Mausam Sarma Ka Makeup Look - Article No. 2758

Mausam Sarma Ka Makeup Look

موسم سرما کا میک اپ لُک - تحریر نمبر 2758

جاڑے میں جلد کی خشکی کی وجہ سے میک اپ کرنا تھوڑا مشکل کام ہوتا ہے

ہفتہ 11 دسمبر 2021

راحیلہ مغل
موسم سرما کے دستک دیتے ہی زیادہ تر خاندانوں میں شادی کی تقریبات کا آغاز ہو جاتا ہے اور شادی یا دیگر تقریبات میں شرکت کے لئے خواتین خصوصی طور پر بناؤ سنگھار پر توجہ دیتی ہیں۔لیکن کیا آپ جانتی ہیں کہ جس طرح گرمی کے ملبوسات سرد موسم میں آؤٹ آف سیزن ہو جاتے ہیں بالکل اسی طرح موسم گرما کا میک اپ بھی جاڑے میں آؤٹ آف سیزن محسوس ہونے لگتا ہے۔
تو آئیے پھر بات کرتے ہیں آج ونٹر سیزن میک اپ لُک کی تاکہ آپ کے لئے بھی سردیوں سے پہلے ہی میک اپ باکس میں ضروری تبدیلیاں لانا آسان ہو جائے۔
دراصل کچھ خواتین میک اپ کرتے ہوئے وہ ہی تکنیک استعمال کرتی ہیں،جو گرمیوں میں کارآمد ثابت ہوتی ہیں،مگر سردیوں میں ان کا اُلٹا اثر ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

سرما میں ایسی مصنوعات کا استعمال کرنا بہتر ہوتا ہے،جس میں نمی کی مقدار زیادہ ہو۔

سرد موسم میں کسی بھی تقریب میں جانے سے قبل اپنی جلد کا آئلی فیشل کریں۔اس طرح جب میک اپ کیا جائے گا،تو وہ چہرے پر تھوپا ہوا نہیں لگے گا۔چہرے کی کلینزنگ کے بعد کسی اچھے موئسچرائزر سے مساج کریں۔کریم آئل بیسڈ ہونی چاہیے۔اس سے چہرے کی نمی برقرار رہے گی۔اس کے بعد انڈے کا ماسک لگائیں،جس میں دو قطرے بادام کا تیل ملائیں۔ایسا ماسک استعمال کریں،جو سردیوں کے حساب سے موزوں ہو۔
جیسے ملائی میں چٹکی بھر ہلدی ملا کر لگائیں۔اس کے خشک ہونے پر چہرہ دھو لیں۔تاہم ایکنی مسائل کا شکار خواتین پہلے چیک کریں،اگر اس سے جلد مسائل کا شکار نہ ہو تو استعمال کریں۔جاڑے میں نئی تکنیک کا استعمال میک اپ کو جدت بخشتا ہے۔اس معاملے میں میک اپ کرنے والے کا اعلیٰ ذوق اور مشاہدہ اضافی خصوصیت کی فراہمی کا باعث ہوتا ہے۔میک اپ کے لئے چہرے کی ساخت،جلد کی اقسام اور کیفیت کو مدنظر رکھنا بہت اہم نکتہ ہے۔
ہمارے ملک میں اکثر لڑکیاں کسی نہ کسی جلدی مسائل کا شکار رہتی ہیں۔میک اپ کا کمال یہ ہی ہے کہ چہرے کے داغ دھبوں کو اس طرح سے چھپایا جا سکے کہ وہ دکھائی نہ دیں۔
خاص طور میں جاڑے میں جلد کی خشکی کی وجہ سے میک اپ کرنا تھوڑا مشکل کام ہوتا ہے۔اس کے لئے میک اپ کی شروعات اچھی آئلی بیس بنا کر کی جائے۔کنسیلر کے ذریعے داغ دھبوں اور جھائیوں کو چھپائیں۔
فاؤنڈیشن لگائیں،یہ چہرے کی جلد کو ہموار اور یکساں کرنے کا کام کرتا ہے۔شدید ٹھنڈ میں چہرے اور ہاتھ پیروں کی رنگت تبدیل ہو جاتی ہے۔اس لئے نمی والے فاؤنڈیشن کا استعمال جلد کی رونق بڑھاتا ہے۔اپنی جلد کی رنگت سے ملتا جلتا مایع فاؤنڈیشن انگلیوں کی مدد سے پورے چہرے اور گردن پر پھیلا لیں۔پھر آہستگی سے پورے چہرے پر لگائیں،پھر بغور دیکھیں کہ کسی حصے میں فاؤنڈیشن کی مقدار کم ہو تو وہاں دوبارہ لگائیں۔
پورا چہرہ بلینڈ کریں،تاکہ یکساں دکھائی دے، میک اپ کی اچھی بیس بنانے کے لئے فاؤنڈیشن کو صحیح سے بلینڈ کرنا چاہیے،تب ہی میک اپ کی دل آویزی قائم رہے گی۔
موسم سرما میں کیونکہ شوخ اور گہرے رنگ کے بھاری ملبوسات کا استعمال کیا جاتا ہے،تو میک اپ کرنے کے لئے کافی تنوع موجود ہوتا ہے ۔گالوں پر مایع بلش آن لگائیں۔آج کل گلابی اور اورنج رنگ زیادہ پسند کیے جا رہے ہیں۔
ٹیوب والی بلش آن گالوں کی ہڈی پر نقطہ کی صورت میں لگا کر اچھی طرح سے پھیلائیں۔یہ جلد میں جذب ہو کر قدرتی نکھار بخشی ہے۔اس کے علاوہ اس موسم میں کریمی بلش آن بھی لگانا مناسب رہے گا۔
گہرے رنگوں کا استعمال آنکھوں کو خوف ناک بنائے گا اور شوخ رنگوں کا استعمال آنکھوں کو دلکشی بخشے گا۔سردیوں میں آنکھوں کا میک اپ بہت احتیاط سے کریں،اسموکی گرے یا بلیک آئی میک اپ بھی تقریب کی مناسبت سے کیا جا سکتا ہے۔
آئی شیڈز لگاتے وقت برش کو ہلکا سا گیلا کریں اور دیر تک بلینڈ کرے،اس طرح آنکھوں کی سحر انگیزی میں اضافہ ہو گا۔سردیوں میں اسموکی آئی میک اپ کے لئے آئی لائنر آنکھوں کے اوپری سطح پر لگائیے۔اس کے ساتھ نچلے حصے پر بھی باریک سی لکیر ضرور لگائیں،کیونکہ سردیوں میں پسینہ اتنا نہیں آتا،تو آپ کا لائنر پھیلنے سے محفوظ رہے گا۔جاڑے میں مسکارا،آئی لائنر اور لپ لائنر واٹر پروف استعمال کریں۔
گرے اور دوسرے رنگوں کے مسکارے گرمیوں کے مقابلے میں سردیوں میں زیادہ مناسب رہتے ہیں۔سردیوں میں ہمیشہ پلکوں پر دو بار مسکارا لگائیے،مگر اس بات کا خیال رکھا جانا چاہیے کہ جب پہلی دفعہ لگایا جانے والا مسکارا سوکھ جائے،تو اس پر دوسرا کوٹ کریں،ورنہ وہ پلکوں کو جوڑ دے گا۔وہ خواتین جو کاجل لگانا پسند کرتی ہیں،وہ اعلیٰ کوالٹی کا کاجل استعمال کریں،پرانا کاجل اپنی نمی کھو کر خشک ہو جاتا ہے۔
ایسا کاجل لگاتے وقت اس کے ذرات نچلے حصے پر گِر کر اچھے بھلے میک اپ کو تباہ کر سکتے ہیں۔اسے استعمال کرتے وقت اتنی مہارت دکھائیں کہ آنکھ کے اندرونی اور بیرونی نچلے حصے پر باریک لائن نظر آئے۔یہ آنکھوں کو انتہائی جاذب نظر بناتا ہے۔
ہونٹوں پر سلیقے سے لپ اسٹک لگانا بھی بڑی مہارت کا کام ہے۔خشک اور پھٹے ہوئے ہونٹوں کو میک اپ سے قبل ویسلین یا ملائی لگا کر نرمی عطا کریں۔
اب ٹشو سے ہونٹ کو صاف کریں برش کی مدد سے نیچے اور اوپر کی لائن پر پہلے نفاست سے لپ اسٹک لگائیں،اس کے بعد درمیانی حصے پر مکمل طور پر لپ اسٹک پھیر دیں،خیال رکھیں کہ باہر نہ نکلے۔اب ایک ٹشو ہونٹوں کے بیچ رکھ کر دبائیں۔اس کے بعد ایک اور کوٹ کریں۔آخر میں لپ جیل لگائیں۔گلوسی لپ لائنر ہونٹوں کو تازگی دے گا اور پپڑیاں جمنے سے جو ہونٹ بدنما لگتے ہیں وہ بھی نرم ہو جائیں گے۔

سردیوں کے موسم میں خواتین اپنے پسندیدہ شوخ رنگوں اور پھلوں کی خوشبو والی لپ گلوس کا استعمال کر سکتی ہیں۔اس کے علاوہ گہرے رنگوں کی لپ اسٹک بھی اس موسم میں آنکھوں کو ناگوار نہیں گزرتی۔لپ اسٹک اگر مومی (ویکس بیسڈ) ہو تو زیادہ اچھی لگے گی۔
گولڈن آئی میک اپ کے ساتھ بیری لپ
اسموکی آئی میک اپ کے بعد میک اپ انڈسٹری میں جو ٹرینڈ سب سے زیادہ مشہور ہوا وہ گولڈن آئی میک اپ ہی ہے لیکن گولڈ آئی میک اپ لُک بطور ٹرینڈ نیا نہیں بلکہ کئی سالوں پرانا ہے۔
تاہم اس بار ونٹر ٹرینڈ کے طور پر میک اپ لُک کو زیادہ خوبصورت بنانے کے لئے انٹرنیشنل میک اپ آرٹسٹ کی جانب سے ریڈ کے بجائے بیری لپ کا انتخاب کیا گیا ہے جسے فیئر ڈارک ہرٹون رکھنے والی خواتین بلا تردد اپنا سکتی ہیں۔گولڈن آئی میک اپ کے ہمراہ بیری لپ ایک خوبصورت امتزاج ہی نہیں بلکہ منفرد میک اپ لُک بھی ثابت ہو گا۔
کلاسک ریڈ لپ اسٹک
اگر آپ جلدی میں ہیں یا پھر آپ کے پاس میک اپ کو دینے کے لئے زیادہ وقت نہیں تو کوئی بات نہیں پھیکے رنگوں کے لپ کلر کے انتخاب کے بجائے کلاسک ریڈ لپ کلر اپنا لیں اس طرح آپ بھی ونٹر میک اپ ٹرینڈ فولو کرنے والی خواتین میں شامل ہو جائیں گی۔

نیچرل بلش لُک
گوری رنگت پر بغیر بلش آن کوئی بھی میک اپ لُک ادھورا اور پھیکا پھیکا سا محسوس ہوتا ہے۔ونٹر ٹرینڈ کو فولو کرنے کے لئے براؤن کے بجائے بلش آن کے نیچرل شیڈ (پنک بلش آن) کا انتخاب کیجیے۔فیئر اسکن ٹون رکھنے والی خواتین بلش آن کا روز پنک شیڈ جب کہ ڈارک اسکن رکھنے والی خواتین لائٹ پنک شیڈ منتخب کر سکتی ہیں۔

آئی میک اپ کے لئے گہرا بادامی شیڈ
گہرے بادامی شیڈ سے مزین آئی میک اپ لُک ایک ایسا ٹرینڈ ہے جو جلد ہی خواتین کا پیچھا نہیں چھوڑنے والا،اس برس بھی ونٹر میک اپ لُک کے لئے میک آرٹسٹ نے اسی ٹرینڈ کا انتخاب کیا ہے۔اس ٹرینڈ کو اپنانے کے لئے آنکھوں پر سب سے پہلے لائٹ براؤن اور نیوڈ آئی شیڈو کلر اپلائی کیا جاتا ہے جس کے بعد اپرلڈ کارنر تک بادامی آئی شیڈو کلر کی ایک لیئر بنائی جاتی ہے۔
آخر میں فش ٹیل لائنر لُک کے ساتھ مسکارے کے دو کوڈ اپلائی کیے جاتے ہیں۔
نیچرل گلو
سردی ہو یا گرمی،فل گلوئنگ میک اپ لُک ٹرینڈ کا حصہ ہے۔میک اپ کے دوران فیس پر نیچرل گلوئنگ لُک لانے کے لئے پہلے پرائمر اور فاؤنڈیشن لگائیں۔اس کے بعد اسکن ٹون کی مناسبت سے میٹا لُک ہائی لائٹر کے مختلف شیڈز کو گالوں،ناک کی ہڈی اور ٹھوڑی پر اپلائی کریں۔

ونگڈ اور میٹا لُک آئی لائنر
اس موسم سرما میں ہر گہرے رنگ کے آئی شیڈو کو اپنانے کے بجائے سلور یا گولڈ رنگ کا میٹا لُک آئی لائنر یا آئی شیڈو لُک اپنائیں یہ ٹرینڈ آپ کے میک اپ کو جدت بخشے گا۔دوسری جانب لائنر اسٹائل کی بات کریں تو اس ونٹر میک اپ لُک میں ونگڈ لائنر اسٹائل آئی میک اپ ٹرینڈ کے طور پر زیادہ مقبول رہے گا۔واضح رہے کہ ونگڈ لائنر اسٹائل آنکھ کے نقوش کو زیادہ بڑا اور خوبصورت دکھاتا ہے۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Mausam Sarma Ka Makeup Look" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.