Umar K Mutabiq MakeUp - Article No. 2523

Umar K Mutabiq MakeUp

عمر کے مطابق میک اپ - تحریر نمبر 2523

عمر کا کوئی بھی حصہ ہو،تمام خواتین ہر وقت خوبصورت دکھنا چاہتی ہیں

منگل 9 فروری 2021

راحیلہ مغل
عمر کا کوئی بھی حصہ ہو،تمام خواتین ہر وقت خوبصورت دکھنا چاہتی ہیں لیکن بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ جلد میں بہت سی تبدیلیاں بھی رونما ہوتی ہیں۔اگر میک اپ جلد کی ساخت کے مطابق نہ کیا جائے تو بعض خواتین وقت سے پہلے ہی زائد العمر لگنے لگتی ہیں۔چنانچہ اگر آپ کا رنگ و روپ مانند پڑ رہا ہے اور آپ کئی سال سے ایک جیسا میک اپ کر رہی ہیں تو اب اسے بدل ڈالیں لیکن اس سے پہلے آپ کے لئے یہ جاننا ضروری ہے کہ کس عمر میں کیسا میک اپ کرنا چاہیے؟بیوٹی ماہرین نے اس مسئلہ کو حل کرتے ہوئے چند تجاویز دی ہیں کہ 20 برس کی لڑکیوں سے لے کر 40 برس سے زائد عمر کی خواتین پر کیسا میک اپ اچھا لگے گا جس سے وہ عمر کے ہر حصے میں جوان اور حسین نظر آئیں۔

20 سے 30 سال
اس عمر میں تو ویسے ہی جلد آپ کی طرح جوان اور صحت مند ہوتی ہے،اس عمر میں آپ جیسے چاہیں بنیں سنوریں،سب ہی اچھا لگتا ہے۔

(جاری ہے)

آپ چاہے کم میک اپ کریں یا زیادہ ہلکا کریں یا شوخ ،ہر انداز میں آپ نمایاں لگیں گی۔ویسے آپ چاہیں تو ہر بار نیا انداز بھی اپنا سکتی ہیں۔ اس عمر میں اپنے مزاج کے مطابق نت نئے تجربات کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں مثلاً آپ شوخ رنگ کے شیڈز استعما ل کر سکتی ہیں،اگر آپ مکمل میک اپ نہ بھی کرنا چاہیں تو صرف شوخ رنگ کی لپ اسٹک لگا کر بھی پرکشش لگا جا سکتا ہے۔

اگر آپ 30 برس کے قریب ہوں تو کوشش کریں کہ میک اپ کے ہلکے شیڈز استعمال کریں تاکہ آپ کی شخصیت میں بچوں جیسی خوبصورتی جھلکے اور اس کا قدرتی اثر برقرار رہے ۔ایسا نہیں ہے کہ آپ عمر کے اس حصے میں نئے تجربات نہیں کر سکتیں لیکن کوشش کریں کہ غیر نمایاں بیس یا فاؤنڈیشن لگائیں۔اس کے علاوہ لپ اسٹک، بلش آن یا آئی شیڈو کے لئے پنک اور پیج کلرز بہتر رہیں گے۔

30 سے 40 سال
عمر کے اس حصے میں آپ کو اپنے میک اپ اور سجنے سنورنے کے انداز پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔اس عمر کو پہنچنے تک آپ کی شخصیت کا تاثر لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہو چکا ہوتا ہے،اس لئے نت نئے تجربات سے گریز کریں یعنی اگر آپ بہت زیادہ میک اپ کرنے کی عادی نہیں ہیں تو معمول سے ہٹ کر کوئی تجربہ نہ کریں اور اگر آپ مکمل میک اپ کرتی ہیں تو یہی انداز برقرار رکھیں۔
دراصل اس عمر میں شخصیت میں آنے والی پختگی چہرے پر بھی جھلکتی ہے،اس لئے اگر آپ نسبتاً سنجیدہ مزاج کی ہیں تو شوخ اور نمایاں میک اپ ہر گز نہ کریں تاکہ آپ کی شخصیت کا اندرونی اور بیرونی تاثر یکساں رہے۔
40 سال سے زائد
اس عمر میں میک اپ اور اینٹی ایجنگ کریمز کے علاوہ آپ کو اپنی خوراک میں ایسی غذائیں بھی شامل کرنا پڑیں گی،جو بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کرنے کے حوالے سے مشہور ہیں کیونکہ جونہی خواتین 40 سال کی عمر کو پہنچتی ہیں تو ان کی جلد میں آنے والی تبدیلیاں نمایاں ہونے لگتی ہیں۔
عمر کے اس دور میں جلد کے اندر قدرتی پروٹین کی مقدار کم ہو جاتی ہے ،جس سے جلد ڈھلنے لگتی ہے،رنگ و روپ ماند پڑنے لگتا جبکہ جھریاں نمایاں ہونے لگتی ہیں۔ماہرین مشورہ دیتی ہیں کہ ایسے میں آپ اینٹی ایجنگ کریم اور لوشن استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ جلد کی تازگی برقرار رکھنے کے لئے سپلیمنٹس بھی استعمال کریں تاکہ جلد میں آنے والی تبدیلیوں کی رفتار کو سست کیا جا سکے۔
عموماً ہر عمر کی خواتین کو سن بلاک ضرور استعمال کرنا چاہیے مگر 40 سال کے بعد اس کے استعمال میں ہر گز لاپروائی نہ کریں۔ایسا میک اپ کریں جس سے آپ کے چہرے کے تمام خدوخال نمایاں ہوں مثلاً بھنویں،ہونٹ اور پلکوں پر خاص توجہ دیں تاکہ آپ کے چہرے کا مجموعی تاثر خوشگوار لگے۔اسی طرح جب آپ 50 سال کے قریب ہوں تو میک اپ میں مزید نئے تجربات کرنے سے گریز کریں یعنی میک اپ کے وہی شیڈز استعمال کریں جو آپ پر جچتے ہوں۔اس عمر میں گہرے اور شوخ رنگ ہر گز نہ لگائیں بلکہ ہلکے اور غیر نمایاں شیڈز سے میک اپ کریں تاکہ آپ تروتازہ نظر آسکیں۔سب سے اہم بات،میک اپ ایسا کریں جس میں آپ باوقار لگیں اور جو کچھ بھی استعمال کریں،وہ آپ کی خوبصورتی کے مطابق جچ رہا ہو۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Umar K Mutabiq MakeUp" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.