فلم پدماوتی پر ایک پھر سیاہ بادل منڈلانے لگے

منگل 9 جنوری 2018 15:23

فلم پدماوتی پر ایک پھر سیاہ بادل منڈلانے لگے
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جنوری2018ء) نئے نام اور ریلیز کی نئی تاریخ کے اعلان کے باوجود فلم پدماوتی پر ایک پھر سیاہ بادل منڈلانے لگے۔ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوتی ابتدا ہی سے مختلف تنازعات کا شکار رہی ہے، ہندو انتہا پسندوں نے ابتدا میں فلم کو روکنے کے لیے سنجے لیلا بھنسالی پر تشدد کرنے کے علاوہ سیٹ اور اداکاروں کے کاسٹیوم تک جلادئیے تھے تاہم سنجے لیلا بھنسالی ٹس سے مس نہ ہوئے اور فلم کو مکمل کرنے کے اپنے ارادے پر قائم رہے۔

بعد ازاں فلم مکمل ہونے کے بعد ہندو انتہا پسندوں نے اس کی بھارت سمیت پوری دنیا میں نمائش پر پابندی کا اعلان کردیا یہاں تک کہا گیا کہ اگر فلم ریلیز ہوئی تو سنجے لیلا بھنسالی کا سر اور دپیکا پڈوکون کی ناک کاٹ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اپنی فلم کے لیے لڑ رہے سنجے لیلا بھنسالی کو راحت اس وقت ملی جب بھارتی سنسر بورڈ نے نام تبدیل کرنے کی شرط پرفلم کو ریلیز کی اجازت دے دی۔

فلم کا نام پدماوتیسے تبدیل کرکے پدماوت کردیا گیا اور اسے 25 جنوری کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تاہم نئے نام اور نئی تاریخ کے باوجود پدماوتیایک بار پھر مشکلات سے دوچار ہوگئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان کی حکومت نے فلم پر ایک بار پھر اعتراض کرتے ہوئے فلم کی نمائش روک دی ہے۔ راجستھانی حکام کا کہنا ہے کہ فلم مختلف قانونی تنازعات کا شکار ہے اور وہ لوگ فلم کو ریلیز کیے جانے پر مکمل سیکیورٹی نہیں دے سکتے یہی وجہ ہے کہ فلم کو راجستھان کے کسی بھی سینما ہال میں ریلیز کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

راجستھان کی وزیراعلی وسوندرا راجے نے مزید کہا کہ رانی پدمنی کی قربانیاں ہماری ریاست کے لیے باعث فخر ہیں، اسی لیے رانی پدمنی ہمارے لیے تاریخ کا صرف ایک باب نہیں بلکہ ہمارا وقار ہیں، ہم اس بات کی بالکل اجازت نہیں دیں گے کہ ہماری رانی کی عزت پر کوئی بھی حرف آئے۔۔
وقت اشاعت : 09/01/2018 - 15:23:00

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :