اسٹیبلشمنٹ نے حکومت بدلنے کی جو بھی سازش کی نواز شریف اس کا ہراول دستہ رہے ہیں، فواد چوہدری

نواز شریف کی حالیہ تقریر سن کر افسوس ہوا، اگر ملک سے باہر جائیں گے تو قوم ان کے لیے کیوں باہر نکلے گی۔ سابق وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 مئی 2024 11:48

اسٹیبلشمنٹ نے حکومت بدلنے کی جو بھی سازش کی نواز شریف اس کا ہراول دستہ رہے ہیں، فواد چوہدری
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2024ء ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت بدلنے کی ہر سازش جو اسٹیبلشمنٹ نے کی ہے نواز شریف اس کا ہر اول دستہ رہے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حالیہ تقریر سن کر افسوس ہوا کیوں کہ نواز شریف اگر ملک سے باہر جائیں گے تو قوم ان کے لیے کیوں باہر نکلے گی؟ اس وقت قوم بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ اس لیے ہے کہ انہوں نے مشکل وقت میں باہر جانے کی بجائے جیل جانا اور وہاں رہنے کو ترجیح دی، اس لیے اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے قائد کو ہر صورت رہا کرنا ہوگا۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہ عوام کی اس وقت اہم بات یہ ہے کہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا اس لیے ضروری ہے کہ اگر عمران خان یہ لڑائی ہار جاتے ہیں پھر تو پاکستان بحثیت ملک اور ہمارا معاشرہ ہی یہ جنگ ہار جائے گا، اور ہم تو افریقہ کا کوئی ملک بن جائیں گے جہاں آئین اور قانون کی کوئی بات ہی نہیں ہوگی، اس لیے اس طرح کی بات کی کوئی حیثیت نہیں کہ اس وقت پی ٹی آئی میں کوئی ناراضگی ہے یا کوئی پارٹی کا حصہ ہے یا نہیں ہے، یہ فرق نہیں پڑتا کہ آپ پی ٹی آئی میں ہوں یا نہ ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بہت بڑی پارٹی ہے جس میں مختلف قسم کی چیزیں ہوتی رہتی ہیں، اختلافات بھی ہوتے رہتے ہیں، پی ٹی آئی میں تھوڑا سا بھی کچھ ہوجائے، چھوٹی سی بھی بات ہوجائے تو ہمارے ہاں شور زیادہ مچ جاتا ہے، میں 2016ء سے یہی دیکھ رہا ہوں کئی بار آپ اوپر ہوتے ہیں بعض اوقات حالات میں آپ نیچے ہوتے ہیں لیکن اس وقت آپ پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں نہ ساتھ ہوں، پارٹی کا حصہ ہوں یا نہ ہوں، اس سے فرق نہیں پڑتا، آپ کو اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، ہر وہ شخص جو پاکستان سے تھوڑی بہت بھی محبت رکھتا ہے، پاکستان کے عوام کی بالا دستی چاہتا ہے، اس کو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا، عمران خان کا ساتھ کسی نے عمران خان کی وجہ سے نہیں دینا بلکہ عمران خان کا ساتھ آپ نے اپنی وجہ سے دینا ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments