ادتیا پنچولی نے کنگنا رناوت کو پاگل قرار دے دیا

منگل 5 ستمبر 2017 19:25

ادتیا پنچولی نے کنگنا رناوت کو پاگل قرار دے دیا
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2017ء) بالی ووڈ اداکار ادتیا پنچولی نے کنگنا رناوت کی جانب سے الزامات کی تردید کرتے ہوئے نہ صرف انہیں پاگل قرار دیا بلکہ اداکارہ کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔بالی ووڈ کوئین کنگنا رناوت خبروں میں رہنا بخوبی جانتی ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ ہمیشہ متنازع بات ہی کرتی ہیں جسے میڈیا بھی خوب بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے، بھارتی میڈیا انڈسٹری میں اقربا پروری کی بات ہو یا بالی ووڈ خانز کے ساتھ کام نہ کرنے اعلان، یا پھر ہریتھک روشن کے ساتھ افیئر سے لے کر شادی کرنے تک کا معاملہ، کنگنا نے ہر موضوع کو اپنی شہرت کے لیے بخوبی استعمال کیا مگر حالیہ انٹریو میں وہ ادتیا پنچولی پر الزامات لگانے پر مشکل میں پھنس گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت نے بھارت کے مشہور ٹی وی شو آپ کی عدالت کے میزبان رجت شرما کو انٹریو دیتے ہوئے اپنے سابق بوائے فرینڈ ادتیا پنچولی پر الزام عائد کیا کہ وہ انہیں تشدد کا نشانہ بناتا تھا جس کی وجہ سے مجھے جوانی میں شدید صدمہ پہنچا، ادتیا نے کنگنا کے بیان پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک انٹریو میں ادتیا پنچولی نے کنگنا کو پاگل قرار دیتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں اس طرح کوئی بھی دوسروں پر الزامات نہیں لگاتا جب کہ مجھے ہریتھک روشن سمیت دیگر اداکاروں کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں البتہ میرے متعلق جو بات کہی گئی وہ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے جب کہ اس بیان سے میرا خاندان بہت متاثر ہوا ہے لہذا کنگنا کو اب یہ الزام ثابت بھی کرنا ہو گا ورنہ میں اور میری بیوی کنگنا کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔
وقت اشاعت : 05/09/2017 - 19:25:07