واپڈا کے10 ہزار میگاواٹ کے پن بجلی کے زیرتعمیر منصوبے 2028 تک مکمل ہوجائیں گے

منصوبوں سے ماحول دوست اور کم لاگت پن بجلی حاصل ہوگی، واپڈا کی پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت تقریباً دوگنا ہوجائے گی۔ نیشنل گرڈ میں پن بجلی کی موجودہ شرح 29 فی صد ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کے وفد کو بریفنگ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 23 مئی 2024 19:34

واپڈا کے10 ہزار میگاواٹ کے پن بجلی کے زیرتعمیر منصوبے 2028 تک مکمل ہوجائیں گے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی 2024ء) ایشیائی ترقیاتی بنک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز پر مشتمل وفد نے گذشتہ روز واپڈا ہاؤس کا دورہ کیا اور واپڈا منصوبوں کی فنانسنگ بارے تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ) ، ممبر فنانس ، جنرل منیجر (پراجیکٹس) ساؤتھ اور واپڈا کے مختلف منصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی ۔

جنرل منیجر(کوآرڈی نیشن اینڈ مانیٹرنگ ) ، جنرل منیجرفنانس (واٹر / پاور)، ایڈوائزر ( ہائیڈرو ریسورس مینجمنٹ ) اور ایڈوائزر ( ہائیڈرو پلاننگ) بھی اجلاس میں موجود تھے۔ بریفنگ کے دوران وفد کو بتایا گیا کہ پاکستان میں پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 70 ہزار میگاواٹ ہے ۔ واپڈا کے 22 پن بجلی گھر ہیں، جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت 9 ہزار 459میگاواٹ ہے ۔

(جاری ہے)

واپڈا کے زیر تعمیر پن بجلی منصوبے 2025 سے 2028-29 تک مرحلہ وار مکمل ہوں گے، جن کی تکمیل پرکم و بیش 10ہزار میگاواٹ مزید ماحول دوست اور کم لاگت بجلی حاصل ہوگی اور واپڈا کی پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت تقریباً دوگنا ہوجائے گی۔ نیشنل گرڈ میں کم لاگت پن بجلی کی موجودہ شرح 29 فی صد ہے، واپڈا اِسے 2030 تک 40 فی صد اور 2050تک 50 فی صد تک بڑھانے کے لئے پُرعزم ہے ۔

وفد کو ایشیائی ترقیاتی بنک کی معاونت سے زیر تعمیر نولانگ ڈیم ،کرم تنگی ڈیم کے دوسرے مرحلے اورپٹن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر پیش رفت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا ۔ وفد کو مہمند ڈیم ، دیا مر بھاشا ڈیم اور کیال خواڑ پراجیکٹ سمیت زیر تعمیر اور مستقبل قریب میں شروع کئے جانے والے منصوبوں میں مالی معاونت کے لئے بھی بریفنگ دی گئی۔ ممبر فنانس نے وفد کو واپڈا کی مالی حکمت عملی کے نمایاں خدو خال سے آگاہ کیا ۔

اُنہوں نے کہا کہ واپڈا عالمی بنک سمیت بین الاقوای مالیاتی اداروں کے لئے مستحکم تکنیکی اور مالی ساکھ کا حامل ادارہ ہے۔ چیئرمین نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں ایشیائی ترقیاتی بنک کو قابل قدر شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ واپڈا نے اپنے منصوبوں کی تکمیل میں بنک کے مالی تعاون سے بہت زیادہ استفادہ کیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کی سماجی اور معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ واپڈا پراجیکٹس ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات میں کمی لانے اور ماحول دوست پن بجلی کی پیداوار جیسے تزویراتی مقاصد کے حصول میں بھی نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔

چیئرمین نے تجویز پیش کی کہ ایشیائی ترقیاتی بنک واپڈا منصوبوں میں اپنی شراکت کو درمیانے درجے کے منصوبوں سے بڑے اور تزویراتی اہمیت کے حامل منصوبوں تک بڑھائے۔ وفد نے واپڈا کو ایک مستحکم حیثیت کا حامل ادارہ قرار دیا اور واپڈا کے آنے والے منصوبوں میں فنانسنگ کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments