Mosaam Sarma Or Ap Ka Makeup Style - Article No. 2279

Mosaam Sarma Or Ap Ka Makeup Style

موسم سرما اور آپ کا میک اپ اسٹائل - تحریر نمبر 2279

موسم سرما میں جلد کے لئے مخصوص حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے۔

بدھ 5 فروری 2020

موسم سرما میں جلد کے لئے مخصوص حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے۔سرد اور خشک ہواؤں کی وجہ سے جسم کے ان حصوں کی جلد زیادہ خشک ،کھردری یا کٹی پھٹی ہو جاتی ہے جو کھلے رہتے ہیں مثلاً چہرہ یا ہاتھ وغیرہ۔خاص طور پر ہونٹ بہت زیادہ خشک ہو جاتے ہیں وہ کٹے پھٹے بھی رہتے ہیں اور ان پر پپڑیاں جمی ہوئی محسوس ہوتی ہیں۔زمانہ قدیم سے یہ دستور رہا ہے کہ جلد کی خشکی دور کرنے کے لئے موسم کی آمیزش والے مرکبات استعمال کرتے ہیں جو مختلف دیسی وغیر ملکی کریموں،ویسلین پر مشتمل ہوتے ہیں نیز ایسے صابن بھی استعمال کئے جاتے ہیں جن سے غسل کرکے جلد کے لئے مطلوبہ چکنائی حاصل کی جاتی ہے۔

عام طور پر خواتین کسی محفل میں شرکت کرنے کے لئے بننے سنورنے میں کسی سے پیچھے نہیں رہتیں۔

(جاری ہے)

لیکن حقیقت یہ ہے کہ خوبصورت اور کشش حاصل کرنے کے صحیح طریقے چند خواتین کو ہی آتے ہیں اور محفل میں ایسے چہروں کو دیکھ کر اہل محفل بے ساختہ خراج تحسین پیش کرتے ہیں چاہے وہ زبان سے اس کا اعتراف نہ کریں لیکن دل میں وہ ضرور تعریف کرتے ہیں۔ایسی خواتین جو بہت زیادہ خوبصورت نہ بھی ہوں لیکن خوبصورتی حاصل کرنا جانتی ہوں وہ ساری محفل پر چھائی رہتی ہیں۔


آسودہ حال،پرسکون اور مطمئن شخص کے چہرے پر جو طمانیت ہوتی ہے وہ اس حسین چہرے سے کہیں زیادہ بڑھ جاتی ہے جو پریشان حال اور پس مردہ،احساس کمتری میں مبتلا ہوتاہے۔ آج کل میک اپ میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے زور زیادہ گہرے میک اپ پر نہیں بلکہ زیادہ لائیٹ اور انگلش کلر پر دیا جارہا ہے اس میں ہونٹ اور بھنویں سر فہرست ہیں ترکیب یہ ہے کہ چہرے کی خوبیوں کو زیادہ اجاگر کیا جائے یہی وہ سیزن ہے جب آپ اپنے میک اپ کو ایک نیا رنگ دے سکتی ہیں۔
جلد،ہونٹوں اور آنکھوں کے لئے میڈمیک اپ اور اعضاء کی ساخت کو ابھارنے کے لئے زیادہ زور دیا جارہا ہے۔
خواتین کی ایک مختصر تعداد بیس استعمال کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتی لیکن بیشتر زیادہ ہلکی شے استعمال کرنے کو ترجیح دیتی ہیں اس کے لئے اب کئی قسم کی فاؤنڈیشن مارکیٹ میں آگئی ہیں جو جلد کی رنگت کے مطابق رنگ تبدیل کر لیتی ہے اور جلد کو پرفیکٹ بنا دیتی ہیں۔
یہ سیزن بھنوؤں کو خوبصورت بنانے کا ہے بھنوؤں کے اندر آئی شیڈ پاؤڈر بھر دیں ایسا شیڈ پسند کریں جو آپ کے بالوں سے ہم آہنگ ہو اسے لگانے کے لئے ایسا چھوٹا چپٹا اور سخت برش کرلیں جس کے سرے زاویہ بناتے ہوں۔شیڈو کو بھنوؤں کے اس حصہ میں لگائیں جہاں بال سب سے زیادہ گھنے ہوں تاکہ اس جگہ رنگ زیادہ تیز نظر آئے پھر آخر میں ٹوتھ برش سے بھنوؤں میں کنگھی کرلیں اگر آپ محسوس کریں کہ شیڈو بہت زیادہ لگ گیا ہے تو اسی شیڈو سے میچ کرتا ہوا فیس پاؤڈر اس جگہ لگا لیں اس سے رنگ کا تاثر مدھم پڑ جائے گا۔

ہونٹوں پر آپ کچھ بھی لگا سکتی ہیں۔اگر آپ کم میک اپ کے ساتھ اپنی خوبصورتی بر قرار رکھتے ہوئے سادگی بھی اپنا نا چاہیں تو پھر ہلکی پنک لپ پنسل کے ساتھ گلوز استعمال کریں۔صحت مند ،چمک دار جلد قائم رکھنے کے لئے صرف اس کی بیرونی دیکھ بھال ہی کافی نہیں بلکہ اچھی غذا سب سے زیادہ ضروری ہے اور اس مقصد کے لئے وٹامن سی سب سے بہتر کردار ادا کرتاہے یوں سمجھ لیں کہ اگر پروٹین آپ کی جلد کے بلاک کی حیثیت رکھتے ہیں تو ان بلاکوں کو آپس میں جوڑے رکھنے کا کام وٹامن سی کرتاہے اور جس طرح کسی عمارت میں بے کار سیمنٹ کا استعمال عمارت کی مضبوطی کو متاثر کرتاہے بالکل اسی طرح وٹامن سی کی کمی جسمانی عمارت کی کمزوری کا سبب بن سکتی ہے یعنی وٹامن سی کی کمی سے جلد بے کار،بے چمک اور کھردری نظر آئے گی۔
وٹامن سی جلد کے تناؤ کو برقرار رکھتاہے اگر آپ کی جلد پر رگڑیا خراش جلد اثر انداز ہوتی ہے تو سمجھ لیں کہ آپ کے جسم میں وٹامن سی کی کمی ہے۔
وٹامن سی کی موجودگی میں جسم میں موجود فولاد کو جزوبدن بننے میں آسانی ہوتی ہے اس سے نئے خلیوں کی تخلیق کی بڑھوتری میں باقاعدگی آتی ہے وٹامن سی ایک قدرتی انٹی الرجک دوائی بھی ہے یہ الرجی کے خلاف قوت مدافعت نہ صرف بڑھاتی ہے بلکہ وہ بہت ساری بیماریاں جو الرجی کی وجہ سے پیدا ہوتی ہیں انہیں ختم کرتی ہے مثلا انفلوئنزا،نزلہ ،زکام اور موسمی کھانسی وغیرہ۔
شہروں میں رہنے والی خواتین کو عام طور پر یومیہ1000یا 2000ملی گرام وٹامن سی استعمال کرنا چاہیے۔وٹامن سی کا زائد استعمال اس وجہ سے بھی غیر خطر ناک ہے کہ اس کی اضافی مقدار جسم سے خارج ہو جاتی ہے اس لئے کم یا تاخیر سے استعمال کی بجائے تھوڑا سا زیادہ استعمال ہی بہتر ہے۔ہیلتھ اینڈ بیوٹی ایکسپرٹ لیزا ارل کی رائے کے مطابق سرد گہری شامیں جلد کی رطوبت کے حصول کے لئے کار آمد ہوتی ہیں جب اپنی جلد کی خشکی دور کرنے کے لئے کوئی بھی ضرورت مند باتھ روم کے اندر موئسچرائزرنگ اروماتھراپی آئلز سے لبا لب ٹب میں ڈبکیاں لگا کر جسم کے لئے مطلوبہ چکنائی یا رطوبت حاصل کر سکے۔
کم از کم 20منٹ اپنے جسم کو ٹب کے سپرد کرکے صرف جسم کے لئے آرام،سکون اور نمی کے حصول کا ممکن بنایا جا سکتاہے بلکہ اس کے نتیجے میں پھر تیلاپن اور ذہنی سکون بھی حاصل ہوتاہے یہاں تک کہ ایسا کرنے والی خاتون کا ذہن جلد کی معقول حفاظت کے لئے سوچ بچار میں اہم کردار ادا کرتاہے۔
واضح رہے کہ جلد کے اہم عوارض میں ایگزیما وہ جلدی مرض ہے جو جلد کی خشکی کی وجہ سے جنم لیتاہے۔
لیزا ارل کا مشورہ ہے کہ باتھنگ ٹب میں موجود پانی کے اندر کسی بھی مروجہ آئل یا پری بلینڈ یڈاروماتھراپی باتھ آئل کے چند قطرے ملا کر باتھ روم کا دروازہ بند کردیں اس اثناء میں آئل پانی میں حل ہو جائے گا اور بہت سارے جھاگ بن جائیں گے پھر آپ ٹب میں غسل کرکے لطف اندوز ہوں اور اس کے فورا ً بعد شاور لے کر اچھے موئسچرائزر سے جسم پر پالش کیجئے رطوبت یا چکنائی آپ کی جلد میں شامل ہو جائے گی۔
جلد کی حفاظت کے سلسلے میں اہم ترین کام اپنے چہرے سے محبت کرنا ہے،مت بھولیں کہ موسم سرما سب سے زیادہ دشمن آپ کے چہرے کا ہوتاہے۔درجہ حرارت میں کمی،برفیلی،خشک اور سرد ہوائیں چہرے کی تروتازگی پر غالب آکر اسے پھیکا پھیکا اور بجھا بجھا بنا دیتی ہیں چنانچہ جلد کی حفاظت میں چہرے کے نکھار اور شادابی کو بھی نمایاں اہمیت دیجئے ورنہ چہرہ بے رونق اور بد نما ہوجائے گا اور آپ شدید احساس کمتری میں مبتلا ہو جائیں گے۔
ہو سکتاہے کہ آپ کی جلد موسم سرما میں بہت زیادہ کھردری ،خشک اور کٹی پھٹی ہو جاتی ہو کا سمیٹک تیار کرنے والی بہت سی کمپنیاں دعویٰ کرتی ہیں کہ ان کی تیار کردہ مصنوعات (کریمز وغیرہ)جو بالخصوص چہرے پر استعمال سے متعلق ہوتی ہیں،چہرے کی جلد کے لئے مطلوبہ چکنائی فراہم کرتی ہیں لیکن مشاہدات کے مطابق یہ سب مفروضات ہیں۔بہتر یہ ہو گا کہ کوئی کریمی کلینزر استعمال کرنے کی بجائے آپ اپنے چہرے کا مساج کیجئے۔
اگر آپ کی جلد دوسری قسم کی ہوتو پھر آپ کریمز،ملک اور مخصوص صابن کا استعمال کیجئے یہ طریقے آئل بیزڈ ہوتے ہیں چنانچہ ان سے آپ کی جلد کی رونق اور محفوظ ہو جائے گی۔اگر آپ کو موئسچرائزر کے استعمال سے دلچسپی ہے تو پھر بہتر یہ ہوگا کہ آپ ایسے موئسچرائزر استعمال کیجئے جو آپ کے چہرے کی جلد کو 24گھنٹے تروتازہ رکھ سکیں یعنی آپ انہیں دن بھر میں صرف ایک مرتبہ ہی استعمال کریں۔

آپ کی جلد بہت خشک ہو اور اس میں کوئی بہتر تبدیلی عمل میں نہ آرہی ہوتو اس کے لئے فوری ریلیف ضروری ہے ایسی صورت میں آپ کے لئے لازم ہے کہ آپ چہرے پر بھی اچھی قسم کی کریم کی دبیز اور موٹی تہہ جمائیں لیکن اس سے قبل منہ دھونا یا غسل کرنا ضروری ہے۔بہر کیف!ماہر افزائش حسن ایولن ہیلبک کے مطابق آدھے گھنٹے تک اسے چہرے پر لگا رہنے دیں اور پھر اسے نرمی کے ساتھ چہرے کی جلد سے علیحدہ کرلیں تاہم بیوٹی ایکسپرٹ جینیف فلڈر مین کا کہنا ہے کہ موئسچرائزر پر تکیہ کرنا کوئی اچھی بات نہیں بہتر یہ ہے کہ آپ جلد کی فطری حفاظت کریں یعنی اپنے کوٹ کے کالر کھڑے رکھ کر اور اسکارف کے ذریعے !جہاں تک ممکن ہو اپنے چہرے کو سر دہواؤں سے بچائیں اس لئے کہ تندوتیز ہواؤں سے محفوظ رہنے کے بعد آپ کے چہرے کی سرخی،خوبصورتی اور دل آزاری ہر گز متاثر نہیں ہوگی۔

چہرے کی دلکشی میں ہونٹ اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ہونٹ سب سے پہلے خشک اور پپڑی آمیز ہو جاتے ہیں یہ ازخود رطوبت کے حصول سے قاصر ہیں چنانچہ موسم سرما میں چہرے کی حفاظت کے سلسلے میں سب سے زیادہ اہم ہونٹوں کی حفاظت کرنا ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ آپ اپنے پاس لپ اسٹک،چپ اسٹک یا ایسی ہی ضروری ہونٹوں کی حفاظتی اسٹک ہر وقت اپنے پاس رکھیں تاکہ آپ کے ہونٹ آپ سے بے وفائی کی شکایت نہ کریں۔
میک اپ آرٹسٹ آریا نے کے مطابق چہرے کی حفاظت کے لئے آپ کو چاہیے کہ خوبانی ،ناشپاتی اور دیگر پھلوں کی آمیزش والے مرکبات اپنے گالوں اور ناک کے آس پاس ملا کریں یہ کام ایک برش کی مدد سے کرنا چاہیے۔
بھنوؤں کو خوبصورت بنانے کا طریقہ!
آریا نے کا مشورہ ہے کہ بھنوؤں کو خوبصورت بنانے کے لئے براؤن کلر کا آئی شیڈو استعمال کرنا چاہیے جبکہ آنکھوں کی خوبصورتی کے لئے بلیو مسکارے کا استعمال بہتر ہوتاہے۔
پاؤڈر کے استعمال کے سلسلے میں آریا نے کا خیال ہے کہ جب ضرورت ہو اور جہاں ضرورت ہو پاؤڈر کا استعمال کرنا چاہیے۔پیشانی،ناک اور ٹھوڑی پر استعمال کرنا مناسب ہے چہرے کے بقیہ حصوں پر پاؤڈر استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ آنکھوں اور ناک کے گرد سیاہ حلقے اور دیگر نشانات عام طور پر چہرے کی خوبصورتی پر اثر انداز ہوتے ہیں چنانچہ اس پر کریمی مرکب لگاناچاہیے۔
کریم کنسیلر کا استعمال مناسب رہے گا۔ہاتھوں کی حفاظت کے لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہاتھ دھونے کے فوراً بعد جب ہاتھ قدرے پٹھے ہوئے نظر آئیں ہاتھوں پر استعمال کے لئے رائج کریم ضرور لگائیں ہر رات کے سونے سے پہلے بھی کریم کا استعمال ضروری ہے ۔رات کو ہاتھوں پر کریم لگانے کے بعد دستانے پہن کر بھی سویا جا سکتاہے۔ماہرین افزائش حسن کا کہنا ہے کہ چہرے اور جسم کے تمام حصوں میں ہونٹ سب سے پہلے خشک اور بدنما ہو جاتے ہیں۔
ڈاکٹر اوسوالڈ مورٹن کے مطابق ہونٹ ایسے غدود سے آزاد ہوتے ہیں جو انہیں رطوبت فراہم کر سکیں ان کی رطوبت کی واحد شکل وہ لعاب دہن ہے جو ہمارے بولنے،کھانے یا ہونٹوں پر زبان پھیرتے وقت ہمیں میسر آتاہے ۔سرد موسم اور تندو تیز ہوائیں ہمارے ہونٹوں کو نمی سے محروم کر دیتی ہیں موسم سرما میں ہونٹوں کو نرم ونازک رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم لپ اسٹک یا اسی طرز کی دوسری شے اپنے پاس ضرور رکھیں۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Mosaam Sarma Or Ap Ka Makeup Style" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.