Zindagi Taro Taazgee Ki Khwahan - Article No. 2039

Zindagi Taro Taazgee Ki Khwahan

زندگی ترو تازگی کی خواہاں - تحریر نمبر 2039

اگر آپ کی عمر 40سال کے ہند سے سے اوپر پہنچ گئی ہے تو اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں ہے اب آپ اپنا خیال رکھنا چھوڑ دیں ۔دراصل میچور عمر میں آپ کی شخصیت

بدھ 17 اپریل 2019

شامِ زندگی جوش وجذبوں سے بھر پور تروتازگی کی خواہاں!
عمر گزشتہ میں جینے کے بجائے اپنے آنے والے ہر پل کو خوبصورت انداز دیں آپ کی شخصیت خود بخود یکتا نظر آئے گی
چہرے پر خوشگوار تاثر رکھنے کے لیے ذہن کو تفکرات سے پاک رکھیں اور اپنے اردگرد سے خوشیاں کشیدکریں ‘خوشگوار احساسات اور پر سکون انداز آپ کے چہرے کو ایک نئی، شادابی عطا کرتا ہے
شاہانہ دلشاد
اگر آپ کی عمر 40سال کے ہند سے سے اوپر پہنچ گئی ہے تو اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں ہے اب آپ اپنا خیال رکھنا چھوڑ دیں ۔

دراصل میچور عمر میں آپ کی شخصیت ایک گریس فل تاثر کے ساتھ نمایاں ہوتی ہے اور فیشن کی جدت کے ساتھ ساتھ مناسب انداز میں اپنی شخصیت کو دلکش بنانا اور بناؤ سنگھار کرنا آپ کا بنیادی حق ہے ۔

(جاری ہے)

اس عمر کے دورانیے میں آپ اگر ورکنگ وویمن ہیں تو یقینا اپنی کامیابیوں کو انجوائے کرنے کے دور سے گزررہی ہیں اور اگر آپ گھریلو خاتون ہیں تب بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ کامیاب دور گزار کراب آپ ایک معتبر مقام وحیثیت رکھتی ہیں 30کی دہائی کی نسبت 40کی دہائی میں نسبتاً پر سکون زندگی شروع ہوتی ہے ۔

یاد رکھیں زندگی کبھی ختم نہیں ہوتی گوکہ40 کے بعد عموماً اور 50کے بعد لازمی صحت کے کچھ نہ کچھ مسائل کا سامنا آپ کو کرنا پڑ سکتا ہے ۔جس کے باعث ہو سکتا ہے کہ آپ کچھ دل گرفتہ ہو جائیں لیکن اکثر خواتین اس راز کو پالیتی ہیں کہ عمر عزیز کا یہ دور کسی بھی ایج گروپ کی نسبتاً زیادہ خوشگوار اور زیادہ زندہ دلی کے ساتھ زندگی سے لطف اندوز ہونے کا ہے ہماری بتائی ان باتوں پر عمل کرکے زندگی کے اس دور سے لطف اندوز ہوں۔

اپنی ذات کو اہمیت دیں
یہاں ہم آپ کی خوبصورتی کو نکھارنے کے لیے کچھ ایسی ٹپس دیں گے جن پر عمل کرکے آپ اپنی گریس فل شخصیت کو مزید پرکشش بنا سکتی ہیں سب سے اہم کہ خود کو کبھی نظر انداز نہ کریں اور اپنی ذات کو بھی اہمیت دیں اپنے احساسات کو جاننے کی کوشش کریں اور روزمرہ کے کاموں میں سے خود اپنے لیے بھی وقت نکالیں ۔
اپنے چہرے اور جلد کی صحت وصفائی پر خصوصی توجہ دیں اور اپنی خوراک کو متوازن رکھیں اس عمر میں جلد میں نمی کم ہو جاتی ہے جس کے باعث جلد بے رونق لگنے لگتی ہے ۔
اپنی جلد کو موئسچرائز کرنے کے لیے پانی کا استعمال زیادہ رکھیں ہری سبزیوں اور تازہ پھلوں کا رس آپ کی جلد کو تروتازہ رکھنے میں انتہائی مدد گار ثابت ہو گا۔اس کے علاوہ موئسچرائزر کا استعمال بھی ضرور کریں تاکہ آپ کی جلد کو اندرونی اور بیرونی طور پر تحفظ حاصل ہو سکے ۔ہمیشہ کوشش کریں کہ آپ پوری نیند لیں نیند کی کمی مجموعی صحت کے ساتھ ساتھ آپ کی خوبصورتی کو بھی متاثر کرتی ہے ‘پر سکون نیند کے لیے اپنے ذہن کو تفکرات سے پاک رکھنے کی کوشش کریں ۔
یوں تو زندگی میں مسائل موجود ہی ہوتے ہیں لیکن اپنے اردگرد سے خوشیاں کشید کرنے کی کوشش کریں یہ خوشیاں اس وقت آپ حاصل کر سکتی ہیں جب مثبت سوچوں کو ذہن میں جگہ دیں اور پر سکون رہنا سیکھیں۔ خوشگوار احساسات اور پر سکون انداز آپ کے چہرے کو ایک نئی شادابی عطا کرتا ہے اور شخصیت کو متاثر کن بناتا ہے ۔
جدید فیشن کے مطابق لباس کا انتخاب کرتے ہوئے ذرا محتاط انداز اختیار کریں کوشش کریں کہ آپ کا انتخاب باوقار ہو اور آپ کی شخصیت کا تاثر خراب نہ ہو۔

چہرے کی دلکشی کے لیے میک اپ سے مددلیں
آپ میک اپ کرتے ہوئے چند باتوں کا خیال رکھ کر اپنی شخصیت کی پر وقار خوبصورتی میں اضافہ کر سکتی ہیں ۔اگر آپ کی جلد پر مسکراہٹ کی لکیریں نمایاں ہیں یا آنکھوں کے نیچے شکنیں ہیں تو آپ انہیں کنسیلر کی مدد سے چھپا سکتی ہیں۔
میک اپ کرتے ہوئے ایسے رنگوں کا انتخاب کریں جو قدرتی رنگوں سے قریب ترہوں ۔
روز مرہ کا میک اپ کرتے ہوئے اپنی بیس پر توجہ دیں بہت ہلکا فاؤنڈیشن اپنی جلد کی مناسبت سے اپلائی کریں آپ بیس کریم یا لوشن کی شکل میں استعمال کریں تو زیادہ بہتر ہو گا تا کہ جلد پر شکنیں نمایاں نہ ہوں۔
آئی پنسل سے آنکھوں کی شیپ کو نمایاں کریں۔ اگر چاہیں تو پلکوں پر مسکارے کا صرف ایک کوٹ اپلائی کرلیں اس سے آنکھوں میں جاندار تاثر آجائے گا۔

نیچرل سوفٹ رنگوں کی لپ اسٹک ہونٹوں پر لگائیں اسی طرح بلش آن کا استعمال کرتے ہوئے چہرے کو روشن تاثر دیں۔
اگر آپ شام کی کسی پارٹی میں شرکت کے لیے جارہی ہیں تو آپ اپنے میک اپ میں نسبتاً شوخ رنگ استعمال کریں بھاری بیس کو ہمیشہ نظر انداز کریں اور جلد کے مطابق میک اپ کریں۔ لپ اسٹک لگاتے ہوئے اپنے ہونٹوں کی شیپ کو واضح کرنے کے لیے لپ لائنر کا استعمال بھی کریں اسی طرح آنکھوں پر آئی پنسل استعمال کریں ۔
گلیمرس انداز یا تاثر لانے کے لیے جو بلش آن رخسار پر استعمال کریں اسی سے آنکھوں کے اوپر ہلکا شیڈ دیں اس سے آپ کے چہرے پر خوبصورت تاثر ابھرے گا۔ کبھی بھی بھاری آئی میک اپ نہ کریں اس سے آپ کی آنکھیں تھکی ہوئی اور بوجھل نظر آئیں گی ۔اسی طرح پلکوں پر مسکارے کا کوٹ زیادہ نہ لگائیں کیونکہ یہ آنکھوں کی خوبصورت کو نمایاں کرنے کے بجائے مصنوعی تاثر دے گا۔
اگر آپ کی گردن پر لکیریں نمایاں ہیں تو کوئی ایسا نیکلس پہن لیں جو کہ آپ کی گردن کی خوبصورتی کو اُجا گر کرے۔
خوشگوار مہک پر مشتمل پر فیوم استعمال کریں
پر فیوم شخصیت کے تاثر کو نکھارتا ہے ۔لہٰذا پر فیوم کا استعمال لازمی رکھیں ۔اس کا انتخاب کرتے ہوئے ہلکی اور دیر پارہنے والی خوشبو کا انتخاب کریں ۔یاد رکھیں آپ کا لگایا ہوا پر فیوم آپ کا تعارف بن جاتا ہے لہٰذا ایسی خوشبوؤں کا انتخاب ہر گزنہ کریں جو کہ بہت زیادہ تیز یا غیر معیاری ہوں۔

اپنے بالوں کو اسٹائل دیں
بال شخصیت کے نکھار میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اپنے بالوں کو دلکش تاثر دیں عمر کے اس مرحلے میں مختلف انداز کے جوڑے بہت باوقار لگتے ہیں لیکن اگر آپ کے بال لمبے نہیں ہیں تو انہیں اس اندازسے سیٹ کریں کہ آپ کی شخصیت پر وقار لگے اگر آپ کوشارٹ ہےئر اسٹائل پسند ہیں تو بالوں کو یہی انداز دیں۔
اگر آپ کے بالوں میں سفید بال شامل ہورہے ہیں یا آپ کے بالوں کا رنگ ہلکا ہو گیا ہے تو اس کے لیے دل برداشتہ نہ ہوں بلکہ اپنے بالوں کے لیے جدید فیشن کیس مطابق اپنی شخصیت اور رنگت سے مطابقت رکھتے ہوئے رنگ کا انتخاب کریں اور اپنے بالوں کو ڈائی کروائیں اس سے آپ کی شخصیت میں مزید نکھار آئے گا‘لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ ہےئر کلر ہمیشہ معیاری اور کسی ماہر بیوٹیشن کے ذریعے استعمال کریں ۔
تاکہ کسی قسم کے مضر اثرات کا خدشہ نہ رہے۔
اپنی مسکراہٹ کی حفاظت کریں
آپ کی شخصیت پر آپ کی مسکراہٹ بہت اثر انداز ہوتی ہے اس لیے اپنی مسکراہٹ کو خوبصورت بنانے کے لیے اپنے دانتوں کی صفائی کا خصوصی خیال رکھیں ۔دن میں کم ازکم 2بار دانت برش کریں اور ہر کھانے کے بعد کلی کرنا اپنی عادت بنالیں اس طرح خوراک کے ذرات منہ اور دانتوں کے درمیان جمع نہیں ہوں گے ایسا ٹوتھ پیسٹ استعمال کریں جس میں فلورائیڈ موجود ہو۔
اگر ضرورت محسوس ہوتو فلاس بھی ضرور کریں تاکہ دانت صاف رہیں ۔کم از کم ہر 6ماہ بعد اپنے دانتوں کا معائنہ کروانے ڈینٹسٹ کے پاس جائیں تاکہ آپ اپنے دانتوں کی صحت سے بھی آگاہ رہیں اسی طرح بوقتِ ضرورت دانتوں کی مکمل صفائی (Scaling Cleaning)بھی کروائیں ۔
اپنا حلقہ احباب بڑھائیں
خود کو سوشل کریں آپ کے اردگرد بہت سے لوگ ایسے ہوں گے جن کے ساتھ آپ اپنا فارغ وقت خوشگوار انداز میں گزار سکتی ہیں۔
دوسروں کے کام آنے کی کوشش کریں اور لوگوں کے مسائل خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کریں ۔پہلے زمانے میں محلوں میں خواتین کی ایسی محفلیں جما کرتی تھیں جہاں سب گھر کے کاموں سے فارغ ہو کر بیٹھ جاتی تھیں اور وہیں تمام بات چیت‘معاملات اور مسائل کے حل تلاش کر لیا کرتی تھیں موجودہ دور میں خصوصاً شہروں میں اس طرح کی محفلیں اب آباد نہیں ہوتیں لیکن آپ پھر بھی اپنے گھر اور آس باس پاس رہنے والوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھ سکتی ہیں اسی طرح دوررہنے والے رشتہ داروں کے ساتھ نیٹ ورکنگ رکھنے کے لیے فون گفتگو کاایک بہترین ذریعہ ہے ۔

اپنے دوستوں کی تعداد بڑھائیں تاکہ آپ تنہائی محسوس نہ کریں۔
صحت بخش غذاؤں کا استعمال کریں
اپنے جسم کی ضروریات کو جاننے کی کوشش کریں محسوس کریں کہ آپ کس طرح کی خوراک کھانا چاہتے ہیں ہو سکتا ہے جو غذا کھانے کا آپ کا دل چاہتا ہے اس کی آپ کو ضرورت بھی ہو ‘لیکن یہ ضروری نہیں ہے کیونکہ ایسا ہمیشہ درست ثابت نہیں ہوتا ۔لیکن کبھی یہ درست بھی ہوتا ہے مثال کے طور پر اگر آپ کو ذیابیطس ہے اور آپ کا دل میٹھی چیز کھانے کو چاہے تو یہ ممکن ہے کہ خون میں شوگر کی مقدار کم ہو گئی ہو جس کی کمی دور کرنے کے لیے تھوڑی مقدار میں سوئیٹ وغیرہ لی جا سکتی ہے لیکن اگر جب خواہش ہو میٹھی چیز کھالی جائے تو یہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے تباہ کن ثابت ہو گا۔
لہٰذا وقت کے ساتھ ساتھ اور جسم کے حالات کے مطابق کھانے کی مقدار کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جب آپ 40سال سے زیادہ ہو چکی ہوں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنی غذائی عادات اور طرزِزندگی کو بہتر انداز میں اختیار کریں اور اپنی صحت کی دیکھ بھال رکھیں۔
عمر کے اس عشرے میں آپ کی زندگی کی زیادہ تر چیزیں مستحکم بنیادوں پر ہوں گی اس وقت آپ اپنے جسم کی غذائی ضرورت پوری کریں گے تو وہ آگے کی زندگی میں آپ کے لیے سود مند ثابت ہو گی ۔
لہٰذا اگر آپ نے پہلے کبھی اپنی خوراک پر توجہ نہیں دی تو اب بھی وقت ہے ہوش میں آئے اور متوازن اور غذائیت سے بھر پور خوراک کی جانب توجہ دیں ۔خصوصاً ان غذائی اشیاء کو ضروراپنی خوراک میں شامل رکھیں۔یہ آپ کی مطلوبہ غذائی اجزافراہم کریں گے ۔
دہی
یہ دیگر ڈیری مصنوعات کی طرح کیلشیم کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے ۔اس کے ذریعے آپ کے جسم کےYouthfulness کو بر قرار رکھنے میں بہت مدد ملتی ہے عمر کے ساتھ ساتھ بائنڈ نگ پروٹین کولیجن کم ہو جاتی ہے ۔
جس کی وجہ سے اعصاب اور جلد کمزوری ہو جاتی ہے اس طرح کیلشیم کی کمی سے ہڈیاں کمزور ہوجاتی ہیں یہ بیٹا آکسیڈنٹ کے طور پر بھی کام کرتی ہے اور عمل انہضام میں مدد فراہم کرتی ہے ۔
بادام
یہ وٹامن ای‘امینو ایسڈ کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے اس میں موجودہ کولیسٹرول کم خراب ہو تا ہے یہ بیٹا آکسیڈنٹ پر مشتمل بھی ہے ۔یہ سورج کی شعاعوں سے ہونے والے نقصانات سے تحفظ فراہم کرتا ہے ۔
اس کے استعمال سے یادداشت بہتر رہتی ہے اور یادداشت پر عمر کے ساتھ ہونے والے برے اثرات سے محفوظ رہا جا سکتا ہے ۔
فلیکس بیج
یہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈ سے بھر پور ہے جو جلد جھریوں اور داغ دھبوں کی صفائی میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں ۔اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کا 6ہفتوں تک روزانہ آدھا کھانے کا چمچہ استعمال کرنا جلد کے لیے انتہائی مفید ہے یہ جلد کو بہتر حالت میں رکھتا ہے ۔

ٹماٹر
یہ قدرت کے شاندار تحفوں میں سے ایک ہے ۔یہ اینٹی اوکسیڈنٹ کی طرح جسم کو مختلف کیسز سے بچاتا ہے اور اس کی روک تھام میں مدد دیتا ہے یہ کولیسٹرول لیول کو رینج میں رکھنے کے لیے بھی مددگار ہے ۔یہ تازہ سلاد کے ساتھ یا پکا ہوا دونوں طرح مفید ہے ۔
اپنی طرز زندگی کو مثبت انداز دیں
40سال کے بعد خواتین کو اپنا خصوصی طور پر خیال رکھنا چاہیے ۔
روز مرہ کے امور نمٹانے کے ساتھ ساتھ اپنے آرام کا بھی خصوصی خیال رکھیں ۔اگر آپ کے بال سفید ہورہے ہیں تو ڈپریشن کا شکارنہ ہوں بلکہ کسی بھی خوبصورت رنگ میں اپنے بال ڈائی کروالیں لیکن یہ رنگ آپ کی شخصیت اور قدرتی رنگت سے قریب تر ہونا چاہیے۔یہاں ہم آپ کی گریس فل خوبصورتی اور پرکشش شخصیت کے لیے کچھ تجاویز دے رہے ہیں ان پر ضرور عمل کریں۔

عام طور پر خواتین عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ سستی اور لاپروائی اختیار کر لیتی ہیں بڑھتی عمر کے ساتھ وہ اس بات کو قبول کر لیتی ہیں کہ اب ان کی شخصیت اور خدوخال خرابی کی ہی طرف جائیں گے ۔وزن بڑھ جائے گا ہر وقت تھکن محسوس ہو گی اور زندگی جوش‘جذبے اور خوشی سے خالی ہو جائے گی۔دراصل ہمارا جسم ہمارے ذہن کے تابع ہوتا ہے اور جو کچھ ہم سوچتے ہیں ویسا ہی محسوس بھی کرتے ہیں آپ نے اکثر محسوس کیا ہو گا کہ جب ہمت ٹوٹتی ہے تو اعصاب بھی جواب دے جاتے ہیں لہٰذا اپنی سوچ کو مثبت بناتے ہوئے خود کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھیں۔

چالیس سال کی عمر کے بعد اپنا میڈیکل چیک اپ باقاعدگی سے کرواناچاہیے ۔تاکہ صحت کے بارے میں صحیح معلوم حاصل ہو سکیں مثلاً خون کی کمی ہونا‘بلڈ پریشر یا ذیابیطس کا شکار ہو جانا اور اسی طرح کی دوسری بیماریوں کی بروقت تشخیص کو یقینی بنایا جا سکے۔
اگر آپ ملازمت پیشہ خاتون ہیں تو بھی آرام کے لیے وقت نکالیں ۔کچھ وقت اپنے اعصاب اور ذہن کو بھی پر سکون ہونے کا موقع دیجیے۔

صفائی کا خصوصی خیال رکھیں‘باقاعدگی سے غسل کی عادت اپنائیں اور تروتازگی کے احساس کے لیے کبھی کبھی اینشل باتھ بھی لیں۔
اپنے وزن کو کنٹرول میں رکھیں اپنے قد اور عمر کی مناسبت سے اپنے وزن کو رکھیں ۔غیر ضروری ڈائٹنگ نہ کریں ایسی خوراک کا استعمال کریں جو صحت بخش ہو‘شکر اور چکنائی کے غیر ضروری استعمال میں محتاط رہیں اسی طرح نمک بھی احتیاط کے ساتھ کریں۔

چہل قدمی کی عادت اپنائیں اور روزانہ کم از کم 1گھنٹہ ضرور چہل قدمی کریں۔
ہلکی پھلکی ورزش اور یوگا کو اپنے معمول کا حصہ بنالیں یہ آپ کی صحت اور خوبصورتی کے بہتر ین تاثر کے لیے مددگار ہو گا لیکن سخت مشقت اور سخت قسم کی ورزش سے اجتناب کریں۔
زیتون کے تیل سے ہاتھوں اور پیروں کا مساج کریں یہ جلد کی رنگت نکھارنے کے ساتھ ساتھ عضلات کو بھی مضبوط بناتا ہے ۔

اپنے بالوں کا بھی خصوصی طور پر خیال رکھیں ہفتے میں کم از کم 3بار بال شیمپو سے دھوئیں اور کنڈیشنگ کریں ۔بالوں اور اس کی جڑوں میں تیل لگا کر ہفتے میں1-2بار مساج کریں۔
ہاتھوں پر ہینڈ لوشن کا استعمال ضرور کریں روزانہ رات کو ہاتھوں پرلوش لگا کر مساج کریں۔
اپنا موڈ کوشگوار رکھیں کوشش کریں کہ چہرے پر مسکراہٹ موجود رہے ۔خوش رہیں تاکہ آپ کے چہرے پر پر مژدگی نظر نہ آئے ہمیشہ مسکراتے رہنا آپ کے چہرے کو شادابی بخشتے گا۔

عمر کے ساتھ ہونٹ پتلے ہو جاتے ہیں لہٰذا ایسے گہرے میٹ کلر استعمال نہ کریں جن سے آپ کے ہونٹ مزید پتلے نظر آئیں۔
جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں
دور جدید کی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں اگر آپ کے گھر یا کسی ایسی جگہ پر انٹرنیٹ کی سہولیات موجود ہیں تو آپ ان کا استعمال سیکھیں۔جو چیزیں چھوٹے بچے بھی با آسانی استعمال کر سکتے ہیں وہ آپ کیوں استعمال نہیں کر سکتیں ۔
اکثر خواتین کو دیکھا گیا ہے کہ وہ کمپیوٹر تو بہت دور موبائل فون بھی استعمال کرنا نہیں جانتیں یا ضرورتاً محدود استعمال کرتی ہیں خود کو ان چیزوں کے استعمال سے آگاہی دیں اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں ۔موبائل کے علاوہ کمپیوٹر اور انٹر نیٹ کا استعمال سیکھیں اور اپنی دلچسپی کے مطابق تفریحی اور معلوماتی مصروفیات ڈھونڈیں ۔ای میلنگ‘سوشل نیٹ ورکنگ اور سر چنگ کرنا سیکھیں یہاں اپ کو ایک پورا جہان آباد ملے گا لیکن دھیان رکھیں آن لائن دھو کھانے کے علاوہ نقصانات بھی اٹھانے پر سکتے ہیں لہٰذا ان چیزوں کو تفریح کی حد تک رکھیں یا فیشن سے لے کر مختلف موضوعات وغیرہ اپنی دلچسپی کے مطابق معلومات جمع کریں‘میک اپ یا نت نئے کھانے بنانا سیکھیں۔

کمپیوٹر گیمز آپ کی ذہنی صلاحیت بڑھاتے ہیں
عمر کے ساتھ ساتھ ذہن کا استعمال کم ہوتا جاتا ہے اور عام طور پر خواتین بالکل بھی اپنی ذہنی صلاحیتوں کا استعمال نہیں کرتیں ۔ذہن یا دماغ کے لیے یہ بات جدید سائنس سے ثابت ہے کہ جتنا زیادہ ذہن استعمال کیا جاتا ہے ذہنی صلاحیتیں اتنی ہی زیادہ بڑھتی ہیں ۔اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کی یادداشت عمر کے ساتھ کمزور نہ ہو اور بڑھتی عمر کے ساتھ آپ الزائمر جیسی بیماری سے محفوظ رہ سکیں تو انٹر نیٹ پر اس مقصد کے لیے موجود مختلف گیمز کھیلیں ۔آپ کو اس کے حیرت انگیز نتائج محسوس ہوں گے اور آپ کے ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ بھی ہوگا۔

Browse More Different Opinions - Mukhtalif Rawaiay

Special Different Opinions - Mukhtalif Rawaiay article for women, read "Zindagi Taro Taazgee Ki Khwahan" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.