اداکارہ راکھی ساونت کو لدھیانہ کی عدالت نے مشروط ضمانت دیدی

راکھی ساونت پر مذہبی جذبات مجروح کرنے کا الزام ہے‘25اگست کو عدالت پیشی کا حکم

پیر 21 اگست 2017 12:02

اداکارہ راکھی ساونت کو لدھیانہ کی عدالت نے مشروط ضمانت دیدی
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) بالی ووڈ کی متنازعہ اداکارہ راکھی ساونت کو لدھیانہ کی عدالت نے مشروط ضمانت دے دی۔سکینڈل کوئین راکھی ساونت اپنے بے باک بیانات کی وجہ سے کافی مشہور ہیں جہاں ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بات کہنے سے کبھی نہیں ڈرتیں وہیں اس باراپنی لمبی زبان کی وجہ سے وہ واقعی بڑی مصیبت کا شکارہوگئی ہیں۔

گزشتہ برس ایک ٹی وی شو کے دوران راکھی ساونت نے رامائن کے مصنف والمکی کا موازنہ بھارتی سنگر اور اپنے قریبی دوست میکا سنگھ سے کیا تھا جب کہ اداکارہ نے والمکی کے خلاف توہین آمیز الفاظ بھی استعمال کیے تھے جس پر لدھیانہ کی عوام نے راکھی ساونت کے خلاف احتجاج کرنے کے ساتھ انہیں فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس کیس میں راکھی ساونت کے کئی بار وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں، لدھیانہ ہائی کورٹ نے انہیں رواں ماہ کی 7 تاریخ کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا لیکن راکھی کے بجائے ان کے وکیل نے عدالت میں پیش ہوکراپنی موکلہ کے نہ آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا راکھی ان دنوں ملک سے باہر ہیں اسلیے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، ساتھ ہی انہوں نے عدالت سے راکھی ساونت کی ضمانت میں توسیع کی درخواست بھی کی تھی لیکن عدالت نے ان کی ضمانت میں توسیع سے انکار کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے تاہم گزشتہ روز لدھیانہ ہائی کورٹ کے جج گٴْربیرسنگھ نے اداکارہ کی مشروط ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 25 اگست کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں بھارتی شہر لدھیانہ سے تعلق رکھنے والے بیرسٹر نریندرا آدیا نے راکھی ساونت کے خلاف آئی پی سی کے سیکشن 295 کے تحت مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام میں درخواست دائر کی تھی۔
وقت اشاعت : 21/08/2017 - 12:02:44