کپل شرما کا شو ایک بار پھر بند ہونے کے قریب

پیر 24 اپریل 2017 21:51

کپل شرما کا شو ایک بار پھر بند ہونے کے قریب
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2017ء)ایسا کہنا غلط نہیں ہوگا کہ ہندوستانی کامیڈین کپل شرما کے ستارے آج کل کافی گردش میں چل رہے ہیں۔ساتھی کامیڈین سنیل گروور کے ساتھ جہاز میں ہونے والے جھگڑے کے بعد سے کپل شرما کو نہ تو ان کی انڈسٹری سے کوئی سپورٹ ملا، نہ ہی مداحوں نے ان کا ساتھ دیا۔سنیل گروور کے شو کو چھوڑ کر جانے کے بعد سے اب تک کپل شرما کے کامیڈی شو کی ریٹنگ بھی کافی گر چکی ہے، اور اب سونی چینل نے دی کپل شرما شو کو بند کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

بولی وڈ لائف کی رپورٹ کے مطابق سونی چینل نے شو کی گرتی ہوئی ریٹنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات پر غور کیا کہ اس شو کے لیے 107 کروڑ ہندوستانی روپے دینا کسی بیوقوفی سے کم نہیں ہوگا۔حال ہی میں کپل شرما نے سونی پر نشر ہونے والے اپنے کامیڈی شو کی 100 اقساط مکمل ہونے کا جشن منایا، جس کے بعد چینل اس معاہدے کو بڑھانے میں دلچسپی نہیں لے رہا۔ایسی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں کہ سونی چینل سنیل گروور سے ایک نیا اور الگ شو کی میزبانی کے لیے رابطے میں ہے، تاہم فی الحال سنیل گروور نے کسی آفر کو قبول نہیں کیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل کلرز چینل اور کپل شرما کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے باعث ان کے شو کامیڈی نائٹس ود کپل شو کا اختتام کردیا گیا تھا۔۔
وقت اشاعت : 24/04/2017 - 21:51:09