محمد مخبر دو ماہ کیلئے ایران کے عبوری صدر مقرر

محمد مخبر کی بطور عبوری صدر تقرری کا اعلان ملک کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی منظوری کے بعد کیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 20 مئی 2024 11:51

محمد مخبر دو ماہ کیلئے ایران کے عبوری صدر مقرر
تہران (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 مئی 2024 ) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد ملک کے نائب صدر محمد مخبر نے دو ماہ کیلئے ملک کی صدارت سنبھال لی،محمد مخبر کی بطور عبوری صدر تقرری کا اعلان پیر کو ملک کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی منظوری کے بعد کیا گیا۔ابراہیم رئیسی کے نائب بننے سے پہلے، محمد مخبر دیزفولی تقریباً 15 سال تک ایران کے امیر ترین اقتصادی گروپوں میں سے ایک ’ستاد اجرائی فرمان امام‘ کے ایگزیکٹو سٹاف کے سربراہ تھے۔

یہ گروپ براہ راست اسلامی جمہوریہ کے رہبرِ اعلیٰ کی نگرانی میں کام کرتا ہے اور کسی بھی ادارے کو جوابدہ نہیں ہے۔ایران کے آئین کے مطابق ملک میں 50 دن کے اندر دوبارہ صدارتی انتخاب کروایا جائے گا، اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین کے آرٹیکل 131 کے مطابق صدر کی موت کی صورت میں، ان کا نائب ’قیادت کی منظوری سے، اپنے اختیارات اور ذمہ داریاں سنبھالتا ہے اور اسمبلی کے سپیکر، عدلیہ کے سربراہ اور عبوری صدر زیادہ سے زیادہ 50 دنوں کے اندر نئے صدر کے انتخاب کا انتظام کرنے کے پابند ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گزشتہ روز آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپس آتے ہوئے موسم کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام جاں بحق ہوگئے تھے۔ایرانی خبر رساں ادارے تہران ٹائمز کا بتانا ہےکہ ہیلی کاپٹر حادثہ تبریز سے 100 کلومیٹر دور پیش آیا جس میں گورنر تبریز بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے ترجمان آیت اللہ علی ہاشم اور مشرقی آذربائیجان کے گورنر بھی اس ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔جلنے کے باعث لاشیں ناقابل شناخت بتائی جا رہی ہیں۔ایرانی حکام کے مطابق کچھ لاشیں جل کر ناقابل شناخت ہوگئی ہیں۔اس سے قبل ایرانی ہلال احمر کے سربراہ کا کہنا تھا کہ صدر رئیسی کا ہیلی کاپٹر کریش ہونے کے بعد زندہ بچے مسافروں کا کوئی نشان نہیں۔اس سے قبل ایرانی عہدیدار نے بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد صدر ابراہیم رئیسی کے بچنے اور زندہ ہونے کی توقعات کم ہیں، ایرانی صدر رئیسی کا ہیلی کاپٹر مکمل طور پر جل گیا ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments