ لگا کے بلینڈ کر لیں۔
کریز پر باریک برش سے گولڈن یا چاکلیٹ براؤن شیڈ لگا کر بلینڈ کریں کہ وہ بیس کلر کے ساتھ مکس ہو جائے پھر آئی لائنر لگائیں۔باقی حصے پر باہر کی طرف آتے ہوئے کالا شیڈ لگائیں کہ وہ آئی لائنر کے ساتھ مل کے نوک بن جائے۔اب آنکھ کے اندر کالی آئی پنسل لگائیں۔اگر آپ کی آنکھیں چھوٹی ہیں تو سفید یا براؤن رنگ زیادہ مناسب رہے گا۔
اسموکی آئی میک اپ
ابتداء میں اسموکی آئی میک اپ کیلئے دو رنگوں کا انتخاب کیا جاتا تھا تاہم اب اس میں کالے رنگ کے علاوہ وائٹ،کافی،ڈارک پنک،کاپر،ڈارک گرین،ڈارک بلیو اور پرپل کا استعمال بھی کیا جانے لگا ہے۔
اسموکی آئی میک اپ کیلئے آپ کو دو طرح کے شیڈز کی ضرورت ہوتی ہے جس میں رنگ بیس ہوتا ہے،جب کہ دوسرا شیڈ اس سے ہلکے رنگ کا لگایا جاتا ہے ایک بنیادی گہرا رنگ اور دوسرا کوئی ہلکا شیڈ براؤن رنگ کی آنکھوں کیلئے کالا،گرے،کاپر اور کافی بنیادی رنگ کے طور پر بہترین ہیں اور ان کے ساتھ ہلکا شیڈ لائلک،ہلکا پیچ اور شیڈ رنگ میں سے کسی کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
اسموکی آئیز کے لئے جن رنگوں کا انتخاب کیا جائے عام طور پر انھیں ملا کر آئی شیڈو سے آنکھوں کو اسموکی اسٹائل دیا جاتا ہے۔اسموکی آئی میک اپ کے لئے دو رنگوں کو ملا کر پپوٹوں پر لائنر کی طرح تھوڑا موٹا لگائیں،اسے برش کی مدد سے نفاست سے باہر کی جانب پھیلائیں بھنوؤں کے نیچے والی جلد پر لائٹ گولڈن یا سلور شیڈ لگائیں۔اسموکی میک اپ عام طور پر رات کی تقریبات میں کیا جانے والا میک اپ ہے جو آنکھوں کی دلفریبی میں اضافہ کرتا ہے۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Eyes Makeup Ke Naye Andaz" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.