عدنان صدیقی نے خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کے خلاف آواز اٹھا دی

منگل 9 اکتوبر 2018 19:00

عدنان صدیقی نے خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کے خلاف آواز اٹھا دی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اکتوبر2018ء) نامور پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کے خلاف آوازاٹھاتے ہوئے جنسی ہراسانی کے عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔نامور پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پوسٹ پر خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کے حوالے سے اپنی رائے کااظہار کیا ہے، انہوں نے تنوشری دتہ کا نام لیے بغیر لکھا میں نے حال ہی میں بھارت میں ہونے والے جنسی ہراسانی کے واقعات کے متعلق پڑھا جن میں سے کچھ متاثرہ خواتین نے بہت لمبے عرصے بعد اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے خلاف آواز اٹھائی، میں کہنا چاہتا ہوں کہ یہ ان خواتین کی جانب سے اٹھایا جانے والا بہت بہادرانہ قدم ہے۔

عدنان صدیقی نے لکھا اس طرح کے واقعات کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے بہت ہمت اور جرات چاہیے ہوتی ہے، انہوں نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا اگر کوئی آپ کو ہراساں کررہا ہیتو مہربانی کرکے اس کے خلاف آواز اٹھائیں کیونکہ چپ رہ کر آپ اس شخص کو یہی سب کسی دوسری لڑکی کے ساتھ کرنے کے لیے بڑھاوا دے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اداکار عدنان صدیقی نے مزید لکھا کہ میری یہ پوسٹ لکھنے کا مقصد صرف یہ تھا کہ ہمارے آس پاس بہت ساری خواتین ہیں جو جنسی ہراسانی کے خلاف آواز نہیں اٹھاپاتیں۔ تاہم معاشرے کو ان متاثرہ خواتین کی مدد کرنی ہوگی تاکہ وہ اپنے ساتھ پیش آئے واقعے کو دنیا کے سامنے لا سکیں اور مجرم کو سزا مل سکے۔

وقت اشاعت : 09/10/2018 - 19:00:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :