Makeup Karna Zaroori - Article No. 3098

Makeup Karna Zaroori

میک اپ کرنا ضروری - تحریر نمبر 3098

اسے اتارنا بھی اہم

بدھ 22 مارچ 2023

کیا آپ جانتی ہیں کہ میک اپ Remove کرنا بھی بے حد اہمیت رکھتا ہے۔آپ میک اپ کو آرٹ سمجھتی ہیں اسے اُتارنے اور صاف کرنے کو بھی آرٹ سے کم نہ جانئے۔روزانہ کئے گئے ہلکے یا بھاری میک اپ کی تہہ کو صاف کرنا اس لئے بھی ضروری ہے کہ بلیک ہیڈز،وائٹ ہیڈزاور کیل مہاسے نہ ہونے پائیں۔اس کے علاوہ جلد خشک اور کھردری نہ ہو جائے۔ہم یہاں فوری طور پر میک اپ صاف کرنے کے لئے درکار چیزوں کا ذکر کریں گے۔
زیتون یا ناریل کا تیل،پیٹرولیم جیلی،بے بی آئل یا کلینزنگ ملک،سادہ دودھ یا دہی،کاٹن کے بالز یا ٹشو،یہ سارا سامان عام طور پر گھر پر موجود ہوتا ہے۔
مرحلہ وار صفائی کیسے ممکن ہے؟
پہلے ہاتھوں کو کسی اچھے اینٹی بیکٹیریل صابن سے دھو لیں۔چہرے سے سر کے بال اچھی طرح لپیٹ لیں،کوئی کلپ،کیچر وغیرہ لگا کر سمیٹ لیں تاکہ میک اپ صاف کرتے وقت بال چہرے پر نہ آنے پائیں۔

(جاری ہے)

ناریل اور زیتون کے تیل بہترین کلینرز ہونے کے ساتھ ساتھ موئسچرائزر بھی ہیں۔ان میں سے جو بھی آپ کو باآسانی دستیاب ہو کاٹن بال پر لگا کر نرمی سے چہرے پر لگائیں اور گردن کو صاف کریں۔اگر پیٹرولیم جیلی دستیاب ہو تو اس سے بھی اسی طرح انگلیوں سے پورے چہرے پر لگا کر ٹشو پیپر یا کاٹن بال سے صاف کر لیں۔غلاظت اور کاسمیٹکس کے نشانات دیکھ کر آپ خود مطمئن ہوں گی کہ کتنی گہرائی تک صفائی ہو گئی ہے۔

اگر یہ چیزیں بھی موجود نہ ہوں تو بالائی اُترا ہوا دودھ استعمال کر سکتی ہیں۔بہت تھوڑی سی مقدار جس میں ایک سے دو کاٹن بال بھیگ سکیں لے لیں،انہیں دودھ میں ڈبو کر ہلکا سا نچوڑ لیں اور اسی طرح ماتھے سے ٹھوڑی اور پھر گردن کے اطراف لگا کر صفائی کر لیں۔دودھ بھی موئسچرائزنگ کا عمل کرتا ہے۔صرف چکنی جلد والی خواتین دودھ استعمال نہ کریں۔
خشک اور بڑھتی ہوئی عمر کی خواتین کے لئے یہ عمل تو اکسیر سے کم نہیں۔
Cool Whip بھی اچھا کلینزر اور موئسچرائزر ہے
5 سے 10 منٹ تک مساج کرنے سے جلد کی خشکی بھی ختم ہوتی ہے اور گہرائی تک صفائی بھی ہو جاتی ہے مگر اسے استعمال کرنے سے قبل چہرہ دھونا ضروری ہے۔
بے بی آئل بھی ہر قسم کے چہرے پر لگایا جا سکتا ہے۔یہ میک اپ صاف کرنے اور کلینزنگ کرنے کے لئے بہترین انتخاب ہو سکتا ہے۔
ظاہر ہے کہ اس میں بچوں کو نازک اور حساس جلد کے لئے مضر اثرات سے پاک اجزاء کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے۔
اگر گھر میں دہی موجود ہو تو کبھی کبھار ایک چائے کے چمچ کے برابر دہی سے بھی کلینزنگ کی جا سکتی ہے۔یہ آسان اور سستا طریقہ ہے۔
اگر آپ نے واٹر پروف میک اپ کر رکھا ہے تو بے بی لوشن اور آئل دونوں اشیاء کلینزنگ میں مدد دے سکتی ہیں۔
آنکھوں کے میک اپ اتارنے کے لئے مقدمہ کمپنیوں کے ریموورز مارکیٹ میں موجود ہیں لیکن استعمال کے ضمن میں احتیاط کی ضرورت ہے۔
اگر آپ گھریلو اشیاء کا استعمال کریں تب بھی خیال رہے کہ یہ آنکھوں کے اندر نہ لگ جائے۔اگر تیل یا پیٹرولیم جیلی کی ہلکی تہہ سے میک اپ اُتار لیا جائے اور آنکھوں کی جلد متاثر نہ ہو،آنکھوں کی جلد نازک ہوتی ہے اسے رگڑنا مناسب نہیں۔انگلی کی پور سے یعنی فنگر ٹپ سے پیٹرولیم جیلی یا بے بی آئل لگا کر آہستہ سے مساج کیا جائے تاکہ لائنر یا آئی شیڈو بہتر طریقے سے صاف ہو جائے۔
اس کے بعد صاف ٹشو یا ململ کے کپڑے سے آنکھیں پونچھ لی جائیں۔اگر آنکھوں میں سرخی آ جائے یا کچھ چلا جائے تو تازہ پانی سے منہ پر،آنکھوں پر چھینٹے مارنے سے جلن جاتی رہتی ہے۔
نوٹ:
پہلے سے کئے گئے میک اپ کو صاف کئے بغیر اسی پر دوبارہ میک اپ نہ کریں ورنہ جلد خراب ہو گی اور میک اپ کے خاطر خواہ نتائج بھی حاصل نہیں ہوں گے۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Makeup Karna Zaroori" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.