شیو سینا کی کارروائیوں سے پتہ چلا سرحدیں کیوں ہوتی ہیں‘اداکار شان

جمعرات 22 اکتوبر 2015 11:44

شیو سینا کی کارروائیوں سے پتہ چلا سرحدیں کیوں ہوتی ہیں‘اداکار شان

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اکتوبر۔2015ء)انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا کی جانب سے پاکستانی فنکاروں اور کھلاڑیوں کو دھمکیاں دیے جانے کے بعد انڈسڑی کے متعدد لوگوں نے چپ سادھ رکھی ہے-شیو سینا سے براہ راست دھمکیاں ملنے کے باوجود اداکار ماہرہ خان اور فواد خان کی جانب سے بھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔تاہم حمزہ علی عباسی نے فیس بک پر شیو سینا اور ہندوستانی وزیر اعظم مودی کی ہدایت کے لیے دعا مانگی جب کہ ہندوستان مخالف جذبات رکھنے والے اداکار شان شاہد نے بھی اپنی تاثرات کا اظہار کرنے کے لیے فیس بک کا سہارا لیا۔

فلم ’وار‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار شان کی جانب سے ایک مضبوط ہندوستان مخالف بیان سامنے آیا ہے۔ہمیشہ سے اپنے وطن سے کھل کر محبت کا اظہار کرنے والے شان کا کہنا تھا ’اب تمہیں پتہ چلا کہ سرحدیں کیوں ہوتی ہیں، اب تم انہیں واضح طور پر دیکھ سکو گے۔

(جاری ہے)

شان کے اس بیان کی جہاں کچھ لوگوں نے مخالفت کی مگر اکثریت ان کی حمایت کرتی نظر آئی۔

ایک فیس بک فین کا کہنا تھا کہ اب ہمیں ہر سطح پر انڈین شوبز کا مکمل طور پر بائیکاٹ کرنا چاہیے بالخصوص ہندوستانی فلموں کی پاکستانی سینماوٴں میں لگنے پر مکمل طور پر پابندی لگنی چاہیے-ایک اور فیس بک صارف نے اسے بہترین پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'یہ ہندوستانیوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والی ماورہ حسین کے لیے بلواسطہ پیغام ہے-یاد رہے کہ شیو سینا نے ماہرہ اور فواد کی آنے والی ہندوستانی فلموں 'رئیس' اور 'اے دل ہے مشکل' کی پروموشن کی اجازت نہ دینے کی دھمکی دی تھی۔

شیو سینا کے فلم ونگ چترا پتا سینا کے جنرل سیکریٹری اکشے برداپرکر کا کہنا تھا کہ، ہم ہندوستانی ریاست مہاراشٹر کی سر زمین پر کسی پاکستانی اداکار، کرکٹر یا فنکار کو نہیں آنے دیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے شان ہندوستانی فلموں میں پاکستانی اداکاروں کو کم اہم کردار دیے جانے کو بھی تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے افسوس ہوتا ہے جب میں پاکستان کے قابل اداکاروں کو ہندوستان کی بی گریڈ کی فلموں میں کام کرتے دیکھتا ہوں، میں چاہتا ہوں پاکستانی ’دھوم 4‘ جیسی بڑی فلموں میں اداکاری کریں یہ پاکستان کی کامیابی ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا ہندوستان میں ”وار“ اور’ ’آپریشن 021“ جیسی فلمیں ریلیز نہیں کی گئیں لیکن ہمیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑا۔

وقت اشاعت : 22/10/2015 - 11:44:13

Rlated Stars :