ایرانی فلمسازوں نے جوہری پروگرام کے معاہدے کی تکمیل کی مہم چلا دی

جمعہ 3 اکتوبر 2014 15:53

ایرانی فلمسازوں نے جوہری پروگرام کے معاہدے کی تکمیل کی مہم چلا دی

تہران (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 اکتوبر۔2014ء)ایران کے چھ مشہور فلم سازوں نے ایک مہم چلائی ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کو ایران کے متنازع جوہری پروگرام کے مستقل حل کے معاہدے پر پہنچنا چاہیے۔ ان چھ ڈائریکٹروں میں عباس کیارستمی اور اکیڈیمی ایوارڈ یافتہ اصغر فرہادی شامل ہیں۔ اصغر فرہادی نے 2012 میں ایران کے لیے پہلا آسکر ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ ’کوئی بھی معاہدہ معاہدہ نہ ہونے سے بہتر ہے۔

(جاری ہے)

وہ کہتے ہیں کہ ایران پر لاگو ہونے والی بین الاقوامی پابندیوں سے جوہری پروگرام کو نقصان پہنچنے کی بجائے ایرانیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ مہم ایران اور دیگر ممالک کے دوران ہونے والے مذاکرات کے دوران چلائی جا رہی ہے جن کی آخری تاریخ 24 نومبر ہے۔

ایرانی مذاکرات کار چاہتے ہیں کہ گذشتہ سال کے معاہدے کی طرح اس سال بھی ایران کو مزید فوائد ملیں۔ پچھلے معاہدے کے تحت ایران کو یورینیئم کی افزودگی کو روکنے کے بدلے میں اس پر پابندیاں جزوی طور پر اٹھا دی گئی تھیں۔ عالمی طاقتوں کو ایران پر ایک عرصے سے شک ہے کہ ایران جوہری ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس کی جوہری سرگرمیاں پرامن مقاصد کے لیے ہوتی ہیں۔

وقت اشاعت : 03/10/2014 - 15:53:15