ممتاز اداکار قوی خان 85 برس کے ہو گئے

پیر 13 نومبر 2017 20:05

ممتاز اداکار قوی خان 85 برس کے ہو گئے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2017ء) ممتاز فلم اور ٹیلی ویژن اداکار قوی خان پیر کو 85 برس کے ہو گئے۔ قوی خان 13 نومبر 1935 کو پشاور میں پیدا ہوئے اور کم عمری میں چائلڈ ایکٹر کے طور پر ریڈیو پاکستان کے ڈراموں سے کام شروع کیا۔ بعد ازاں 1964ء میں ان کے اہل خانہ لاہور آ گئے۔ پاکستان ٹیلی ویژن نے 1964ء میں جب لاہور سے اپنی پہلی نشریات کا آغاز کیا تو وہ پی ٹی وی سے منسلک ہو گئے اور پی ٹی وی کے پہلے اداکار کے طور پر انہوں نے 1965ء سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔

قوی خان نے 1984-85ء میں ڈرامہ سیریل اندھیرا اجالا سے نام کمایا اور اپنے ساتھی اداکاروں عرفان کھوسٹ اور مرحوم جمیل فخری اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے۔ قوی خان نے 200 فلموں اور لاتعداد ٹی وی ڈراموں میں کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کی چند شہر آفاق فلموں میں محبت زندگی ہے، سوسائٹی گرل، چن سورج، سرفروش، کالے چور، زمین آسمان، انٹرنیشنل لاٹری، رانگ نمبر، مہر النساء اور پری شامل ہیں۔

ان کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں اندھیرا اجالا، دو قدم دور تھے، لاہوری گیٹ، مٹھی بھر مٹی، من چلے کا سودا، میرے قاتل، میرے دلدار، پھر چاند پہ دستک، در شاہوار، زندگی دھوپ تم گھنا سایہ، بیٹیاں داستان، ایک نئی سندریلا، صدقے تمہارے، تم کون پیا، سہلیاں، نظر بد اور الف اللہ اور انسان شامل ہیں۔ 1980ء میں قوی خان کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا اور 1969 اور 1976ء میں بننے والی بہترین فلموں بہو رانی، آج اور کل اور پرکھ میں معاون اداکار کے طور پر کام کرنے پر 3 نگار ایوارڈوں سے نوازا گیا۔
وقت اشاعت : 13/11/2017 - 20:05:59