معروف گٹارسٹ عامر ذکی کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا

ہفتہ 3 جون 2017 22:35

معروف گٹارسٹ عامر ذکی کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2017ء) معروف گٹارسٹ عامر ذکی کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ہے۔ قبل ازیں ان کی نماز جنازہ نماز فجر کے بعد ادا کی گئی جس میں خاندان، دوست احباب اور مداحوں نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں عامر ذکی کی تدفین کی گئی۔ عامز ذکی کے اہل خانہ کے مطابق ان کا انتقال گزشتہ روز حرکت قلب بند ہو جانے سے ہوا۔

ان کی عمر 49 برس تھی۔ عامر کے بھائی نے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔ عامر ذکی کچھ عرصہ جنید جمشید کے مشہور بینڈ وائٹل سائنز سے بھی وابستہ رہے تاہم انہوں نے 1995ء میں اپنی پہلی سولو میوزک البم سگنیچر ریلیز کی، ان کا گانا میرا پیار تم ہی تو ہو کو کافی مقبولیت حاصل ہوئی۔ عامر ذکی نے اپنے میوزک کیریئر کے دوران بھارت، دبئی، انگلینڈ اور امریکا میں کئی پروگرامز کئے، امریکا میں مشہور گلوکار عالمگیر کے ساتھ ان کے دو گانوں ’’کہہ دے نا‘‘ اور ’’البیلا راہی‘‘ پر پرفارم کیا جسے کافی پسند کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

عامر ذکی کے انتقال پر شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات اور مشہور گٹارسٹ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ عامرذکی نے تقریباً تیس برس سے زائدموسیقی کے میدان میں اپنے فن کا جادو جگایا۔ وہ گٹارسٹ ہونے کے علاوہ موسیقاراورگلوکار بھی تھے۔
وقت اشاعت : 03/06/2017 - 22:35:15