پالی ہل کیس نیا رخ اختیار کر گیا، سائرہ بانو کی پراپرٹی ڈیویلپر کی طرف سے ہراساں کرنے کی شکایت، وزیراعلیٰ کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے درخواست دیدی

جمعرات 14 دسمبر 2017 15:05

پالی ہل کیس نیا رخ اختیار کر گیا، سائرہ بانو کی پراپرٹی ڈیویلپر کی طرف سے ہراساں کرنے کی شکایت، وزیراعلیٰ کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے درخواست دیدی
ممبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2017ء) بھارتی اداکار دلیپ کمار کی پالی ہل کی بیش قیمت جائیداد نے نیا تنازع کھڑا کر دیا۔ سائرہ بانو نے ریاست مہاراشڑا کے وزیراعلیٰ سے تحریری شکایت کی ہے کہ معروف بھارتی بلڈر فرم کے مالک انھیں پالی ہل کی جائیداد سے بے دخل کرنے اور جھوٹے ثبوتوں پر حاصل کرنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے ہراساں کر رہے ہیں۔

مذکورہ جائیداد جو ممبئی کے پوش علاقے جوہو کے مقام پالی ہل پر واقع ہے، کا تنازع تقریباً 11 سال تک اسی بلڈر سے عدالت میں چلتا رہا تاہم ستمبر میں بھارتی سپریم کورٹ نے 74 سالہ سائرہ بانو کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے جائیداد کا قبضہ ان کو دیدیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق سائرہ بانو نے مہارشڑا کے وزیراعلیٰ دیوندرا فیڈنویس سے ملاقات کی اور بعدازاں تحریری طور ان کو شکایت کی کہ پراجیتا ڈیویلپرز کے مالک سمیر بھوجوانی نے انھیں اور ان کے بھتیجے ریحان احمد کو فون کیا اور انھیں دھمکی دی ہے کہ وہ یہ جگہ خالی کر دیں ورنہ وہ اپنے اثر و رسوخ سے ان کو اس جائیداد سے بے دخل کر سکتے ہیں، چاہے ان کو جعلی ثبوت ہی کیوں نہ دینے پڑیں۔

(جاری ہے)

سائرہ نے کہا کہ وہ ایک سینئر شہری ہیں لہٰذا ریاست ان کو تحفظ فراہم کرے۔ پراجیتا ڈیویلپرز کو دلیپ کمار نے اس 2412 مربع گز کی جگہ کی تعمیر و ترقی کا ٹھیکا دیا تھا لیکن وہ طے شدہ وقت پر کام شروع تک نہ کرسکے اور جگہ پر جہاں ایک پرانا بنگلہ کھڑا ہے پر قبضہ بھی جما لیا تھا۔ سمیر بھوجوانی کا دعوٰی ہے کہ انھوں نے ہرگز ایسا نہیں کیا کیونکہ ابھی معاملہ عدالت سے مکمل طور خارج نہیں ہوا،سپریم کورٹ نے دلیپ کمار کو کہا ہے کہ وہ پراجیتا ڈیویلپرز کو 20 کروڑ کی ادائیگی کریں۔انھوںنے کہا کہ ان کے والد این این بھوجوانی نے یہ جائیداد 1980ء میں ایک ٹرسٹ سے خریدی تھی اور 2010ء میں یہاں موجود بنگلہ مسمار کر دیا گیا جبکہ دلیپ کمار کے ساتھ ان کا لیز کا معاہدہ ہوا تھا۔
وقت اشاعت : 14/12/2017 - 15:05:58