ٹائی ٹینک کے ایک مسافر کے سامان کی نیلامی

جمعہ 18 اپریل 2008 12:53

واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین18اپریل 2008 )1912میں تیار کیا گیا امریکی بحری جہاز ٹائی ٹینک جس کے بارے میں یہ دعوی کیا گیا تھا کہ وہ کبھی نہیں ڈوب سکتا ،اپریل 1912میں اپنے پہلے ہی سفر کے دوران برف کی ایک چٹان سے ٹکرا کر غرقاب ہو گیا تھا۔اس حادثے میں 1517افراد ہلاک ہوئے تھے ،جو سمندری حادثات کی تاریخ میں ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔اس واقعے کو 96 سال گزر چکے ہیں مگر انکشافات کا سلسلہ اور لوگوں کی دلچسپی ختم نہیں ہوئی نہ ہی اب تک ٹائٹینک کے سامان کی نیلامی کا سلسلہ رکا ہے۔

امریکی خاتون لی لین کی عمر صرف پانچ سال تھی جب وہ اپنے والدین کے ساتھ مشہور زمانہ ٹائٹینک میں سوار ہوئیں۔ ٹائیٹینک اپنے پہلے سفر کے دوران ہی ڈوب گیا۔ اور لی لین کے والد اور تینوں بھائی بھی ۔

(جاری ہے)

لی لین نے اس حادثے کے بعد اس کے بارے میں سوائے ایک بار کے کبھی کچھ نہیں کہا لیکن 2006میں جب 99سال کی عمر میں ان کی موت ہوئی تو ان کے بچوں کو ان کے سامان سے کچھ ایسی چیزیں ملیں جو ٹائٹینک کے حادثے کی یادگار تھیں۔

ہالی ووڈ نیاس حادثے میں زندہ بچ رہنے والوں کی کہانیوں پر بار بار طبع آزمائی کی اور ایسی آخری کوشش جیمز کیمرون کی مشہور فلم ٹائٹینک تھی۔ لی لین کی کہانی سے پتہ چلتا ہے کہ ان کے والد کی پاکٹ واچ سے جس کی سوئیاں عین اس وقت پر جامد ہو گئی تھیں، جب ٹائیٹینک ڈوبا تھا، ان کے والد ین کی شادی کی انگوٹھیوں اور کسی انجانے راز کا پتہ دیتی چابیو ں سے۔

ہنری آلڈریج اینڈ سنز اس مشہور آکشن کمپنی کا نام ہے جو21اپریل کو ٹائیٹینک کے سامان کی نیلامی کر رہی ہے۔ مگر لی لین خاندان کے صندوق کا راز ٹائیٹینک کے ساتھ سمندر میں دفن ہو جانے والے بہت سے خزانوں کی طرح شائد اب بھی سمندر کی تہہ میں موجود ہے۔ اپنی موت سے پہلے جب لی لین نے اس حادثے کے بارے میں بات کی تھی تو صرف اتنا کہا تھا کہ وہ کبھی وہ منظر نہیں بھول سکتیں۔ جب ان کی لائف بوٹ ٹائیٹینک سے دور جا رہی تھی۔اور ان کے والد اور بھائی جہاز کے عرشے سے انہیں دیکھ رہے تھے۔
وقت اشاعت : 18/04/2008 - 12:53:09