6 ججز کے خط پر اب تک اٹھائے جانیوالے اقدامات ناکافی، غیرمؤثر اور عدلیہ کے مستقبل کیلئے نہایت خطرناک ہیں

اب تک کی کارروائی معاملے کو سرد خانے کی نذر کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے، چیف جسٹس کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر فل کورٹ تشکیل نہ دیے جانے پر تحریک انصاف کا ردعمل

muhammad ali محمد علی ہفتہ 27 اپریل 2024 00:48

6 ججز کے خط پر اب تک اٹھائے جانیوالے اقدامات ناکافی، غیرمؤثر اور عدلیہ کے مستقبل کیلئے نہایت خطرناک ہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل2024ء) چیف جسٹس کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر فل کورٹ تشکیل نہ دیے جانے پر تحریک انصاف کا ردعمل، کہا 6 ججز کے خط پر اب تک اٹھائے جانیوالے اقدامات ناکافی، غیرمؤثر اور عدلیہ کے مستقبل کیلئے نہایت خطرناک ہیں، اب تک کی کارروائی معاملے کو سرد خانے کی نذر کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط پر سپریم کورٹ کا فل کورٹ تشکیل نہ دیے جانے پر شدید ردعمل دیا ہے۔ ترجمان تحریک انصاف کی جانب سے جاری تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط پر کی جانے والی اب تک کی کارروائی، معاملے کو سرد خانے کی نذر کرنا ایک سوچی سمجھی سازش ہے ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کا خط ایک نہایت سنجیدہ، حسّاس اور سنگین نوعیت کا معاملہ ہے، چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے معاملے پر اب تک اٹھائے جانیوالے اقدامات ناکافی، غیرمؤثر اور عدلیہ کے مستقبل کیلئے نہایت خطرناک ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز نے اپنے خط میں جو بنیادی معاملہ اٹھایا اس پر کسی سنجیدہ اقدام کی بجائے چیف جسٹس نے اپنے خطبے میں اس کی نفی کرنے کی کوشش کی۔ ترجمان پی ٹی آئی کا مزید کہنا ہے کہ ریاستی اداروں خصوصاً عدلیہ اور انتظامیہ میں خفیہ ایجنسیوں کے اہلکاروں کی غیرقانونی مداخلت ملک و قوم کیلئے تباہی کے دروازے کھول رہی ہے، انٹیلیجنس ایجنسیوں کی مداخلت عوامی مینڈیٹ کی کھلی توہین کے ذریعے پاکستان میں جمہوریت کی قبر کھود رہی ہے جس کی گواہی کمشنر راولپنڈی نے پوری دنیا کے سامنے دی۔

پاکستان تحریک انصاف نے عدلیہ کی آزادی کیلئے 2008 کے عام انتخابات کا بائیکاٹ کیا جبکہ بانی چیئرمین عمران خان سمیت سینکڑوں کارکنان نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ تاریخ کے بدترین ریاستی جبر و فسطائیت کا نشانہ بننے اور ناحق قید میں ڈالے جانے کے باوجود بھی بانی چیئرمین عمران خان اور تحریک انصاف عدلیہ کی آزادی اور ملک میں قانون کی حکمرانی کیلئے لازوال قربانیاں پیش کررہے ہیں۔

بانی چیئرمین عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان کے نام جیل سے بھجوائے گئے اپنے مکتوب میں بھی ان سے معاملے پر مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے مجموعی طرزِ عمل اور ججز کے خط پر اب تک کی جانے والی کارروائی پر قوم ہرگز مطمئن نہیں، عدلیہ کی آزادی اور شہریوں کو فراہمی انصاف سے جڑے اس سنگین نوعیت کے معاملے پر 3، 5 اور 7 رکنی بنچ کی بجائے کم از کم فل کورٹ کی تشکیل بنیادی ضرورت ہے۔ چیف جسٹس صاحب سنجیدہ اور حساس ترین معاملات کو خطبوں کی نذر کرنے کی بجائے اپنے منصبی فرائض،دستور اور عدلیہ کے مفادات کو پیشِ نظر رکھ کر سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments