کسٹم انسپکٹرز بن کر دکان داروں سے بھتہ لینے والے 2 جعلساز گرفتار

ملزمان دکان داروں سے بھتہ خوری سمیت اسمگلرز کو بھی بھتے کے عوض سہولت فراہم کرتے تھے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 18 مئی 2024 13:43

کسٹم انسپکٹرز بن کر دکان داروں سے بھتہ لینے والے 2 جعلساز گرفتار
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی 2024ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کسٹم انسپکٹرز بن کر دکان داروں سے بھتہ لینے والے 2 جعلسازوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار پولیس نے چیکنگ کے دوران کسٹم کے 2 جعلی سب انسپکٹرز سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، نقدی، جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگی گاڑی اور دیگر سامان برآمد کرلیا، اس موقع پر گرفتار ہونے والے کسٹم کے 2 جعلی سب انسپکٹرز کی شناخت محمد عمیر اور حماد احمد کے نام سے ہوئی جن کے تیسرے ساتھی اہل کار کی شناخت اشرف کے نام سے کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ ملزمان دکان داروں سے بھتہ خوری سمیت اسمگلرز کو بھی بھتے کے عوض سہولت فراہم کرتے تھے، ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ، گولیاں، کسٹم کا یونیفارم، بھتے کی مد میں وصول کی گئی 8 ہزار روپے نقدی، 27 پیکٹ سگریٹ برآمد ہوئے، جو انہوں نے اورنگی ٹاؤن مہاجر چوک کے قریب واقع دکاندار کو بلیک میل کرکے بھتے کی مد میں وصول کیے تھے، پولیس نے گرفتار ملزمان سے مزید تحقیقات شروع کردیں۔

(جاری ہے)

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگی سیاہ رنگ کی ٹویوٹا کرولا کار نمبر جی پی 0025 گاڑی کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا، یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان حماد اور اشرف اس سے قبل بھی جعلی سرکاری افسر بن کر لوگوں کو لوٹنے اور اسلحہ کے مقدمات میں گرفتار ہو کر سزا کاٹ چکے ہیں۔ دوسری طرف ساہیوال میں پولیس کی وردیوں میں ملبوس 8مسلح افراد نے رینٹ اے کار شووروم مالک محمد ارشد کو اغوا کر کے 43ہزار روپے بھتہ وصول کر لیا،پولیس نے مقدمہ درج کرکے جعلی پولیس آفیسر کوگرفتارکرلیا، یہ واقعہ نیو فرید ٹائون ساہیوال کے محمد ارشد کے ساتھ پیش آیا جنہوں نے رینٹ اے کار گاڑیوں کا شوروم بنا رکھا ہے، جنہیں ماہم نامی خاتون کا فون موبائل پر آیا اور اسے گاڑی دے کر جانے کے لیے کہا جب محمد ارشد گاڑی لے کر گیاتو ماہم اپنی ماں کے گھر کوٹ خادم علی شاہ جا رہی تھی، اس دوران تو رانا اکمل ،پولیس یونیفارم آفیسر رانا ضیاء، مصطفی اور ماہم نے گاڑی سے اتر کر دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کالج چوک سے اے پی وی وین میں سوار مسلح افراد کے ہمراہ اغوا کر لیااور نا معلوم مقامات پرلے کر گھومتے رہے ۔

بتایا گیا کہ ملزمان نے محمد ارشد سے نقدی43ہزار روپے چھین لی اور تین لاکھ روپے کا بھتہ مانگا اور اسے رہا کرنے کے لیے ورثاء کو بلیک میل کیااور اسے بعد ازاں سڑک پر چھوڑ گئے ، محمد ارشد نے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے ملزموں کی شناخت کر لی اور پولیس فرید ٹائون نے ج محمد ارشد کی مدعیت میں مقدمہ149, 148, 171, 170, 384, 365ت پ درج کر لیا ہے اور تفتیش شروع کر دی ، پولیس نے جعلی پولیس افسر سمیت تین ملزموں کو حراست میں لے لیا ۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments