خیبر میں سکیورٹی فورسزکا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک

مرنے والوں میں دہشت گردوں کے سرغنہ بھی شامل ہیں‘ جن سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا‘ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا گیا۔ ائی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 25 اپریل 2024 17:19

خیبر میں سکیورٹی فورسزکا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل 2024ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبرمیں سکیورٹی فورسزنے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسزاور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے جن میں دہشت گرد سرغنہ سہیل عظمتو اور دہشت گرد سرغنہ حاجی گل زرکاوی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کر دیا گیا، مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے، جن کے مرنے پر اہل علاقہ نے آپریشن کو سراہا، علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

دو روز قبل سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبر پختونخوا میں 2 مختلف مقامات پر آپریشن کیے گئے اس دوران 11 دہشت گرد مارے گئے، سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس آپریشن کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا اور سکیورٹی فورسز نے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپ ہوئی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا، تمام دہشتگرد فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، آپریشنز کے دوران ہتھیار، گولیاں اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جب کہ سکیورٹی فورسز کے آپریشنز اور دہشت گردوں کے خاتمے کیلیے مقامی افراد کی حمایت حاصل تھی۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments