متحدہ عرب امارات میں بارشوں کے ایک اور سلسلے کے آغاز کی پیشن گوئی

مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان، بارشوں کا سلسلہ جمعہ تک جاری رہنے کا امکان

muhammad ali محمد علی بدھ 1 مئی 2024 00:56

متحدہ عرب امارات میں بارشوں کے ایک اور سلسلے کے آغاز کی پیشن گوئی
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2024ء) متحدہ عرب امارات میں بارشوں کے ایک اور سلسلے کے آغاز کی پیشن گوئی، مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان، بارشوں کا سلسلہ جمعہ تک جاری رہنے کا امکان۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے وسط میں ریکارڈ توڑ بارشوں کے سلسلے کا سامنا کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات میں بارشوں کے ایک نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے۔

اماراتی محکمہ موسمیات کے مطابق متحدہ عرب امارات بحیرہ احمر سے سطحی کم دباو کی توسیع سے متاثر ہو رہا ہے، ہوا کا یہ کم دباو آئندہ چند روز کے بارشوں کا باعث بنے گا۔ آئند چند روز کے دوران مرطوب جنوب مشرقی ہوائیں بھی عرب امارات کے موسم پر اثر انداز ہوں گی۔ اسی باعث متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں بدھ سے لے کر جمعہ تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اماراتی محکمہ موسمیات نے وضاحت کی ہے کہ بارشوں یہ سلسلہ اپریل کے وسط میں ریکارڈ بارشوں کا باعث بننے والے سلسلہ جتنا طاقتور نہیں ہو گا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ کے وسط میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ریکارڈ توڑ طوفانی بارشوں کے بعد متعلقہ حکام موسم کی تازہ ترین صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ متعلقہ ادارے کسی بھی غیر معمولی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔

جبکہ شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ غیر معمولی موسمی صورتحال کے دوران تمام احتیاطی تدابیر پر سخت سے عملدرآمد کریں۔ خاص کر ایسے علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں جہاں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہو۔ یہاں یاد رہے کہ اپریل کے وسط میں متحدہ عرب امارات میں زیادہ بارشوں کا 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments