Facial Yoga - Article No. 2813

Facial Yoga

فیشل یوگا - تحریر نمبر 2813

جھریوں سے پاک خوبصورت جواں جلد پانے کے لئے یوگا مشقیں

بدھ 16 فروری 2022

چین سے لے کر یورپ تک خواتین میں چہرے کی خوبصورتی کے لئے یوگا بہت مقبول ہو رہا ہے۔خواتین کا موقف ہے کہ اس سے وہ کم عمر نظر آتی ہیں۔ماہرین کے مطابق فیشل یوگا کے ذریعے چہرے اور ماتھے کے عضلات بہتر ہوتے ہیں بلکہ یہ عمل مسلسل انجام دینے سے خواتین اپنی اصل عمر سے کئی برس چھوٹی دکھائی دے سکتی ہے تاہم اس کی مشقیں کچھ مضحکہ خیز بھی ہیں۔

اس سے قبل ماہرین نے اسے احساس کمتری میں مبتلا خواتین کے لئے ایک مارکیٹنگ حربہ قرار دیا تھا لیکن نئی تحقیق سے چہرے کے لئے یوگا کی اہمیت نمایاں ہو گئی ہے۔
شکاگو کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی میں ایک تجربہ کیا گیا ہے۔اس میں بہت سی ایسی خواتین کو مدعو کیا گیا جن کی عمریں چالیس سے پینسٹھ برس کے درمیان تھیں۔ان خواتین کو چہرے کے یوگا کی ورزشیں اور مشقیں کرائی گئیں۔

(جاری ہے)

یہ پروگرام بیس ہفتوں تک جاری رہا اور روزانہ انہیں تیس منٹ کی ورزش کرائی گئی۔وہ خواتین ورزش کے بعد اپنی اوسط عمر سے تین سال کم دکھائی دیں۔
چہرے کی خوبصورتی اور دلکشی کے لئے ماہرین یوگا نے کچھ مشقیں متعارف کروائی ہیں جنہیں فیشل یوگا کے نام سے جانا جاتا ہے۔
ہمارے جسم کی طرح چہرے کو بھی روزانہ ورزش کی ضرورت ہے۔جن لڑکے لڑکیوں کی ابھی عمر صرف اٹھارہ سال ہے ان کے لئے فیشل یوگا شروع کرنے کا یہ بہترین وقت ہے۔
ماہرین حسن و صحت کا کہنا ہے کہ کم عمری میں جلد کی نگہداشت ڈھلتی عمر میں جھائیوں اور جھریوں کے مسائل سے محفوظ رکھتی ہے۔
فیشل یوگا میں ایسی ورزشیں کروائی جاتی ہیں جن سے چہرے کا دوران خون بڑھ جائے۔یہ بہت آسان ورزشیں ہیں۔ان سے نہ تکلیف کا احساس ہوتا ہے نہ ہی پٹھے کھنچتے محسوس ہوتے ہیں۔چہرے پر سرخی جھلکنے لگتی ہے اور یہ سرخی یقینا میک اپ سے حاصل نہیں کی جا سکتی۔
مزے کی بات یہ ہے کہ یوگا کی یہ مشقیں مصروف زندگی میں سے چند لمحے نکال کر کہیں بھی کسی بھی وقت دہرائی جا سکتی ہیں۔روزانہ پندرہ سے بیس منٹ اپنے چہرے کے لئے نکالنا کوئی مشکل کام نہیں کہ یہ چہرہ ہی ہے جو آپ کو دوسروں سے ممتاز کرتا ہے۔
یہاں ماہرین کی تجویز کردہ کچھ آسان فیشل یوگا کی مشقیں بتائی جا رہی ہیں جن کے لئے جم جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
ان میں سے ہر ایک کو دس بار دہرائیے۔
پیشانی پر تیوریاں․․․اب نہیں
یہ ورزش ماتھے پر تیوریاں ڈالنے کی عادت سے نجات دلا سکتی ہے۔دونوں ہاتھوں کی پہلی اور درمیانی انگلیوں کی پوریں بھنوؤں کے آخری کناروں پر رکھ کر ہلکا سا دبائیں۔اس دباؤ کو دونوں بھنوؤں پر مساوی رکھیں۔اسی پوزیشن میں ماتھے کے پٹھوں کو بھنوؤں کو ملانے کے لئے حرکت دیں۔
اس پوزیشن کو پانچ کی گنتی تک برقرار رکھیں۔
آنکھیں روشن
آنکھوں کے گرد بدنما جھریوں کے لئے پہلے ہی سے تدبیر کر لینے میں عقل مندی ہے۔ہاتھوں کی پہلی اور درمیانی انگلیوں کی پوریں آنکھوں کے کونوں کے اطراف پر رکھ کر دھیرے سے دباتے ہوئے کھینچیے۔اب آنکھیں ذرا سختی سے بھینچ کر پانچ کی گنتی تک بند رکھیں۔
رخساروں کی خوبصورتی
فیشل یوگا کی یہ مشق گالوں کا دوران خون تیز کرتی ہے۔
منہ میں ہوا بھر کر بند کر لیں۔مٹھی سے پھولے ہوئے گالوں کو آہستگی سے دبائیں۔یہ عمل پانچ کی گنتی تک دہرائیں۔پھر دھیرے دھیرے منہ سے ہوا باہر خارج کر دیں۔
زیر لب مسکراہٹ
عمر کے ساتھ چہرے کے باقی اعضاء کی طرح ہونٹ بھی اپنی خوبصورتی کھو دیتے ہیں۔ہونٹوں کے بیرونی کنارے قدرتی ساخت برقرار نہیں رکھ پاتے۔ہونٹوں کو ملا کر مسکرائیے،اب ہونٹوں کو اسی طرح باہر کی جانب یوں نکالیے کہ جیسے بچے روتے ہوئے منہ بسورتے ہیں۔
پانچ کی گنتی تک ہونٹوں کو اسی پوزیشن میں رکھیے۔
ذرا سر اونچا کیجیے
یہ ورزش ڈبل چن یا ٹھوڑی اور گردن کے پٹھوں کو مضبوط کرتی ہے۔ہتھیلیوں کو پھیلا کر ٹھوڑی کے نیچے اس طرح رکھیں کہ ان کی سمت گردن کی جانب ہو۔پھر دونوں ہونٹوں کو ملا کر مسکرائیں اور چھت کی طرف دیکھیے۔سر اس قدر اونچا کیجیے کہ تکلیف نہ ہو۔سات کی گنتی تک سر کو یوں ہی رکھیے۔

فیس یوگا
ماہرین چہرے کی خوبصورتی کے لئے مختلف بیوٹی ٹریٹمنٹس کے ساتھ فیشل یوگا بھی کرواتے ہیں۔مثال کے طور پر Lion ایک ایسا پوسچر ہے جس میں آنکھیں اور منہ جس قدر ممکن ہو کھول کر زبان باہر نکالی جاتی ہے۔فیشل یوگا کی یہ مشق ذہنی دباؤ کم کرنے کے دوران خون کی گردش میں اضافہ کرتی ہے۔اس ورزش کو فیس مساج کے ساتھ کروایا جاتا ہے تاکہ بہترین نتائج حاصل ہو سکیں۔

آنکھوں کے حلقے
آنکھوں کی تھکن اور حلقوں سے نجات کے لئے ہتھیلیوں کو ملا کر تیزی سے رگڑیں،گرم ہو جائیں تو اس طرح آنکھوں پر رکھیں کہ انگلیاں کنپٹیوں کی جانب ہوں۔اب ہتھیلیوں کو نہایت آہستگی سے دائروں کی حرکت میں گھمائیں۔یہ عمل آنکھوں کے لئے نہایت فائدہ مند ہے۔
ہتھیلیوں کو چہرے پر رکھ کر دس کی گنتی تک پہلے سانس اندر لیں پھر باہر خارج کریں۔
اب درمیانی اور تیسری انگلی سے دائروں کی شکل میں ٹھوڑی سے پیشانی تک چہرے کا مساج کریں۔
منہ میں ہوا بھر کر ہونٹ بند کر لیں۔گالوں کو پھلا کر ہوا ایک گال سے دوسرے گال میں منتقل کیجیے۔پانچ کی گنتی تک یہ عمل جاری رکھیں۔پھر ہوا نچلے ہونٹ میں لے جا کر رفتہ رفتہ باہر نکال لیں۔
فیشل یوگا حسن و صحت کی دنیا میں ایک نئی اصطلاح ہے۔انسانی صحت و حسن پر یوگا تین مراحل پر اثر انداز ہوتا ہے۔
جسمانی،جذباتی اور روحانی۔ہمارے یہاں اسے حسن و صحت کے تحفظ اور ان میں اضافہ کے لئے ایک فزیکل ایکٹیوٹی کے طور پر اپنایا جاتا ہے۔اس کے کئی فوائد کے ساتھ ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ یہ جسم کے اینڈو کرائن گلینڈز کو توانائی فراہم کرتا ہے۔فیشل یوگا اس صورت میں زیادہ فائدہ دیتا ہے جب ڈیلی روٹین میں ورزش بھی شامل ہو۔
یہ ایک آسان میکینزم ہے کہیں بھی اسے دہرایا جا سکتا ہے۔گھر یا دفتر کہیں بھی بس دس منٹ کا فیشل یوگا جلد کو طویل عرصے تک عمر کے ضمنی اثرات سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔

Browse More Massage for Women - Face Massage, Body Massage

Special Massage for Women - Face Massage, Body Massage article for women, read "Facial Yoga" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.