MakeUp Laye Chehre Per Bahar - Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

میک اپ لائے چہرے پر بہار - میک اپ

پیر 5 اکتوبر 2020

MakeUp Laye Chehre Per Bahar
راحیلہ مغل
سگھڑ خواتین کی کوشش ہوتی ہے کہ بیوٹی پارلر نہ جانا پڑے بلکہ وہ گھر میں ہی اچھے طریقے سے تیار ہو جائیں اس طرح وقت اور پیسے بھی ضائع نہیں ہونگے اور گھر پر ہی اچھا سا تیار ہو جائیں گی۔اس آرٹیکل میں ہم ایسی ہی خواتین کو میک اپ کے بارے میں بتا رہے ہیں تاکہ ان ہدایات پر عمل کر کے وہ اچھی سی تیار ہو سکیں۔

یاد رکھیں کہ اس سال کا رنگ نیلا رنگ ہے ۔اس لئے کسی بھی تقریب میں جانے کے لئے اگر آپ تیار ہو رہی ہیں تو نیلا رنگ ضرور استعمال کریں۔میک اپ کرنے سے پہلے چہرے کو اچھی طرح صاف کریں تاکہ اس میں گرد و غبار موجود نہ رہے۔اس کے لئے کسی بھی اچھے کلینرز کی مدد سے چہرے کو اچھی طرح صاف کریں تاکہ گرد و غبار نہ رہے۔اگر مساج کریم موجود ہے تو مساج کریم کی مدد سے چہرے پر مساج بھی کیا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

آپ چہرہ دھو کر خشک کر لیں اگر دن کے وقت تیار ہو رہی ہیں تو مائع فاؤنڈیشن استعما ل کریں۔اس سے پتلی سی تہہ چہرے پر محسوس ہو گی البتہ اگر رات کے وقت کسی تقریب میں شرکت کے لئے تیار ہو رہی ہیں تو پھر پف یا بیوٹی بلینڈر سے چہرے پر پھیلائیں۔
مسرت مصباح میک اپ انڈسٹری کا ایسا نام ہیں جنہوں نے میک اپ کی دنیا میں مختلف تجربات کیے ہیں اور ان کے ہر تجربے کو بہت زیادہ سراہا گیا۔

وہ اکثر و بیشتر فیملی میگزین کو میک اپ کے بارے میں اپنی رائے دیتی رہتی ہیں آج کل کے موسم کے حوالے سے انہوں نے میک اپ ٹرینڈز اور ہیئر سٹائلز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ موسم بدل رہا ہے، اس لئے سافٹ میک اپ کو ترجیح دیں۔میک اپ کرنے سے پہلے جلد کی بھرپور انداز میں تیاری کریں سب سے پہلے آپ اپنے چہرے کو اچھی طرح صاف کریں،اس کے بعد موئسچرائزر کریں،اگر آپ محسوس کر رہی ہیں کہ چہرے پر آئل یا خشکی زیادہ ہے تو پرائمر کا استعمال کریں۔

بازار میں ایسے پرائمر دستیاب ہیں جو خشک اور آئلی جلد کے حساب سے بنائے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جلد کی مکمل تیاری کے بعد میک اپ کا سلسلہ شروع کریں۔جیسا کہ اس بار سافٹ اور گلوئنگ میک اپ فیشن میں ہے اس لئے ہلکی سی بیس کے بعد ہائی لائٹر لگائیں اس کے بعد آنکھوں کی شیپ کو برش کی مدد سے اچھا کریں لائنر اور مسکارا لگائیں فریش کلرز گالوں پر لگائیں تاکہ آپ کو دیکھ کر تازگی کا احساس ہو۔


مسرت مصباح نے زور دیا کہ میک اپ کی چیزیں خریدتے وقت کمپرومائز نہیں کرنا چاہیے،سستی چیزیں خرید کر چہرے کی جلد کو داؤ پر نہ لگائیں یاایسی پراڈکٹس نہ خریدیں جن کے بارے میں جادوئی دعوے ہوں ،جیسے کہ چار گھنٹوں میں گورا ہو جائیں گی،ایسی پراڈکٹس کے تو پاس سے بھی نہ گزریں۔ میں سمجھتی ہوں کہ اب میک اپ سے قبل جلد کی بھرپور انداز میں تیاری کی جاتی ہے لیکن پہلے ایسا نہیں تھا،پہلے چہرہ دھو کر اس کو موئسچرائز کرکے ڈائریکٹ میک اپ شروع کر دیا جاتا تھا ،لیکن اب صرف موئسچرائز کرنے کو کافی نہیں سمجھا جاتا ۔

سکن اور میک اپ کو فریش رکھنے کے لئے ایک گھریلو ٹوٹکا یہ بھی ہے کہ گھر کے فریج میں روز واٹر رکھیں اور کچن میں کام کے دوران یا ویسے ہی روٹین میں ہر تھوڑی دیر کے بعد چہرے پر روز واٹر کا سپرے کریں اور ٹشو پیپر کے ساتھ اس کوٹیب کرتے رہیں،اگر آپ روز واٹر استعمال نہیں کرنا چاہتیں تو پھر منرل واٹر کو فریج میں رکھ لیں اور روز واٹر کی طرح چہرے پر سپرے کرتی رہیں،اس سے تازگی کا احساس ہو گا اور سکن بھی گلو کرے گی۔


آنکھوں کا میک اپ گہرا کرنا ہوتو کیا لپ اسٹک ہلکی لگانی چاہیے اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بعض دفعہ سافٹ رنگ کے ساتھ آنکھوں کا گہرا میک اپ اچھا لگتا ہے لیکن بعض اوقات سموکی آنکھوں کے ساتھ گہری لپ اسٹک بھی اچھی لگتی ہے آنکھوں کی بیس بنانے کے لئے کسی بھی ہلکے رنگ کا آئی شیڈز آنکھوں کے پپوٹوں پر لگائیں۔پہلے ہلکے ہرے رنگ کا آئی شیڈو برش کی مدد سے لگائیں اسے اچھی طرح بلینڈ کریں۔

اس کے بعد آنکھوں کی اندرونی کونوں کی جانب سنہری رنگ کا آئی شیڈ و برس کی مدد سے لگائیں۔ اسے اچھی طرح بلینڈ کریں۔اس کے بعد پپوٹوں کے اوپر کی جانب گہرے گرے رنگ کا آئی شیڈز لگا کر اسے بلینڈ کریں پھر آنکھوں کے نیچے والی لائن پر پہلے سنہری رنگ کا آئی شیڈ لگائیں پھر گہرے ہرے رنگ کا آئی شیڈ لگائیں اور اس کے اوپر ہی کالا رنگ کا آئی شیڈ لگا کر بلینڈ کریں تاکہ اس کا رنگ مزید گہرا ہو جائے۔

آنکھوں کے اندر ہرے رنگ کی آئی پنسل لگائیں۔اب اگر چاہیں تو کالے رنگ کی آئی لائنر کی نیلی سی پلیر آنکھوں کے اوپر لگا لیں۔ اس کے بعد مسکارا لگائیں پہلے اوپر والی پلکوں پر ایک کوٹ لگائیں پھر نیچے والی پلکوں پر ایک کوٹ۔
گہرا رنگ کرنے کے لئے برش پر خاکی رنگ کا بلش آن لگائیں اسے ناک کے دونوں طرف ہلکے انداز میں بلینڈ کریں۔اس کے بعد آڑو رنگ کا بلش ان گالوں کی ہڈی پر لگائیں پھر ہائی لائٹر کو ناک کی ہڈی اور پیشانی پر لگائیں اس کے بعد بھنوؤں کے اوپر چاکلیٹی اور کالے رنگ کا آئی شیڈ ملا کر لگائیں تاکہ بھنویں نمایاں آپ جب بھی میک اپ کریں،خود کو تنقیدی نظر سے ضرور دیکھیں کہ کیا چیز آپ کو سوٹ کر رہی ہے اور کیا نہیں۔

گھریلو خواتین جنہوں نے سارا دن کچن میں گزارنا ہوتا ہے وہ خود بھی ہلکا پھلکا میک اپ کرکے کچن میں کھڑی ہو سکتی ہیں تاکہ مہمان آئیں تو انہیں یہ نہ لگے کہ کچن میں کھڑی خاتون بالکل بھی تیار نہیں ہے۔ہلکے میک اپ کے لئے بھی انہوں نے واضح کیا کہ سکن کو پہلے ہائیڈریٹ ضرور کریں،روز یا منرل واٹر کا سپرے کریں،پھر موئسچرائز کریں، چاہے موئسچر پرائمر کے ساتھ ملا کر لگائیں۔


برش کی مدد سے آئی بروز کو سیدھا کریں،لپ گلوز لگائیں لائنر اور مسکارا لگائیں، سافٹ کلرز آنکھوں پر لگائیں،اگر کہیں باہر جا رہی ہیں تو آنکھوں کے کونوں کو گہرائی دینے کے لئے ڈارک براؤن کلر کا استعمال کریں کیونکہ اب کالے رنگ کے کونے بنانے فیشن آؤٹ ہو چکا ہے ۔آج کل کون سے ہیئر سٹائل فیشن میں ہیں؟مسرت مصباح کا کہنا تھا کہ موسم بدل رہا ہے اس موسم میں زیادہ ہیوی سٹائل اچھے نہیں لگتے ۔

کسی تقریب میں جانا ہو تو بالوں میں کرلز کرنے کے ساتھ ساتھ آج کل فیشن کے ٹرینڈز میں ہے ۔اگر تو چھوٹے بال ہیں تو پھر تو آپ کے پاس کوئی خاص چوائس نہیں ہے کیونکہ چھوٹے بالوں کے زیادہ ہیئر سٹائل بن نہیں سکتے سٹریٹ کیے جا رہے ہیں،اس کے علاوہ ہائی پونی۔
جس طرح کا بالوں کا کٹ ہے اس حساب سے دیکھنا پڑتا ہے کہ اس کا کیا کیا جا سکتا ہے ،اگر لمبے بال ہیں تو ان کے مختلف سٹائل بنا کر تجربات کیے جا سکتے ہیں۔

لمبے بالوں کی چٹیا بنائی جا سکتی ہے ،چٹیا گردن کے اوپر جوڑے کی طرح جوڑے کی پنوں سے ایڈ جیسٹ کی جا سکتی ہے۔ اگر آپ کا ماتھا یا چہرہ چوڑا ہے تو آپ کانوں سے پاس سے لٹیں نکال سکتی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں مسرت مصباح نے کہا کہ ہمارے ہاں گورا رنگ کرنے کے لئے طرح طرح کے تجربے کیے جاتے ہیں ،جو کہ ٹھیک بات نہیں ہے۔آخر میں ہم نے پوچھا کہ مسرت مصباح خود کس قسم کا ہیئر سٹائل اور میک اپ پسند کرتی ہیں، تو انہوں نے کہا کہ مجھے گردن پر بال اچھے نہیں لگتے اس لئے میں بال اونچے کرکے بناتی ہوں،اس کے علاوہ آئی بروز پر بہت زیادہ ورک کرتی ہوں اور ہمیشہ سافٹ میک اپ کو ترجیح دیتی ہوں۔
تاریخ اشاعت: 2020-10-05

Your Thoughts and Comments

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Makeup Laye Chehre Per Bahar" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.