عائشہ خان کا شوبز کو چھوڑنے کا اعلان

سوچ سمجھ کے بعد اپنی خوشی سے میڈیا انڈسٹری کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بہترین طریقے سے خیر آباد کر نے کا فیصلہ کیا ،ْ بیان

جمعرات 1 مارچ 2018 19:41

عائشہ خان کا شوبز کو چھوڑنے کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء) پاکستانی اداکارہ و ماڈل عائشہ خان نے اچانک شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کا اعلان کرکے اپنے لاکھوں مداحوں اور چاہنے والوں کو حیران کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جوانی پھر نہیں آنی‘ میں جوہر دکھانے والی اداکارہ نے شوبز انڈسٹری کو خیرآباد کہنے کا اعلان اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں کیا۔

عائشہ خان نے اپنی پوسٹ میں اپنے مداحوں اور چاہنے والوں سمیت دوستوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی سب کو درخواست کی کہ انہیں ہمیشہ دعاؤں میں یاد رکھا جائے۔عائشہ خان نے پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے سوچ سمجھ کے بعد اپنی خوشی سے میڈیا انڈسٹری کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بہترین طریقے سے خیر آباد کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے لکھا کہ وہ اپنی زندگی کے اگلے مرحلے کیلئے انہتائی پر امید ہیں کہ وہ اطمینان بخش ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے شوبز انڈسٹری سمیت باہر کے دوستوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ کیریئر کے دوران ان کی بہت ہی بہترین افراد سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے ہمیشہ انڈسٹری میں ذمہ داری کے ساتھ پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے کی کوشش کی۔انہوںنے کہا کہ ان کے قریبی دوست جانتے ہیں کہ انہوں نے 2016 سے بہت ہی کم شوبز منصوبوں میں کام کیا اور کچھ منصوبے تو اس کیلئے تاخیر کا شکار بھی رہے جس پر وہ معزرت خواہ ہے۔

انہوں نے شوبز انڈسٹری کو خیرآباد کہنے کو اپنی نئی زندگی کی قسمت تلاش کرنے کی جستجو قرار دیتے ہوئے مداحوں، ساتھیوں اور دوستوں سے دعاؤں کی گزارش بھی کی ،ْان کی اسی پوسٹ پر کئی افراد نے انہیں بہترین اداکارہ قرار دیتے ہوئے ان کی نئی زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔پوسٹ پر کمنٹس کرنے والے کچھ افراد اور مداحوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ انہیں توقع ہے کہ وہ جلد ہی عائشہ خان کی جانب سے ایک بار پھر انڈسٹری میں آنے کا اعلان سنیں گے جس پر اداکارہ نے انہیں مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ امید ہے کہ وہ انڈسٹری میں واپس آنے کا اعلان نہیں کریں گی۔
وقت اشاعت : 01/03/2018 - 19:41:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :