اردو زبان پر عبور حاصل کرنے کیلئے باقاعدہ سیکھ رہا ہوں ‘ حسن سبحانی

کتابوں کا مطالعہ کرنا اپنی عادت بنا لیا ،اردو کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات کرنیکی ضرورت ہے ‘ انٹر ویو

جمعرات 5 اپریل 2018 12:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2018ء)نامور اداکار حسن سبحانی نے کہا ہے کہ قومی زبان کو رائج کرنے کے اعلانات تو ہوتے ہیں لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوتا ،بد قسمتی سے نوجوان نسل نہ صرف اردو کی بجائے انگریز ی بولنے کو ترجیح دیتے ہیں بلکہ اس پر فخر محسوس کرتی ہے ۔ ایک انٹر ویو میں حسن سبحانی نے کہا کہ میں اپنے کرئیر میں لا تعداد پراجیکٹس کر چکا ہوں لیکن محسوس کیا ہے کہ مجھے اردو زبان پر عبور حاصل کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

اسی تناظر میں کلاسز لے رہا ہوں اور اپنے کئی ساتھیوں کو بھی اس طرف راغب کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ انٹر نیٹ کے آنے سے کتابوں کا مطالعہ ماضی بن چکا ہے لیکن جب سے اردو کی کلاسز لے رہا ہوں اس کے ساتھ مطالعہ کرنے کو اپنی عادت بنا لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اردو کو سرکاری زبان کے طور پر رائج کرنے کا حکم دے چکے ہیںاس لئے حکومت کو چاہیے کہ وہ اس کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کرے اور سرکاری خط و کتاب کو بھی انگریزی کی بجائے اردو میں کیاجائے تاکہ عوام کا بھی اس طرف رجحان ہو۔
وقت اشاعت : 05/04/2018 - 12:07:24