مشہور ہدایتکار سٹیون سپیل برگ نے بیجنگ اولمپکس کے لیے بطور فنی مشیرکام کرنے سے انکار کر دیا

جمعرات 14 فروری 2008 12:02

نیو یارک(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین14 فروری2008 ) مشہور امریکی فلم ہدایتکار سٹیون سپیل برگ نے 2008 کے بیجنگ اولمپکس کے لیے بطور فنی مشیرکام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ان کے اس فیصلے کی وجہ چین کی جانب سے دارفور میں انسانی مصائب پر قابو پانے کے لیے سوڈان پر ضروری دباوٴ نہ ڈالنا ہے۔ سپیل برگ کو اولمپکس کی افتتاحی اور اختتامی تقاریب کے حوالے سے فنی مشیر مقرر کیا گیا تھا اور ان کا کہنا ہے کہ دارفور کا مسئلہ ان کے کردار سے زیادہ اہم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرا ضمیر مجھے یہ کام کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ چینی حکام کی جانب سے اس بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے تاہم یہ کھیلوں کے انعقاد کے حوالے سے پہلا بڑا دھچکا ہے۔ بیجنگ اولمپک کمیٹی کے ذرائع کے مطابق اس بیان کا جواب اعلٰی سطح پر زیرِ غور ہے۔ تاہم یہ فیصلہ نہ صرف چینی حکام کو مشتعل کرے گا بلکہ اس سے ان کی پریشانیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ چینی حکام نے بیجنگ میں اولمپکس کے انعقاد کی دوڑ جیتنے کے بعد سے اب تک چینی سیاست اور ان کھلیوں کو علیحدہ رکھنے کی کوشش کی ہے اور وہ ہر اس شخص کے خلاف رہے ہیں جس نے ان دونوں کو ساتھ ملانے کی بات کی ہو۔
وقت اشاعت : 14/02/2008 - 12:02:05