شاہ رخ نے شادی کی رات بھی فلم سیٹ پر گزاری

ان دنوں میری پہلی فلم کی شوٹنگ جاری تھی ، شاہ رخ خان پہلی آئی تو سلمان خان کے والد سمیت راکیش روشن اور دیگر افراد نے کہا تم بڑے اسٹار بنوگے ، انٹرویو

ہفتہ 15 جولائی 2017 18:11

شاہ رخ نے شادی کی رات بھی فلم سیٹ پر گزاری
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2017ء) بالی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کو فلم انڈسٹری میں 25 برس مکمل ہوگئے ، گزشتہ برس ہی انہوں نے اپنی شادی کی سلور جوبلی بھی منائی۔فلم انڈسٹری میں اپنے 25 سال مکمل ہونے اور ازدواجی زندگی کی سلور جوبلی پوری ہونے کے موقع پر بھارتی نشریاتی ادارے 'ڈی این اے انڈیا' نے شاہ رخ خان سے ان کی زندگی کے یادگار لمحات جاننے کے حوالے سے گفتگو کی۔

شاہ رخ خان نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا راز بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے شادی کی رات بھی فلم سیٹ پر گزاری ، کیوں کہ ان دنوں ان کی پہلی فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔کنگ خان کے مطابق جس دن ان کی شادی ہوئی ،اسی دن ہی وہ ممبئی منتقل ہوئے اور ان کا یہ فیصلہ بہت بڑی تبدیلی ثابت ہوا۔شاہ رخ خان نے بتایا کہ آج تک انہوں نے اپنی ڈیبیو فلم دیوانہ نہیں دیکھی کیونکہ گوری خان نے انہیں یہ فلم دیکھنے ہی نہیں دی۔

(جاری ہے)

شاہ رخ خان کے مطابق انہیں اپنے خلاف سب سے زیادہ نفرت انگیز الفاظ فلم راجو بن گیا جنٹلمین کی ریلیز کے وقت ایک صحافی کی جانب سے سننے کو ملے لیکن پھر تھوڑی ہی دیر میں انہوں نے اپنے حوصلے بلند رکھے اور دل میں کہا کہ یہ اہم نہیں کہ لوگ میرے بارے میں کیا سوچتے ہیں ،اہم یہ ہے کہ میں کیا ہوں۔رومانوی ہیرو کے طور پر مشہور اداکار نے کہا کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی کامیابی ان کے تین بچے ہیں ، جو آج بڑے ہوچکے ہیں، جن سے وہ اور گوری خان باتیں کرتے ہیں۔

شاہ رخ خان نے بتایا کہ ان کی اور گوری خان کی خواہش تھی کہ ان کے ہاں سب سے پہلے بیٹی پیدا ہو، مگر سہانا دوسرے نمبر پر ان کی زندگی میں آئی۔انہوں نے اپنی بیٹی کی پیدائش کے وقت کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب سہانا پیدا ہوئی تو گوری خان نے پوچھا کہ کیا یہ تمہاری طرح دکھ رہی ہی اسی وقت سہانا مسکرائی تو اس کے گالوں پر ڈمپل بنے اور میں نے کہاہاں یہ میری طرح ہی دکھتی ہے۔

اپنی پسندیدہ فلم کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ انہیں کبھی ہاں، کبھی ناں پسند ہے، مگر ان کی نظر میں دل والے دلہنیا لے جائیں گے اور کچھ کچھ ہوتا ہے سب سے بہترین اور ہمیشہ یاد رہنے والی فلمیں ہیں۔شاہ رخ خان کے مطابق انہیں یاد نہیں کہ انہوں نے آج تک کتنی فلموں میں کام کیا، تاہم جب ان کی پہلی فلم آئی تو سلمان خان کے والد سمیت راکیش روشن اور دیگر افراد نے انہیں کہا کہ تم بڑے اسٹار بنوگے۔
وقت اشاعت : 15/07/2017 - 18:11:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :