ہالی ووڈ کی 10 اداکارائیں باکمال اداکاری سے بہترین اداکارائیں کہلائیں

پیر 16 اکتوبر 2017 12:12

ہالی ووڈ کی 10 اداکارائیں باکمال اداکاری سے بہترین اداکارائیں کہلائیں
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء)ہالی ووڈ نے جہاں انتہائی شاندار مرد فنکار پیدا کئے، وہیں اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اس فلمی صنعت نے عدیم النظیر خاتون فنکارائیں بھی دیں جن میں ان گرڈ برگ مین‘الزبتھ ٹیلر‘صوفیہ لورین‘جولیا رابرٹس‘میریل سٹریپ‘ساندرہ بلوک‘نکول کڈمین‘جوڈی فوسٹر‘انجلینا جولی اورکیٹ ونسلیٹ شامل ہیں-ویسے تو ہالی وڈ کی کچھ اور اداکارائوں کا نام بھی لیا جا سکتا ہے جنہوں نے بہت شہرت حاصل کی اور اپنی باکمال اداکاری کی وجہ سے عظیم اداکارائیں کہلوائیں لیکن مذکورہ بالا دس اداکارائیں اس حوالے سے سب سے آگے ہیں۔

مشہور فلمی نقادوں کی ان کے بارے میں جو رائے ہے وہ اوپر بیان کر دی گئی ہے۔ان اداکارائوں نے اپنی باکمال اداکاری سے کروڑوں لوگوں کو متاثر کیا۔

(جاری ہے)

برگ مین سویڈن میں پیدا ہوئی تھی۔ اس نے ’’اینا سیٹیسا‘‘ اور ’’گیس لائٹ‘‘ میں لازوال اداکاری پر آسکر ایوارڈ جیتا۔ 1974ء میں اسے ’’مروڑ آن دی اورینٹ ایکسپریس‘‘ میں بہترین معاون اداکارہ کے طور پر آسکر ایوارڈ دیا گیا۔

1967ء میں اس عدیم النظیر اداکارہ کا سرطان کے مرض کی وجہ سے انتقال ہو گیا۔ہالی وڈ کی پرانی فلموں کا ذکر کیا جائے تو الزبتھ ٹیلر کے نام کا ذکر نہ کرنا ناانصافی ہو گی۔ الزبتھ ٹیلر بہت حسین عورت تھی اور خاص طور پر اس نے اپنی جادوئی آنکھوں سے ہر کسی کو مسحور کر رکھا تھا۔ وہ بلا کی ذہین اداکارہ تھی۔ اس کی ایک وجہ شہرت اس کی بہت زیادہ شادیاں تھیں۔

ہالی وڈ کے نامور اداکار رچرڈ برٹن سے اس نے تین بار شادی کی۔ فلم ’’قلوپطرہ‘‘ میں بھی اس نے غضب کی اداکاری کی۔ الزبتھ ٹیلر کو دو دفعہ آسکر ایوارڈ دیا گیا جبکہ پانچ بار اسے اس ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا۔ صوفیہ لورین کا تعلق اٹلی سے ہے۔ یہ بھی عظیم اداکارہ ہے اور اس نے اپنی زبردست اداکاری سے لاکھوں لوگوں کو اپنا گرویدہ بنایا۔ اس کی فلموں ’’ٹو وومین‘‘ اور ’’سن فلاور‘‘ کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

جولیارابرٹس نے کبھی یہ سوچا بھی نہیں ہو گا کہ وہ ایک دن امریکا کی مقبول ترین اداکارہ بن جائے گی۔ اس نے بڑا شاندار کام کیا اور کروڑوں لوگوں کو اپنی بے مثال اداکاری سے متاثر کیا۔ اس کے والدین بھی ایک زمانے میں ڈرامہ نگار اور اداکار تھے۔ جولیا رابرٹس کو چار دفعہ آسکر کیلئے نامزد کیا گیا جبکہ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے میں ایک بار کامیاب ہوئی۔

بہت سے فلمی نقاد میریل سٹریپ کو ہالی وڈ کی تاریخ کی بہترین اداکارہ تسلیم کرتے ہیں۔ ساندرہ بلوک کو میریل سٹریپ کے بعد نمبر دو کے طور پر بہترین فنکارہ تسلیم کیا جا سکتا ہے۔ بہت سے فلمی نقادوں کا جواب اثبات میں ہے۔ کچھ نقاد اسے نمبر ون فنکارہ مانتے ہیں اور یہ نمبر ون آل ٹائم ہے۔نکول کڈمین کو موجودہ دور کی ہالی وڈ کی سب سے حیران کن اداکارہ کہا جاتا ہے۔

وہ جتنی حسین ہے، اتنی ہی شاندار اداکارہ بھی ہے۔ اس کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ وہ بلا کی ذہین ہے۔اگر جوڈی فوسٹر کو پیدائشی اداکارہ کہا جائے تو یہ غلط نہ ہو گا۔ اس جیسی باکمال اداکارائیں کم ہی پیدا ہوتی ہیں۔ اسے سپر ایکٹریس بھی کہا جاتا ہے۔ فلم ’’سائلنس آف دی لیمبس اور فائٹ پلان‘‘ کی زبردست کامیابی کی اصل وجہ جوڈی فاسٹر کی زبردست اداکاری تھی۔

اگر اس چیز کو معیار بنایا جائے کہ حسن کے ساتھ اعلیٰ پائے کی اداکاری بھی ہو تو پھر جوڈی فوسٹر سے بڑھ کر کون ہو گا۔ اس نے کئی فلموں میں حیران کن اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ البتہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ کچھ فلموں میں اس نے کرداروں کے انتخاب میں عقلمندی کا مظاہرہ نہیں کیا اور اس کے مداحین کو بہت ملال ہوا۔ اس بات کا جوڈی فوسٹر کو بھی احساس ہے کہ اسے ایسے کردار قبول نہیں کرنا چاہیے تھے لیکن جوڈی کو ان غلطیوں پر معاف کیا جا سکتا ہے۔

انجلینا جولی حسن اور فن کا مجسمہ ہے۔ یہ ان اداکارائوں میں سے ہے جن کا حسن بھی لاثانی ہے اور فن بھی اوج کمال کو پہنچا ہوا ہے۔ٹائی ٹینک سے شہرت حاصل کرنے والی کیٹ ونسلیٹ اس قدر باصلاحیت اداکارہ ثابت ہو گی، اس کا اندازہ شاید کسی نے بھی نہیں کیا ہو گا۔ لیکن اس اداکارہ نے بہت جلد اپنی بہترین اداکاری کی وجہ سے وہ مقام حاصل کر لیا جو بہت کم لوگوں کے مقدر میں ہوتا ہے۔ کیٹ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس نے کم عمری میں ہی اداکاری کی معراج کو چھو لیا۔ اس نے بہت سے ایوارڈز حاصل کیے ہیں۔ وہ برطانوی اداکارہ اور گلوکارہ ہے جس کے مداحین کی تعداد کا کوئی شمار نہیں۔
وقت اشاعت : 16/10/2017 - 12:12:00

Rlated Stars :