فلمی صنعت کے سنہری دور کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کی 34ویں برسی منائی گئی

جمعرات 23 نومبر 2017 13:44

فلمی صنعت کے  سنہری دور کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کی 34ویں برسی منائی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 نومبر2017ء) پاکستان فلم انڈسٹری کے سنہری دور کے چاکلیٹی ہیرو ‘ستارہ امتیاز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کرنے والے نامور ہیرو وحید مراد کی 34 ویں برسی جمعرات کے روز منائی گئی اس سلسلے میں شوبز سے وابستہ افراد نے ان کی یاد میں تقریبات کا اہتمام کیا اور ان کی فلم انڈسٹری میں نمایاں خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا جبکہ ان کے مداحوں نے بھی ان کے لئے دعائے مغفرت کرکے عقیدت کا اظہار کیا۔

پاکستانی فلم انڈسٹری میں چاکلیٹی ہیر و کا خطاب پانے والے وحید مراد 2 اکتوبر 1938 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے ۔وہ معروف فلمساز وتقسیم کار نثار مراد کی اکلوتی اولاد تھے جنہوں نی1960میں بطور فلم ساز پہلی فلم انسان بدلتا ہے بنا کر اپنی فلمی زندگی کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

1961 میں انہیں ایس ایم یوسف کی فلم اولاد میں ایک اہم کردار کے لیے پہلی بار کاسٹ کیا گیا اور یوں بطور اداکار وحید مراد کی پہلی فلم اولاد اگست 1962 میں ریلیز ہوئی اور گولڈن جوبلی کا اعزاز حاصل کیا۔

وحید مراد کو اصل شہرت اپنی ذاتی فلم ہیرا اور پتھر سے حاصل ہوئی جبکہ وحید مراد کو پاکستان کی پہلی پلاٹینیم جوبلی فلم ارمان کا فلم ساز، مصنف اور ہیرو ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ ی فلم 1965 میں ریلیز ہوئی اور پاکستان کی پہلی پلاٹینیم جوبلی فلم ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے اپنی ذاتی فلموں سمندر اور اشارہ میں اپنی آواز میں گانے بھی گائے اور وہ چار فلموں ارمان، احسان، اشارہ اور ہیرو کے مصنف بھی رہ چکے ہیں۔

ان کا 25 سالہ فنی سفر انتہائی کامیابیوں و کامرانیوں سے مزین رہا، وہ بیک وقت فلم ایکٹر، پروڈیوسر اور اسکرپٹ رائٹر بھی تھے۔ وحید مراد کی بہترین فلموں میں دل میرا دھڑکن تیری، ہیرا اور پتھر، ارمان، عندلیب، مستانہ ماہی ، انسانیت، دیور بھابھی و دیگر فلمیں شامل ہیں۔ وحید مراد 23 نومبر 1983 کو 45 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔
وقت اشاعت : 23/11/2017 - 13:44:56

Rlated Stars :