Chehray Ka Massage - Jild Ko Rakhay Narm O Mulaim - Article No. 2818

Chehray Ka Massage - Jild Ko Rakhay Narm O Mulaim

چہرے کا مساج․․․جلد کو رکھے نرم و ملائم - تحریر نمبر 2818

اس کا باقاعدہ استعمال جلد کو تندرست اور جواں رکھتا ہے

منگل 22 فروری 2022

مساج صدیوں سے جسم اور چہرے کی خوبصورتی کے لئے عمل میں لایا جا رہا ہے۔دیگر جسم کی نسبت چہرے کے مساج کو آج بھی اتنی ہی اہمیت حاصل ہے۔یہ خاص کر ڈھلتی عمر کے اثرات سے بچاتا ہے اور جلد کو تندرست اور چست رکھتا ہے۔
چہرے کے مساج میں پیشانی‘آنکھیں‘ناک‘رخسار‘ٹھوڑی اور گردن تک تمام اعضاء شامل ہوتے ہیں۔ذیل میں ہم مرحلہ وار مساج کی تفصیل درج کر رہے ہیں جسے پروفیشنل بیوٹیشن کے علاوہ گھر میں موجود کوئی دوسری خاتون بھی اس ضمن میں آپ کی مدد کر سکتی ہیں۔

سب سے پہلے اپنے دونوں ہاتھوں کو اور چہرے کو اچھی طرح دھو کر صاف کر لیں تاکہ گرد و غبار اور جراثیم وغیرہ سے چہرہ پاک ہو جائے۔
ہاتھوں کی صفائی کے بعد مساج کے لئے آئل اور کریم وغیرہ کے انتخاب کا مرحلہ آتا ہے۔

(جاری ہے)

عام طور پر مساج آئل کریم اور Gel وغیرہ استعمال کئے جاتے ہیں۔آپ اپنی جلد کی ساخت اور اگر الرجی ہوتی ہے تو اسی حساب سے کریموں کا انتخاب کریں۔


مساج پیشانی سے شروع کیا جاتا ہے کیونکہ پیشانی پر دیگر چہرے کی نسبت زیادہ لکیریں ہوتی ہیں۔تھوڑا سا موئسچرائزر یا Gel لے کر انگلی کی مدد سے پیشانی پر لگائیں اور درمیانی انگلی سے مساج کریں۔یہ مساج اوپر کی طرف کرنا چاہئے اور بڑی انگلی کے ساتھ درمیانی انگلی بھی ملا لیں اب اندر اور باہر کی سمت میں مساج کریں۔
پیشانی اور کان کی لو کے قریب کان کا حصہ ایکو پریشر ہوتا ہے اس پوائنٹ پر بھی دباؤ ڈالیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مساج سے فوائد حاصل کئے جا سکیں۔
ایکو پریشر پوائنٹس دبانے سے نہ صرف دماغی اور ذہنی سکون حاصل ہوتا ہے بلکہ شدید سر درد ہو تو بھی نجات ملتی ہے۔آدھے سر کا درد اکثر اوقات اسی طریقہ مساج سے ختم کیا جا سکتا ہے۔بھنوؤں کے اوپر سے لے کر آنکھوں کے نیچے تک دائرے کی شکل میں بڑی انگلی سے مساج کریں۔چند منٹ کے مساج کے بعد ناک کے نتھنوں پر انگلی رکھ کر دونوں جانب یکساں مساج کرتی جائیں۔

ناک پر بھی مساج نیچے سے اوپر کی طرف ہونا چاہئے۔ناک کے ایکو پریشر پوائنٹ نتھنوں کے بالکل نیچے ہوتے ہیں۔ناک کے دونوں اطراف پر بھی مساج اوپر کی طرف آنکھوں تک کریں۔
درمیانی اور تیسری انگلی استعمال کرتے ہوئے رخسار پر گولائی میں اوپر کی طرف مساج کریں۔آہستگی سے ان انگلیوں کی حرکت پیچھے کانوں تک ہونی چاہئے یعنی کانوں کی لو Earlobes تک کیونکہ یہیں ایکو پریشر پوائنٹس ہوتے ہیں اور یہاں دباؤ ڈالنے سے راحت ملتی ہے۔

ٹھوڑی کے نیچے سے دونوں انگلیوں کو باہم ملا کر ہونٹوں کے گرد اوپر ناک تک لے جائیں اور دوبارہ یہی عمل دہرائیں‘یاد رکھیں منہ کے اس طریقہ مساج میں ہمیشہ انگلیاں نیچے سے اوپر متحرک ہوں‘نیچے کی طرف مساج کرنے سے جلد ڈھیلی پڑتی ہے۔
منہ اور دہانے کا مساج تھراپی کے بعد ٹھوڑی اور گردن پر موئسچرائزر لگائیں۔جبڑوں کی وسعت تک چٹکی بھرنے کی شکل میں مساج کریں۔
اس کے بعد گردن پر دونوں ہاتھوں کی انگلیاں اوپر سے نیچے کی طرف پھیریں اور کوشش کریں کہ یہ مساج گردن کی پشت تک ہو۔
گردن کا مساج بھی بہت سکون کا باعث بنتا ہے‘لیکن بعض خواتین اس کو نظر انداز کر دیتی ہیں۔گردن کا مساج کرنے کے بعد چہرے پر انگلیوں کی پوروں کی مدد سے دباؤ ڈالیں یعنی دونوں ہاتھوں کی انگلیوں سے دونوں کانوں پر تھپتھپائیں۔

انگوٹھا ماتھے پر رکھ کر درمیانی انگلی سے رخساروں پر پریشر دیں پھر انگوٹھا ماتھے سے ہٹا کر ٹھوڑی کے نیچے ہاتھ رکھ کر اوپر کی طرف دبائیں پھر اسی طرح دوسرے ہاتھ سے کریں۔
آنکھوں کے مساج کے دوران آئل یا موئسچرائزر آنکھوں میں لگنے سے بچانا ضروری ہے۔مساج کے اس عمل کے دوران آنکھیں بند رکھیں اور پُرسکون رہیں۔انشاء اللہ اس مساج تھراپی کی مدد سے بہت جلد آپ کا مضمحل سا چہرہ تروتازگی میں ڈھل جائے گا۔

Browse More Massage for Women - Face Massage, Body Massage

Special Massage for Women - Face Massage, Body Massage article for women, read "Chehray Ka Massage - Jild Ko Rakhay Narm O Mulaim" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.