مسٹری فلموں کے مداحوں کیلئے فلم ’’گلاس‘‘ کا ٹریلر ریلیز

یہ فلم 18 جنوری 2019 کو ریلیز کی جائے گی

پیر 23 جولائی 2018 12:14

مسٹری فلموں کے مداحوں کیلئے فلم ’’گلاس‘‘ کا ٹریلر ریلیز
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) سکستھ سنس’ان بریک ایبل’سائنز اوراسپلٹ جیسی فلمیں بنانے والے ڈائریکٹر ایم نائٹ سیامالن 18 برس کے بعد سب سے بڑے شاکنگ ٹوئسٹ کے ساتھ واپس آرہے ہیں اور ان کی نئی فلم ’’گلاس‘‘ کا ٹریلر سامنے آگیا ہے اور وہ چونکا دینے والا ہے۔یہ فلم درحقیقت ڈائریکٹر کی 2 فلموں اسپلٹ اور ان بریک ایبل کا سیکوئل ہے۔

جی ہاں ایک فلم میں 2 فلموں کی کہانیوں کو اکھٹا کرنے کا تجربہ کیا جارہا ہے۔فلم اسپلٹ جنوری 2017 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں ولن کو ایسا کردار دکھایا گیا تھا جس کے اندر 24 شخصیات چھپی ہوتی ہیں۔اسی طرح 2000 میں ریلیز ہونے والی ان بریک ایبل ایک مختلف انداز کی سپر ہیرو فلم تھی جس میں مرکزی کردار ایسا سیکیورٹی گاڑ ہوتا ہے جس کے اندر ایک تباہ کن حادثے کے بعد ماورائی طاقتیں پیدا ہوجاتی ہیں، جبکہ ولن ایسا کردار ہوتا ہے جس کی ہڈیاں اتنی کمزور ہوتی ہیں جیسے گلاس یا شیشہ، مگر وہ ہیرو کو تگنی کا ناچ نچا دیتا ہے۔

(جاری ہے)

اس فلم کے ٹریلر میں اسپلٹ اور ان بریک ایبل کے تینوں کردار ایک مینٹل ہاسپٹل میں دکھائے گئے ہیں جہاں ایک خاتون ان تینوں کا علاج کررہی ہے۔فلم کے ٹائٹل کو دیکھ کر عندیہ ملتا ہے کہ اس بار فلم میں ایلجاہ پرائس عرف گلاس (سیموئیل ایل جیکسن) کا کردار ڈیوڈ ڈیون (بروس ولز) اور دی ہورڈے (جیمز میکووی) سے زیادہ اہم ہوگا۔یہ فلم 18 جنوری 2019 کو ریلیز کی جائے گی۔
وقت اشاعت : 23/07/2018 - 12:14:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :