حبیب جالب کی 25 ویں برسی منائی گئی

پیر 12 مارچ 2018 14:33

حبیب جالب کی 25 ویں برسی منائی گئی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2018ء) اردو شاعر حبیب جالب کی 25 ویں برسی پیر کو منائی گئی۔ حبیب جالب 1928ء میں دسوہہ ضلع ہوشیار پور ’’موجودہ بھارتی پنجاب‘‘ میں پیدا ہوئے۔ پہلا مجموعہ کلام برگ آوارہ کے نام سے 1957ء میں شائع کیا۔ مختلف شہروں سے ہجرت کرتے ہوئے بالآخر لاہور میں مستقل آباد ہوگئے۔ آزادی کے بعد کراچی آ گئے اور کچھ عرصہ معروف کسان رہنما حیدر بخش جتوئی کی سندھ ہاری تحریک میں کام کیا۔

یہیں ان میں طبقاتی امتیاز کا شعور پیدا ہوا اور انہوں نے معاشرتی ناانصافیوں کو اپنی نظموں کا موضوع بنایا۔ 1956ء میں لاہور میں رہائش اختیار کی۔ ایوب خان اور یحییٰ خان کے دور آمریت میں متعدد بار قید و بند کی صعوبتیں جھیلیں۔ جالب نے 1960ء اور 1970ء کے عشروں بہت خوبصورت شاعری کی۔

(جاری ہے)

انہیں مشہور پاکستانی فلم زرقا میں ’’رقص زنجیر پہن کر بھی کیا جاتا ہے‘‘ لکھنے پر شہرت حاصل ہوئی۔

اس کے علاوہ بھی انہوں نے کئی فلموں کے لئے گیت لکھے۔ ابتداء میں جگر مراد آبادی سے متاثر تھے اور روائتی غزلیں کہتے تھے۔ حبیب جالب کی سیاسی شاعری آج بھی عام آدمی کو ظلم کے خلاف بے باک آواز اٹھانے کا سبق دیتی ہے۔ حبیب جالب کی پوری زندگی فقیری میں گذری۔ ان کو نگار فلمی ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے علاوہ 2006ء سے ان کے نام سے حبیب جالب امن ایوارڈ کا اجراء کیا گیا۔ ان کا انتقال 12 مارچ 1993ء کو ہوا۔
وقت اشاعت : 12/03/2018 - 14:33:36