سعودی عرب میں طوفانی بارشیں، مسجد کی چھت گر گئی

سعودی عرب کے کئی شہروں میں جاری موسلادھار بارشوں نے سیلابی صورتحال پیدا کر دی

muhammad ali محمد علی جمعرات 2 مئی 2024 23:59

سعودی عرب میں طوفانی بارشیں، مسجد کی چھت گر گئی
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2024ء) سعودی عرب میں طوفانی بارشیں، مسجد کی چھت گر گئی۔ تفصیلات کے مطابق الجزیرہ ٹی وی کی جانب سے سعودی عرب میں جاری طوفانی بارشوں کے باعث ایک مسجد کی چھت گرنے کی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔ الجزیرہ کے مطابق طوفانی بارشوں کے باعث مسجد کی چھت گرنے کا واقعہ سعودی شہر ظہران میں پیش آیا۔

تاہم مسجد کے چھت گرنے کے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے کئی شہروں میں جاری موسلادھار بارشوں نے سیلابی صورتحال پیدا کر دی۔ سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں سے شہری علاقوں کے علاوہ صحرائی وادیاں بھی پانی سے بھر گئیں۔ عرب میڈیا کے مطابق ریاض، الخرج، القصیم، بریدہ، دمام، الخبر، الاحسا، الجبیل اور دیگر علاقوں میں تیز بارشیں ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

شہروں کی اہم شاہراہیں اور انڈر پاسز میں پانی بھر گیا جبکہ کئی گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔

سعودی میڈیا کے مطابق بارش کا پانی کاروباری مراکز میں بھی داخل ہوا جبکہ خراب موسم کے باعث کئی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ سعودی ٹریفک پولیس نے عوام سے غیر ضروری سفر اور صحرائی وادیوں میں جانے سے گریز کرنے کی درخواست کی ہے۔سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو روز تک موسم غیر یقینی رہے گا۔ سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی صوبہ، دارالحکومت ریاض اور مدینہ کا صوبہ میں غیر معمولی بارش کا امکان ہے، خبردار کیا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں طوفانی بارش کا خدشہ ہے۔

شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ طوفانی بارش والے موسم میں گھروں سے باہر نکلنے سے ہر ممکن طور پر گریز کریں، جن علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہو، ان علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کیا جائے۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments