تقسیم ِہند، محبت اور ’داستان‘

بدھ 8 مئی 2013 14:12

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 8مئی 2013ء)پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سرحدیں بنیں تو خاندان اور محبتیں بھی تقسیم ہوگئیں۔ کچھ تڑپتے دل سرحد کے اس پار رہ گئے تو کچھ ادھر آگئے لیکن ان کے درمیان تڑپ کا رشتہ برقرار رہا۔سرحدوں کے درمیان بٹی ہوئی انہی محبتوں اور رشتوں پر اب تک بے شمار کہانیاں نت نئے طریقوں سے لکھی جاچکی ہیں۔

چونکہ یہ موضوع پڑھنے والوں کے لئے آج بھی بہت زیادہ دلچسپی کا باعث ہے لہذا ایسی کہانیاں اب بھی خوب پذیرائی پاتی ہیں۔نجی ٹی وی چینل ”ہم “ سے پیش کی جانے والی نئی ڈرامہ سیریل ”داستان“ بھی ایسے ہی کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو سرحدوں کے دونوں جانب تقسیم ہوگئے۔اس کہانی کا ایک کردار بانو بھی ہے جو لدھیانہ میں اپنی فیملی کے ساتھ رہتی ہے۔

(جاری ہے)

بانو اپنی بھابھی کے بھائی حسین سے محبت کرتی ہے۔ حسین علیحدہ وطن کے لئے جنگ لڑرہا ہے۔ لیکن بانو کا بھائی سلیم تقسیم کے خلاف ہے۔نظریاتی اختلافات کی وجہ سے ہی سلیم کا خاندان تقسیم کے وقت ہندوستان میں رہ جاتا ہے جبکہ حسین پاکستان ہجرت کرجاتا ہے۔ اس دوران سلیم کے خاندان کو بہت سی سخت آزمائشوں سے بھی گزرنا پڑتا ہے جبکہ سب سے زیادہ آزمائش کا شکار ہوتی ہے خود بانو۔

جس کی زندگی سے بہاریں روٹھ جاتی ہیں اور۔ اسے ہر روز ایک نئے طوفان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔”داستان “ اردو ادب کی نامور مصنفہ رضیہ بٹ کے ناول سے ماخوذ ہے جس کی ڈرامائی تشکیل کی ہے سمیرہ افضل نے۔ اس ڈرامے کی ہدایات دی ہیں ہائصم حسن نے جبکہ پروڈکشن کے فرائض انجام دیئے ہیں میمونہ درید نے۔کاسٹ میں شامل ہیں فواد خان، صنم بلوچ، صبا پرویز، مہرین راحیل، قوی خان، احسن خان، ثمینہ پیرزادہ، سنگیتا، خیام سرحدی، صبا قمر، ببرک شاہ اور اسماء انصاری۔
وقت اشاعت : 08/05/2013 - 14:12:25

Rlated Stars :