فلم’’پدماوتی‘‘ 17 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی

فلم کے حوالے سے بہت سے غلط اندازے لگائے جارہے ہیں اور کافی غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں‘لیلابھنسالی

منگل 28 مارچ 2017 11:46

فلم’’پدماوتی‘‘ 17 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2017ء)بالی ووڈ کے کامیاب ہدایت کار اور پروڈیوسر سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی فلم ’’پدماوتی‘‘ کی شوٹنگ فی الوقت جاری ہے، جسے آئے دن کسی نہ کسی مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ فلم’’پدماوتی‘‘ رواں سال 17 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔فلم ’’پدماوتی‘‘، جس کی کہانی چتور کی رانی’’پدمنی‘‘ کی زندگی پر مبنی ہے، کے خلاف ہندو انتہا پسند جماعتیں مظاہرہ کررہی ہیں، جن کا ماننا ہے کہ فلم میں ان کی رانی کی شخصیت کو غلط انداز میں پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ رواں سال کے آغاز میں جے پور میں جاری فلم کی شوٹنگ کے دوران انتہا پسند جماعت راجپوت کرنی سینا نے فلم کے سیٹ پر حملہ کیا تھا، جبکہ مشتعل افراد نے سنجے لیلا بھنسالی کو تھپڑ مارنے کے ساتھ ساتھ ان کے کپڑے بھی پھاڑ دیئے تھے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد آخر کار سنجے لیلا بھنسالی نے فلم کے خلاف جاری مظاہروں پر اپنا بیان جاری کردیا۔ رپورٹ کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ان کی فلم کے حوالے سے بہت سے غلط اندازے لگائے جارہے ہیں اور کافی غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں۔

سنجے لیلا بھنسالی کے مطابق فلم’’پدماوتی‘‘ راجپوتوں کی رانی اور ان کی عزت اور وقار پر کی گئی لڑائی کی کہانی ہے، یہ ایک ایسی فلم ہے جس پر ہر ہندوستانی کو فخر ہوگا۔واضح رہے کہ فلم’’پدماوتی‘‘ رانی پدمنی (دپیکا پڈوکون)، ان کے شوہر راجہ راول رتن سنگھ (شاہد کپور) اور علاؤ الدین خلجی (رنویر سنگھ) کے گرد گھومتی ہے۔قیاس آرائیاں تھیں کہ فلم میں رانی پدمنی اور علاؤ الدین خلجی کے درمیان نامناسب مناظر پیش کیے جائیں گے، جس کے باعث اس فلم کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔
وقت اشاعت : 28/03/2017 - 11:46:16