بالی ووڈ کے سنجو بابا ایک بار پھر مشکل میں پھنس گئے

ممبئی ہائی کورٹ نے مہاراشٹر حکومت سے سنجے دت کو 8 ماہ قبل جیل سے رہا کرنے پر جواب طلب کرلیا

منگل 13 جون 2017 19:47

بالی ووڈ کے سنجو بابا ایک بار پھر مشکل میں پھنس گئے
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2017ء) بالی ووڈ کے سنجو بابا ایک بار پھر مشکل میں پھنس گئے ہیں اوراس بار ان کی مشکل کچھ پرانی مشکلات ہی کی طرح ہیں جہاں ممبئی ہائی کورٹ نے مہاراشٹر حکومت سے سنجے دت کو 8 ماہ قبل جیل سے رہا کرنے پر جواب طلب کرلیا ہے۔بھارتی فلم انڈسٹری میں سنجو بابا کے نام سے مشہور اداکار سنجے دت کی زندگی مسلسل اتار چڑھاؤ کا شکار نظر آتی ہے، سنجے دت کو 1993 میں ممبئی حملہ کیس میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں عدالت نے 5 سال قید کی سزا سنائی تھی، اپنی سزا کا زیادہ تر دورانیہ انہوں نے ضمانت پرجیل سے باہر گزارا جب کہ ان کی سزا کے آخری 8 ماہ اچھے برتاؤ کی وجہ سے ختم کرکے انہیں رہا کردیا گیاتھا۔

جیل سے قبل از وقت رہائی کی وجہ سے سنجے دت کے مداحوں سمیت بھارتی فلمسازوں میں بھی خوشی کی لہر دوڑگئی تھی اور جیل سے باہر آنے کے فوراً بعد ان کے سامنے فلمسازوں کی لائنیں لگ گئیں جو انہیں اپنی فلموں میں کاسٹ کرنا چاہتے تھے، سنجے نے بھی جیل سے باہر آنے کے بعد اپنے کیرئیرپرتوجہ دینی شروع کرکے فلم ’’بھومی‘‘ سائن کرلی جس کی آدھی سے زیادہ شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اب اچانک ممبئی ہائی کورٹ نے سنجے دت کی قبل ازوقت رہائی پر نوٹس لیتے ہوئے مہاراشٹر حکومت سے اداکارکے کیس کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے چند سوالات پوچھے ہیں۔ ہائی کورٹ نے پوچھا کہ اداکار سنجے دت کو کس بنیاد پر قبل از وقت رہائی دی گئی، انہوں نے اپنی سزا کا زیادہ حصہ ضمانت پر جیل سے باہر گزارا لہٰذا حکام کو کب وقت ملا کہ وہ ان کے اچھے برتاؤ کا اندازہ کرپائیں، ممبئی ہائی کورٹ کے جج جسٹس ساونت اورجسٹس سادھنا کا کہنا تھا کہ کیا ڈی آئی جی سے اس معاملے پر مشورہ کیا گیا تھا یا پھر جیل سپر ٹنڈنٹ نے سیدھا اداکار کی رہائی کا پروانہ گورنر کو بھیج دیا تھا، کورٹ نے حکومت کو تین ہفتوں کے اندر اندر ان تمام سوالوں کے جوابات دینے کی ہدایت کی ہے۔۔
وقت اشاعت : 13/06/2017 - 19:47:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :