کیریئرکی ابتدا میں ساتھ چھوڑنے والی لڑکی اپنے عمل پرشرمندہ تھی، متھن چکرورتی

متھن چکرورتی کو 1970 کے عشرے کے آخر اور 1980 کے اوائل میں بالی ووڈ کا ڈسکوڈانسرکہا جاتا تھا

منگل 14 مئی 2024 13:57

کیریئرکی ابتدا میں ساتھ چھوڑنے والی لڑکی اپنے عمل پرشرمندہ تھی، متھن چکرورتی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) متھن چکرورتی کا شمار بالی ووڈ کے سینئر اداکاروں میں ہوتا ہے لیکن ایک وقت ایسا بھی تھا جب انھیں فلمی دنیا میں اپنی جگہ بنانے کیلیے سخت جدوجہد کرنا پڑی تھی۔ حال ہی میں انھوں نے اقرار کیا کہ انکا دل اس وقت ٹوٹ گیا جب انکی اس زمانے کی گرل فرینڈ نے برے وقت میں ساتھ چھوڑ دیا تھا۔73 سالہ سینئر اداکار نے یہ انکشاف ایک رئیلٹی ٹی وی شو’’سارے گا ما پا‘‘ میں شریک ایک کنٹسٹنٹ سے گفتگو کے دوران کیا۔

انھوں نے ماضی کے اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ میرے ساتھ بھی کچھ ایسا ہوا کہ عشق کر بیٹھا اور پاگل ہوگیا تھا۔ پھر ایک دن وہی ہوا کہ لڑکی چھوڑ کر چلی گئی۔ بعد میں وقت بدلا، میں اسٹار سے سپر اسٹار اور مہا سپر اسٹار بن گیا۔

(جاری ہے)

کئی سال بعد وہ لڑکی ایک جہاز میں ملی لیکن وہ مجھ سے نگاہیں نہیں ملا پارہی تھی، میں اٹھا اور اسکے پاس گیا اور پوچھا کہ نظر کیوں نہیں ملا رہی اس نے چہرہ پھیر لیا، تو میں سمجھا کہ اسے اپنی غلطی کا احساس ہوا ہے، اسکی شرمندگی ختم کرنے کیلیے میں نے اس سے کہا کہ جو کچھ تم اس وقت میرے ساتھ کیا وہ درست تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے ان الفاظ سے اس لڑکی کی شرمندگی میں کمی ہوئی۔ جس کے بعد وہ میرے سامنے پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی اور پھر اس نے کہا کہ وہ سمجھتی ہے اس نے انھیں (متھن چکرورتی) چھوڑ کر غلطی کی۔اس پر میں نے اسے جواب دیا کہ تم اگر ایسا نہ کرتیں تو پھر شاید میں لیجنڈ نہیں بن پاتا۔متھن چکرورتی کو 1970 کے عشرے کے آخر اور 1980 کے اوائل میں بالی ووڈ کا ڈسکو ڈانسر کہا جاتا تھا۔
وقت اشاعت : 14/05/2024 - 13:57:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :