دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے میں سعودی عرب اپنی فلم انڈسٹری سے متعلق عالمی توجہ حاصل کرنے کے لیے پہنچ گیا

کانز فلم فیسٹول میں اپنا پہلا پویلین قائم کر کے بین الاقوامی فلم انڈسٹری میں قدم رکھ دیا

ہفتہ 12 مئی 2018 19:29

دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے میں سعودی عرب اپنی فلم انڈسٹری سے متعلق عالمی توجہ حاصل کرنے کے لیے پہنچ گیا
کانز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے میں سعودی عرب اپنی فلم انڈسٹری سے متعلق عالمی توجہ حاصل کرنے کے لیے پہنچ گیا اور کانز فلم فیسٹول میں اپنا پہلا پویلین قائم کر کے بین الاقوامی فلم انڈسٹری میں قدم رکھ دیا۔ بین الاقوامی پروڈکشن ہاسز کی توجہ عرب قوم کی جانب دلانے کے لیے ملک کی نو تشکیل شدہ قومی فلم آرگنائزیشن، دی سعودی فلم کونسل نے سعودی عرب میں فلم کی شوٹنگ کرنے پر عائد محصولات میں 35 فیصد اور مقامی نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے پر 50 فیصد چھوٹ دینے کا اعلان کردیا۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل کلچرل اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو احمد المزید کا کہنا تھا سعودیہ میں شوٹنگ کے آغاز کے بعد ہم خطے میں موجود دیگر انڈسٹریز کے مقابلے میں اہم کھلاڑی بن کر ابھریں گے، ہم دنیا کو سعودیہ میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے صحافیوں کی جانب سے بار بار خواتین سے متعلق سوال کیا جاتا رہا جس کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ فلم میں خواتین کے لباس کے استعمال کے حوالے سے معاشرے میں قابل قبول قواعد وضوابط کا جلد اعلان کیا جائے گا، انہوں نے خواتین کو رواں سال جون میں ملنے والی ڈرائیونگ کی اجازت کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ سعودیہ تبدیل ہورہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں مووی ٹریننگ کے پہلے پروگرام میں بھی آدھی تعداد خواتین کی ہے۔خواتین فلم میکرز کو میسر آزادی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں احمد المزید کا کہنا تھا کہ آج پوچھے جانے والے 70 فیصد سوالات خواتین کے بارے میں ہیں، زیادہ تر لوگوں کے ذہنوں میں سعودی عرب کا وہ تاثر قائم ہے جو 2015 میں میڈیا میں دکھایا جاتا تھا۔۔
وقت اشاعت : 12/05/2018 - 19:29:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :