بچی کی روٹی تیار کرنے کی ویڈیو شیئر کرنے پر ابرارالحق کو تنقید کا سامنا

روٹی تیار کرنا مہارت ہے ،اس کا بچی یا بچے سے کوئی تعلق نہیں ، سوشل میڈیا صارفین

ہفتہ 27 نومبر 2021 12:58

بچی کی روٹی تیار کرنے کی ویڈیو شیئر کرنے پر ابرارالحق کو تنقید کا سامنا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) تحریک انصاف کے رہنما ابرارالحق کو ٹوئٹر پر کم سن بچی کی جانب سے روٹی تیار کرنے کی ویڈیو شیئر کرنے کے بعد تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔گلوکار و سیاستدان نے دو روز قبل ٹوئٹر پر مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں ایک بچی کو باورچی خانے میں روٹی تیار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچی چھوٹی روٹی تیار کر رہی ہیں اور اسی دوران ان کی والدہ کی آواز بھی سنائی دیتی ہے۔

مذکورہ ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے ابرارالحق نے کیپشن میں لکھا کہ 'تربیت کیلئے سب سے بہترین عمر یہی ہی'۔گلوکار کی ٹوئٹ پر درجنوں افراد نے تبصرے کیے جبکہ اسے ری ٹوئٹ بھی کیا گیا۔ان کی ویڈیو پر کمنٹ کرنے والے زیادہ تر افراد نے گلوکار کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں یاد دلایا کہ روٹی تیار کرنا ایک مہارت ہے اور اس کا بچی یا بچے سے کوئی تعلق نہیں اور ساتھ ہی کچھ افراد نے لکھا کہ انہیں ویڈیو پر کوئی اعتراض نہیں مگر گلوکار نے جو کیپشن لکھا ہے وہ مناسب نہیں۔

(جاری ہے)

ان کی ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے صحافی و بلاگر مہوش اعجاز نے انہیں یاد دلایا کہ روٹی پکانے کا تعلق کسی مخصوص صنف سے نہیں بلکہ یہ ایک مہارت ہے۔انہوں نے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کاش یہی تربیت لڑکوں کو بھی دی جاتی اور ہم سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیوز بنا کر لوگوں کو فخر سے دکھاتے۔ایک اور صارف نے گلوکار کی ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کی بات کو درست قرار دیا، تاہم ساتھ ہی انہیں طعنہ دیا کہ وہ دونوں صنف لکھنا بھول گئے۔جہاں لوگوں نے ان پر تنقید کی، وہیں بعض لوگوں نے ابرارالحق کے حق میں بھی کمنٹ کیے اور لکھا کہ گلوکار کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد اب لبرلز اور فیمنسٹ افراد آگ بگولہ ہوجائیں گے۔
وقت اشاعت : 27/11/2021 - 12:58:23

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :