دھرمندر کی 81 ویں سالگرہ پرسوں منائی جائیگی

منگل 6 دسمبر 2016 16:09

دھرمندر کی 81 ویں سالگرہ پرسوں منائی جائیگی
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 دسمبر2016ء)بولی ووڈ سینئر اداکار دھرمندر اپنی 81 ویں سالگرہ 8 دسمبر کومنائیں گے ۔بولی ووڈ انڈسٹری میں دھرمندرکا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔اداکارنے فنی سفر کے دوران بطور ایکشن ہیرو شاندار اداکاری کا مظاہرہ کیا۔اداکار کی نجی زندگی سے متعلق چند پوشیدہ حقائق پر نظر ڈالتے ہیں۔دھرمندر 8دسمبر 1935ء کو سکول ٹیچر کیول کشن سنگھ اور ستونت کور کے گھر پیدا ہوئے اور انکا نام دھرم سنگھ دیول رکھا گیا۔

انکا آبائی گاؤں دنگن لدھیانہ میں پخوال کے قریب واقع ہے۔ دھرمندر کو بچپن سے ہی سکول سے نفرت تھی اور اداکار بننے کا جنون تھا۔اداکار نے والدہ کی حوصلہ افزائی سے پہلی مرتبہ فلم فیئر نیو ٹیلنٹ ہنٹ میں درخواست کے ساتھ اپنی تصاویر ارسال کیں۔

(جاری ہے)

پس قسمت کی دیوی ان پر مہربان ہوئی اور وہ مقابلہ جیت گئے۔ مقابلہ جیتنے کے بعد وہ کام کے حصول کیلئے پنجاب سے ممبئی آگئے۔

دھرمندر نے فنی سفر کا آغاز 1960ء میں ارجن ہنگرانی کی فلم ’’دل بھی تیرا ہم بھی تیرے ‘‘ سے کیا۔اداکار کو بطور ایکشن ہیرو1966ء میں فلم ’’پھول اور پتھر‘‘سے تسلیم کیا گیا۔جدوجہد کے دنوں میں دھرمندر کی دوستی منوج کمار سے ہوئی بعدازاں دونوں بولی ووڈ کے سپر ہیروز کے طور پر ابھرے۔اگرچہ دھرمندر نے کئی ایک فلموں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم ہرشکش مکھرجی کی ستیاکام میں انکی اداکاری کو تنقید نگار بھی تسلیم کرنے پر مجبور ہو گئے۔دھرمندر نے بولی ووڈ کی مایہ ناز ہیروئنز مینا کماری، سائرہ بانو، شرمیلا ٹیگور، ممتاز ، آشا پاریکھ اور زینت امان کے ساتھ رومانس سے بھرپور کردار بھی اداکیے۔لیکن ہیما مالنی کے ساتھ انکی جوڑی کو بہترین قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 06/12/2016 - 16:09:10