خیبر پختونخوا کابینہ میں رد و بدل کا امکان

علی امین گنڈا پور نے کارکردگی کی بنا پر وزراء کو تبدیل کرنے کا عندیہ دے دیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 27 مئی 2024 10:58

خیبر پختونخوا کابینہ میں رد و بدل کا امکان
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی 2024ء ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کارکردگی کی بناء پر وزراء کو تبدیل کرنے کا عندیہ دیا ہے جس کے باعث صوبائی کابینہ میں رد و بدل کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کو بعض وزراء سے متعلق شکایات کیں، اس دوران ارکان اسمبلی نے کابینہ ممبران پر فون نہ اٹھانے کا بھی الزام لگایا اور گلہ کیا کہ کابینہ ممبران ملاقات کیلئے بھی میسر نہیں ہوتے جس کی وجہ سےعوام کے کام کروانا انتہائی مشکل ہوچکا ہے، سب کو جوابدہ بنایا جائے۔

ذرائع نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے ارکان اسمبلی کو یقین دہانی کرائی کہ پارٹی قائد عمران خان سے ملاقات میں وزراء کی کارکردگی پیش کروں گا، مشاورت کے بعد کابینہ ممبران سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا جب کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی کو اگر وفاق کی جانب سے 10 روز میں تبدیل نہ کیا گیا تو پلان بی پر عمل کریں گے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورنے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، جیل ذرائع نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور کی با نی پی ٹی آئی سے ایک گھنٹہ ملاقات جاری رہی، ملاقات میں خیبر پختونخواہ کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی، عمران خان اور وزیراعلی خیبر پختونخواہ کی ملاقات جیل کانفرنس روم میں کروائی گئی،علی امین گنڈا پور نے گزشتہ روز وزیر اعظم ہائوس میں ہونے والے اجلاس سے متعلق بھی بانی پی ٹی آئی کو اعتماد میں لیا ، عمران خان نے علی امین گنڈا پور کو قبل از وقت بجٹ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا او ر صوبے کی عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے پر زور دیا ۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments