جنسی طور پر پرکشش نہ ہونے کی وجہ سے مسترد کیا گیا‘بریڈلی کوپر

43 سالہ اداکار نے 50 کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں لیڈی گاگا کیساتھ فلم ’’اے اسٹار از بارن‘‘ کی جورواں ماہ 26 اکتوبر کو ریلیزہوگی یہ بریڈلی کوپر کی بھی بطور ہدایت کار یہ پہلی فلم ہوگی‘ فلم کو پہلے سے ہی بہترین قرار دیا جا رہا ہے

بدھ 3 اکتوبر 2018 12:21

جنسی طور پر پرکشش نہ ہونے کی وجہ سے مسترد کیا گیا‘بریڈلی کوپر
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2018ء) امریکی گلوکارہ و اداکارہ لیڈی گاگا کی آنے والی پہلی فلم ‘اے اسٹار از بارن’ کے ڈائریکٹر بریڈلی کوپر نے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیریئر کے ابتدائی دور میں انہیں فلموں میں کاسٹ کرنے کے لیے مسترد کردیا گیا تھا۔43 سالہ اداکار و فلم ڈائریکٹر کے مطابق انہیں بتایا گیا کہ وہ جنسی طور پر پرکشش نہیں ہیں، جس وجہ سے انہیں فلموں میں کاسٹ نہیں کیا جاسکتا۔

خیال رہے کہ بریڈلی کوپر نے اداکاری کا آغاز 1999 میں کیا،اب تک وہ 50 کے قریب فلموں،ایک درجن سے زائد ٹی وی سیریلز اور چند تھیٹرز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ان کی مشہور فلموں میں ‘ویڈنگ کریشرز، وی ہاٹ امریکن سمر، اولڈر دین امریکا، ییس مین، ویلن ٹائنز ڈے، امریکن ہسل، گارڈن آف گلیکسی، الوہا اور اوینجر انفنٹی وار‘شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بریڈلی کوپرنے کامیاب اداکاری کی بدولت متعدد ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں، جب کہ وہ فوربز اور ٹائم میگزین کی 100 متاثر کن شخصیات کی فہرست میں دو دو بار شامل ہو چکے ہیں۔اگرچہ انہوں نے 4 درجن سے زائد فلموں میں کام کیا،تاہم اب وہ پہلی بار ڈائریکٹر بنے ہیں اور انہوں نے لیڈی گاگا کے ساتھ فلم ‘اے اسٹار از بارن’ کی ہے، جسے رواں ماہ 26 اکتوبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

یہ فلم جہاں لیڈی گاگا کی بھی پہلی فلم ہے، وہیں یہ بریڈلی کوپر کی بھی بطور ہدایت کار یہ پہلی فلم ہوگی اور اس فلم کو پہلے سے ہی ایک بہترین فلم قرار دیا جا رہا ہے۔یہ فلم 1937 میں بننے والی امریکی فلم کا آفیشل ریمیک ہے، اس سے زیادہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ اس کا پہلا ریمیک 1976 میں بنایا گیا تھا، اب اسی فلم کا ریمیک تیسری بار بنایا جا رہا ہے۔فلم کی کہانی گلوکارہ کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، جسے ایک گلوکار سے محبت ہوجاتی ہے۔گلوکارہ کا کردار لیڈی گاگا جب کہ گلوکار کا کردار خود بریڈلی کوپر نے ادا کیا ہے۔
وقت اشاعت : 03/10/2018 - 12:21:52

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :