پنجاب حکومت نے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ کر دیا

صوبے بھر کے تمام نجی اور سرکاری اسکول موسم گرما کی تعطیلات کے سلسلے میں 31 اگست تک بند رہیں گے

muhammad ali محمد علی جمعرات 7 اگست 2025 18:39

پنجاب حکومت نے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست2025ء) پنجاب حکومت نے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام نجی اور سرکاری اسکولوں میں جاری موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبے بھر کے تمام نجی اور سرکاری اسکول موسم گرما کی تعطیلات کے سلسلے میں 31 اگست تک بند رہیں گے۔

اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ صوبہ پنجاب میں سکولوں کی چھٹیوں میں 31 اگست تک توسیع کرنے کی تجویز پر غور شروع کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے سکولوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا اختتام قریب ہے لیکن فی الحال 15 اگست سے سکول دوبارہ کھولنے سے متعلق کوئی بھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ذرائع نے بتایا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن صوبہ پنجاب میں گرمیوں کی چھٹیوں میں 31 اگست تک توسیع دینے پر غور کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے محکمہ تعلیم کے حکام نے موقف اختیار کیا کہ ’موجودہ موسم میں جاری شدید گرمی اور حبس بچوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، جس کی وجہ سے صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تعطیلات میں اضافے کی تجویز زیر غور ہے‘، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ ’گرمیوں کی چھٹیوں سے متعلق حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا، سکولوں سے متعلق کوئی بھی فیصلہ موجودہ موسم، والدین کی آراء اور محکمہ موسمیات کی رپورٹس کی روشنی میں جلد متوقع ہے۔

جبکہ اب وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے ایکس پر اپنے پیغام میں سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات میں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں نجی و سرکاری اسکول یکم ستمبر کو کھلیں گے۔ خیال رہے کہ حکومت پنجاب نے 28 مئی سے سکولوں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کیا تھا، محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے تحت سکولز میں 28 مئی سے 14 اگست تک موسم گرما کی تعطیلات دی گئیں اور پنجاب بھر کے تمام سکولز 15اگست سے دوبارہ کھولنے کا کہا گیا تھا۔

دوسری طرف صوبہ سندھ اور بلوچستان میں گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہو چکی ہیں اور دونوں صوبوں میں تعلیمی ادارے یکم اگست سے دوبارہ کھل چکے ہیں، جس کے ساتھ ہی سندھ اور بلوچستان میں تدریسی عمل کا آغاز بھی ہو چکا ہے، محکمہ تعلیم سندھ نے 1 جون سے 31 جولائی تک چھٹیوں کا اعلان کیا تھا ، چھٹیاں ختم ہونے کے بعد بچے یکم اگست سے واپس سکول آنا شروع ہوگئے جب کہ کراچی میں زیادہ تر نجی سکولز 4 اگست سے کھولے گئے ہیں۔

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں :

Your Thoughts and Comments