Facial Massage Se Khoob Surti - Article No. 1913

Facial Massage Se Khoob Surti

فیشل مساج سے خوب صورتی - تحریر نمبر 1913

فیشل مساج کو طویل عرصے سے اختیار کیا جا رہا ہے ۔یہ مساج انتہائی موٴثر اور مضر اثرات سے پاک ہوتا ہے۔فیشل مساج ایک ایسا طریقہ ہے ،جو

بدھ 7 نومبر 2018

نسرین شاہین
خوب صورت ،نرم وملائم اور شاداب جِلد ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے ،جس کے لیے وہ کئی طرح کے جتن کرتی ہے ۔سنگارکی دنیا میں چہرے کا فیشل بہت اہمیت کا حامل ہے ۔یہ محض وقتی خوب صورتی کا ذریعہ ہی نہیں ،بلکہ دیر پادل کشی ورعنائی کے لیے بھی مفید ثابت ہوتا ہے ۔خوب صورتی کے لیے صدیوں کا آزمودہ نسخہ مساج دورِ حاضر میں زیادہ جدیدیت کے ساتھ خا ص وعام میں ”فیشل“کے نام سے رائج ومقبول ہے ،جو چہرے کی جاذبیت اور خوب صورتی میں اضافہ کرتا ہے ۔


فیشل مساج کو طویل عرصے سے اختیار کیا جا رہا ہے ۔یہ مساج انتہائی موٴثر اور مضر اثرات سے پاک ہوتا ہے۔فیشل مساج ایک ایسا طریقہ ہے ،جو چہرے کو تازگی وچمک فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کو جھڑیوں سے بھی بچا تا ہے ۔

(جاری ہے)

کسی خاتون کے چہرے پر پہلے سے ہی جھرّیاں اور جھائیاں وغیرہ ہوں تو فیشل مساج انھیں مٹاتا چھپا تا نہیں ہے ،بلکہ چہرہ نئی پیدا ہونے والی جھڑیوں اور جھائیوں سے محفوط رہتا ہے ۔


مساج سے چہرے کی جِلد نرم وملائم اور دل کش ہوجاتی ہے ۔صدیوں سے خواتین حسن وخوب صورتی کے حصول کے لیے مساج کرتی آرہی ہیں ۔فیشل مساج دراصل دوتکنیکوں یعنی ایکوپریشر اور مساج کا امتزاج ہے ،جس سے چہرے پر خون کی گردش میں تحریک پیدا ہوتی ہے ۔اس کے علاوہ اضافی چکنائی کے اخراج میں مدد ملتی ہے ،سب سے اہم چیز یہ ہے کہ چہرے کی جِلد نرم وملائم اور جاذب نظر ہوجاتی ہے۔
فیشل مساج یا مساج کرنا ایک فن ہے ،جسے سیکھا اور سمجھاجاسکتا ہے ۔اس کے بعد مساج کرنے کے مثبت نتائج سامنے آتے ہیں ۔ذیل میں مساج یا فیشل مساج کرنے کے چند مفید طریقے درج کیے جا رہے ہیں ،جو خواتین کے کام آسکتے ہیں :
# مساج کرتے وقت سب سے پہلے اپنے چہرے کو موئسچرائز کر لیں۔موئسچرائزرقلیل مقدار میں استعمال کریں اور زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے ہر عمل کو کم از کم تین سے پانچ مرتبہ دہرائیں ۔
فیشل مساج میں ایکوپریشر پوائنٹس پر دباؤ ڈالا جاتا ہے ۔اس کے لیے ہمیشہ اپنی درمیانی انگلی کا استعمال کریں اور تقریباً تین سیکنڈ تک دباؤ ڈالیں ۔ہر جگہ اس عمل کو کرتے وقت تین مرتبہ دہرائیں ۔
# حسین ودل کش نظر آنا صنفِ نازک کی فطری خواہش ہوتی ہے اور یہ بھی ایک مسلّمہ حقیقت ہے کہ خوب صورتی صحت مند جِلد کی محتاج ہوتی ہے ۔چہرے کی جِلد جسم کے کسی بھی حصے کی نسبت زیادہ حسّاس ہوتی ہے ،اس لیے چہرے کا مساج ہمیشہ آرام سے اور نرم ہاتھوں سے کیا جائے اور کبھی بھی بہت زیادہ دباؤ نہ ڈالیں ،کیوں کہ اس سے چہرے کی جِلد کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔

# چہرے کا مساج کرتے وقت گال کا مساج کرنے کے لیے درمیانی اور تیسری انگلی کا استعمال کرتے ہوئے پیچ دار حرکت(SPIRAL MOVEMENT)میں مساج کریں ۔اس کا آغاز ٹھوڑی سے کریں اور حرکت کرتے ہوئے انگلیوں کو کانوں کے نچلے حصے تک لے جائیں ۔پھر ناک کے اطراف والے حصے سے شروع کریں اور حرکت کرتے ہوئے انگلیوں کو کنپٹیوں تک لے جائیں ۔اس عمل کو تین بار دہرانے کے بعد کان کے بالکل نیچے ایکو پریشر پوائنٹ پرتین سیکنڈ کے لیے تیسری انگلی سے دباؤ ڈالیں ۔
یہ عمل جبڑے کے اطراف میں خون کی روانی میں تیزی پیدا کرتا ہے ۔اب منھ کی طرف آئیں ۔ٹھوڑی کے وسط سے اس کا آغاز کریں اور دونوں ہاتھوں کی تیسری انگلی کو ہونٹوں کے گرد گولائی میں لے جائیں ۔یہ عمل تین بار دہرائیں ۔پھر منھ کے دونوں اطراف ایکوپریشر پوائنٹس پر دباؤ ڈالیں ۔اس کے بعد اوپری ہونٹ کے بالکل وسط میں تین سیکنڈ کے لیے دباؤ ڈالیں ۔پھر نچلے ہونٹ کے عین وسط میں اور آخر میں ٹھوڑی کی نوک سے ذرا اوپر تین سیکنڈ کے لیے اپنے ہاتھ کی تیسری انگلی سے دباؤ ڈالیں ۔
یہ عمل تین تین مرتبہ دہراتی جائیں ۔اس سے آپ کو سکون وآرام محسوس ہوگا۔
یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ ہمارا چہرہ ہمارے اندرونی مزاج کا آئینہ دار ہوتا ہے ،جس کے ذریعے ہم اپنے تاثرات کو عیاں کرکے اپنی اندرونی کیفیات کو دوسروں پر ظاہر کرتے ہیں اور ان تاثرات کی سب سے زیادہ لائنیں ماتھے پر اُبھرتی ہیں ۔
ان لائنوں کی مستقل موجودگی سے بچنے کے لیے یہ عمل بہت مفید ثابت ہوتا ہے ۔
فیشل مساج کا پہلا مرحلہ ماتھے کا مساج کرنا ہے ۔اس کے لیے پہلے اپنی انگلیوں پر موئسچرائزر یا مساج جیل لگالیں ۔پھر اپنے ہاتھوں کی درمیانی اور تیسری انگلیوں کو بھووں کے بیچ رکھیں اور پھر آہستہ آہستہ ماتھے پر اوپر کی جانب لے جا کر باہر کی طرف لے جائیں ،تا کہ وہاں پڑنے والی جھرّیاں ہموار ہوجائیں ۔یہ عمل تین سے پانچ بار دہرائیں ۔دونوں کنپٹیوں پر تیسری انگلی سے تین سیکنڈ کے لیے ہلکا سادباؤ ڈالیں ۔
اس سے آپ کو سکون وفروخت کا احساس ملتا ہے اور تناؤ کے باعث ہونے والے سر کے درد کا بھی خاتمہ ہوجاتا ہے ۔اس کے علاوہ یہ عمل آنکھوں کی تھکن کا بھی خاتمہ کرتا ہے ۔
ناک کا مساج کرنے کے لیے اپنی تیسری انگلی کو ناک پر رکھ کر ہلکے ہلکے حرکت کرتے ہوئے اوپر کی جانب لے جائیں ۔اس کے بعد ناک کے اطراف پر ہاتھ کی تیسری انگلی کو دائرے کی صورت میں حرکت دیں ،تا کہ یہاں پر پڑنے والی باریک جھرّیاں بننے کا عمل رک جائے ۔
اب دونوں نتھنوں کے بالکل نیچے ایکو پریشر پوائنٹ پر تین سیکنڈ کے لیے ہاتھ کی تیسری انگلی سے دباؤ ڈالیں ۔اس عمل سے ناک کے اطراف کی جھرّیاں میں کمی آتی ہے اور بند ناک بھی کھل جاتی ہے ۔
# چہرے کے سب سے حسّاس اور نازک اعضا آنکھیں ہیں ۔ان کے گرد موجود نرم ونازک حصے پر ابھرنے والی باریک جھرّیوں سے بچنے کے لیے یہ عمل بہترین ہے ۔اپنے ہاتھ کی تیسری انگلی کو آنکھوں کے گرد گول دائرے کی شکل میں بہت آہستہ سے حرکت دیں ۔
پھر آنکھوں کے ایکو پریشر پوائنٹ پر دباؤ ڈالیں ۔یہ عمل کنپٹی سے شروع کریں اور اس کے ذرافاصلے سے آنکھوں کے بیرونی اور بھووں کے اوپری حصے پر دباؤ ڈالیں ۔ہر پوائنٹ پر تین سیکنڈ تک دباؤ ڈالیں ۔اس کے بعد آنکھ کے نچلے حصے کے بالکل وسط میں تیسری انگلی رکھ کر تین سیکنڈ کے لیے دباؤ ڈالیں ۔یہ عمل آنکھ کے حصے میں خون کی گردش تیز کرتا ہے ،جس سے جھرّیاں پڑنے کا عمل سست پڑ جاتا ہے ۔

# فیشل مساج کے آخر میں اپنے پورے چہرے کو تقریبا ً ۳۰ سیکنڈ کے لیے اپنی درمیانی انگلی سے ہلکے ہلکے تھپکیں ۔پھر چہرے پر نیم گرم پانی کا چھینٹا دیں ۔اس کے بعد ٹھنڈے پانی میں روئی کا ٹکڑا بھگو کر چہرے پر آہستہ آہستہ پھیریں ،تا کہ تمام مسام بند ہوجائیں ۔فیشل مساج مکمل ہوا۔آپ خود محسوس کریں گی کہ مساج کے بعد کتنا سکون واطمینان حاصل ہوتا ہے ۔آزما کر دیکھ لیجیے۔

Browse More Massage for Women - Face Massage, Body Massage

Special Massage for Women - Face Massage, Body Massage article for women, read "Facial Massage Se Khoob Surti" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.