ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 4 روپے فی لیٹر کمی کا امکان

عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث کمی جائے گی، یکم جون سے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق ہوگا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 23 مئی 2024 18:27

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 4 روپے فی لیٹر کمی کا امکان
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی 2024ء) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 4 روپے کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم جون سے ردوبدل کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اوگرا کی جانب سے یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی سفارش کئے جانے کا امکان ہے۔ جس کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے اور ڈیزل کی قیمتوں میں ساڑھے 3 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔

اوگرا کی سفارش پر نئی قیمتوں کا اعلان نئی 31 مئی کی رات کو کیا جائے گا۔ اس سے قبل رواں ماہ 15 مئی 2024ء کو حکومت نے پیٹرولئیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا۔ پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 15.39 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7.88 روپے کمی کردی گئی تھی۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 15.39 روپے فی لیٹرکمی کردی گئی جس کے بعد فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 288.49 روپے کم ہوکر 273.10 روپے ہوگئی۔

ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 7.88 روپے کمی کے بعد 274.08 روپے فی لیٹر ہوگئی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 16 مئی سے ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولئیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رحجان ہے، اوگرا نے بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے رحجان کے تناظر میں صارفین کیلئے قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب پاکستان کی انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قیمت میں 17 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 278 روپے 30 پیسے ہو گئی ہے۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments