پاکستانی نژاد امریکی کامیڈین و اداکار کمیل ننجیانی بہترین اوریجنل اسکرین پلے رائٹنگ کی کیٹگری کے لیے نامزد

بدھ 24 جنوری 2018 13:36

پاکستانی نژاد امریکی کامیڈین و اداکار کمیل ننجیانی بہترین اوریجنل اسکرین پلے رائٹنگ کی کیٹگری کے لیے نامزد
لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جنوری2018ء) آسکرز ایورڈ 2018 کی نامزدگیوں میں پاکستانی نژاد امریکی کامیڈین و اداکار کمیل ننجیانی بہترین اوریجنل اسکرین پلے رائٹنگ کی کیٹگری کے لیے نامزد ہوگئے۔2017 میں ریلیز ہونے والی امریکی رومانوی و کامیڈی فلم دا بِگ سِک کو مائیکل شووالٹر نے ڈائریکٹ کیا تھا جبکہ کمیل ننجیانی اور ان کی اہلیہ ایمیلی وی گورڈن نے مشترکہ طور پر اس کی کہانی تحریر کی تھی لہذا ان کی اہلیہ بھی اس ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئی ہیں۔

اس فلم میں خود کمیل ننجیانی نے اداکاری بھی کی تھی جبکہ بھارتی اداکار انوپم کھیر بھی اس فلم کا حصہ تھے۔ 017 میں اس فلم کو ہالی ووڈ فلم ایوارڈز میں بھی ایک ایوارڈ دیا گیا تھا اور یہ فلم کمیل ننجیانی کی اپنی زندگی کی کہانی پر مبنی ہے کہ کس طرح ایک پاکستانی کامیڈین امریکا آتا ہے اور اسے کن چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

آسکر ایوارڈز جسے اکیڈمی ایوارڈز بھی کہا جاتا ہے، اس کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں فلم دی شیپ آف دی واٹر نے سب سے زیادہ 13 کیٹیگریز میں جگہ بنائی ہے۔

اکیڈمی ایوارڈ دنیا کا سب سے بڑا فلمی ایوارڈ ہے جس میں ہالی وڈ سمیت دنیا بھر کی فلموں کو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا جاتا ہے۔رواں سال 90 ویں آسکر ایوارڈ کی نامزدگیاں بھی جاری کردی گئی ہیں جس نے سب کو حیران کردیا ہے۔۔
وقت اشاعت : 24/01/2018 - 13:36:09